دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں
کنزُ المدارس بورڈ کے تحت سالانہ” Award Ceremony 2025 “ کا انعقاد
1500 ویں جشنِ ولادتِ مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے موقع پر کنزُ المدارس بورڈ (دعوتِ اسلامی) کے زیرِ اہتمام 09 ستمبر 2025ء کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ”Annual Award Ceremony“ منعقد ہوا۔ پروگرام میں سیّد یوسف رضا گیلانی(چیئرمین سینٹ و سابق وزیر اعظم)، شیخ شکر اللہ عمروف (پرنسپل مرکز الامام البخاری ریسرچ سینٹر شعبہ رابطہ اُمور خارجیہ)، عبد الحی بن علی مردان (ریسرچر)، سردار محمد یوسف (وزیر مذہبی امور)، ڈاکٹر ظہیر حمداللہ زید (فلسطینی سفیر)، کنز المدارس بورڈ، دارُالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، دارُ المدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول، جامعۃُ المدینہ، مدرسۃ ُ المدینہ کےممبران، مختلف یونیورسٹیز و کالجز کے پرنسپل و پروفیسرز، اراکینِ شوریٰ، جامعاتِ اہلسنّت کے علمائے کِرام، اسٹوڈنٹس اور کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔ تقریب کی ابتدا میں رکنِ شوریٰ حاجی محمد اظہر عطاری نے پروگرام منعقد کرنے کا مقصد، کنزُ المدارس بورڈ کے تحت قائم ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹس کا تعارف اور مولودُ النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے حوالے سے مدلّل گفتگو کی، اس کے علاوہ رکنِ شوریٰ نے اسٹوڈنٹس کی اہمیّت کو بیان کیا۔ مختصر تعارف کے بعد تلاوتِ قراٰن اور بارگاہِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں ہدیۂ نعت کا نذرانہ پیش کرنے سے عظیمُ الشان پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ ایوارڈ سریمنی میں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی کا خصوصی خطاب ہوا۔ بیان میں نگرانِ شوریٰ نے آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی کمال فراست، آپ کے بہترین فیصلے اور آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کےاخلاق پر گفتگو کرتے ہوئے شُرکا کو کالج و یونیورسٹی میں سیرتِ مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پڑھنے/پڑھانے کا ذہن دیا کیونکہ آج جو اسٹوڈنٹس ہے آگے جاکراُس نے کسی نہ کسی فیلڈ کو جوائن کرنا ہےجب تک ہم سیرتِ مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا مطالعہ نہیں کریں گے اس وقت تک ہم خود کو دُرست راستے کی طرف لا ہی نہیں سکتے۔ بیان کے بعد کنزُ المدارس بورڈ اور اس کے تعلیمی نظام، مرکزُ الاقتصاد الاسلامی، اسلامک ریسرچ سینٹر (المدینۃ العلمیۃ) اور فیضان آن لائن اکیڈمی کی بذریعہ ویڈیو پریزنٹیشن بھی دکھائی گئی۔ تمام مراحل کے بعد کنزُ المدارس بورڈ کے تحت 2022ء تا 2025ء تک مختلف سطح پر ہونے والے امتحات میں حصّہ لے کر نمایاں پوزیشن لینے والے اسٹوڈنٹس، اکیڈمک ایجوکیشن بورڈ کے پوزیشن ہولڈرز، کنزُ المدارس بورڈ میں عمدہ کارکردگی کے حامل ممبران اور مختصر دنوں میں حفظِ قراٰن مکمل کرنے والے طَلَبہ میں Appreciation letter اور ایوارڈ تقسیم کئے گئے۔
FGRF کاخیبر پختونخواہ اور پنجاب میں فلاحی اقدام متأثّرین میں پکے ہوئے کھانے اور خشک راشن کی تقسیم کاری
14 اور 15 اگست 2025ء کو ہونے والی تیز بارش اور بادل پھٹنے (Cloudburst) کے سبب خیبر پختونخواہ کے مختلف اضلاع بالخصوص ضلع بونیر، اس کے علاوہ مختلف اوقات میں سیلاب کی وجہ سے پنجاب میں کئی دیہات، گاؤں اور رہائشی علاقے زیرِ آب آگئے۔ کھیت اُجڑ گئے، مکانات ڈوب گئے، مساجِد، دُکانیں اور اسکول وغیرہ پانی میں بہہ گئے۔ اس آفت کے باعث لاکھوں افراد بے یارو مددگار متأثّرہ مقام پر اللہ پاک کے بھروسے فلاحی تنظیموں کا انتظار کرنے لگے۔ مصیبت کی اس گھڑی میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری فلاحی تنظیموں کے ساتھ ساتھ شعبہ FGRF کی ٹیم بھی متأثّرہ مقام پر پہنچی اور امدادی کاموں کا آغاز کردیا۔ سب سے پہلے انہیں کشتیوں کے ذریعے ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا اور ان کے لیے خیمہ بستی قائم کرکے متأثّرین کے لیے رہائش کا عارضی انتظام کیا گیا۔ عارضی پناہ گاہوں میں متأثّرین میں پکے ہوئے کھانے، خشک راشن، نقد رقم اور دیگر ضَروری سامان تقسیم کئے جارہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ ان کی صحّت کی دیکھ بھال کے لئے میڈیکل کیمپ بھی قائم ہیں جہاں مریضوں کو چیک اپ کرنے کے بعد فری ادویات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ انسانوں کے ساتھ ساتھ متأثّرین کے جانوروں کا بھی خیال رکھا جارہا ہے ، اسی سلسلے میں جانوروں کو Vaccination اور ضَروری طبّی سہولتیں دی جارہی ہیں۔ سیلاب متأثّرین سے ہمدردی کرنے اور انہیں دلاسا دینے کے لئے دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے بھی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور متأثّرین سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی داد رسی کی۔
دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کی جھلکیاں
*1500 ویں جشنِ میلادُ النّبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی خوشی میں ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (دعوتِ اسلامی) کے زیرِ اہتمام ڈھاکہ یونیورسٹی، بنگلہ دیش میں ”میلاد اجتماع“ کا انعقاد کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے لیکچرار، اسٹوڈنٹس اور ذمّہ داران سمیت دیگر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ تلاوت و نعت سے آغاز ہونے والے اس ”میلاد اجتماع“ میں رکنِ شوریٰ عبد المبین عطاری نے سنّتوں بھرا بیان کرتے ہوئے حاضرین کو میلاد شریف کے واقعات بتائے اور انہیں بھی سیرتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر عمل کرنے کی ترغیب دلائی۔ *سینئر صحافی اور معروف اینکر پرسن مبشر لقمان نے دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی کا دورہ کیا۔اس موقع پر ان کی ملاقات نگرانِ ِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی سے ہوئی۔ ملاقات میں ڈائریکٹر پبلک ریلیشن اور نگران مجلس میڈیا ڈیپارٹمنٹ بھی شریک تھے۔ دورانِ ملاقات دعوتِ اسلامی کی دینی، تعلیمی و فلاحی کاموں پر گفتگو ہوئی۔نگرانِ شوریٰ نے مبشر لقمان کو مدنی چینل کے ڈیپارٹ کا وزٹ کرواتے ہوئے انہیں اردو، انگلش اور بنگلہ زبان میں نشر ہونے والے پروگرام سے آگاہ کیا۔ مبشر لقمان نے مدنی چینل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دینی خدمات معاشرے کے لئے ایک روشن مثال ہیں۔ وزٹ کے دوران مبشر لقمان کی نگرانِ مجلس مدنی چینل سے بھی ملاقات ہوئی جس میں مختلف اُمور پر تبادلۂ خیال ہوا۔ *مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کے اسلامی بھائیوں کے لیے دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ایک اَہَم نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں رکنِ شوریٰ حاجی فضیل رضا عطاری نے خُصوصی بیان کیا۔ اس نشست کا مقصد مارکیٹنگ کے شعبے میں کام کرنے والے اسلامی بھائیوں کی تربیَت و راہنمائی کرنا تھا تاکہ وہ دینِ اسلام کی خدمت کے ساتھ ساتھ اِدارے کی ترقّی میں بھی مؤثّر کردار اَدا کرسکیں۔ رکنِ شوریٰ حاجی فضیل رضا عطاری نے اپنے بیان میں خدمتِ دین کے اَہَم اُصولوں پر روشنی ڈالتے ہوئے شُرکا کو اپنی ذمّہ داریوں کو اَحسن طریقے سے اَدا کرنے کی ترغیب دلائی ۔ اس موقع پر شُرکا نے سوالات بھی کئے جس پر رکنِ شوریٰ نے ڈیپارٹمنٹ کی بہتری کے لیے مفید مشورے دیئے۔ *چیمبر آف کامرس انڈسٹری میں شعبہ رابطہ برائے تاجران کے تحت محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر چیمبر آف کامرس حاجی زاہد، نائب صدر شیخ سعید زمان، صدر تاجر ایسوسی ایشن حاجی ملک اقبال اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔رکنِ شوریٰ حاجی محمد اظہر عطاری نے ”مقصدِ میلاد “ کے موضوع پر سنّتوں بھرا بیان کیااور تاجران کو ملاوٹ سے پاک مال بیچنے، دھوکا دہی سے بچنے اور اللہ پاک پر توکل کرنے کا ذہن دیا۔* FGRF کے تحت سندھ کے شہر سانگھڑ کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ اور لاہور میں پرائیویٹ ہسپتال اور سٹی پریس کلب کے تعاون سے تھیلیسیمیا اور دیگر مریضوں کے لئے بلڈ کیمپس لگایا گیا جن میں عاشقانِ رسول نے خون کے عطیّات دیئے۔ * افریقی ملک تنزانیہ کے سٹی دارُ السلام میں اراکینِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری اور حاجی امین قافلہ عطاری کی پاکستان ہائی کمیشن میں کمشنر سراج احمد خان اور دیگر عہدیداران سے ملاقات ہوئی اور مختلف اُمور پر گفتگو کا سلسلہ ہوا۔اس موقع پر اراکینِ شوریٰ نے عہدیداران کو دعوتِ اسلامی کی عالمی سطح پر ہونے والے دینی و فلاحی کاموں سے آگاہ کیا۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز کراچی
Comments