حیا دار بنیئے


حیا دار بنیئے


ماہنامہ فیضانِ مدینہ دسمبر 2025ء


ہمارے پیارے نبی حضرت محمد  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا: اَلْحَيَاءُ شُعْبَةٌ مِنَ الْإِيمَانِ یعنی حیا ایمان کا حصہ ہے۔ (بخاری، 1/15، حدیث: 9)

 لفظ ”شُعْبَةٌ“ کا مطلب شاخ یا حصّہ ہے۔ یعنی جس طرح درخت کی کئی شاخیں ہوتی ہیں، اسی طرح ایمان کے بھی مختلف حصّے ہیں اور حَیا ان میں سے ایک اہم حصّہ ہے۔

پیارے بچّو! حَیا کا مطلب یہ ہے کہ انسان بُرے کام کرنے سے شَرم محسوس کرے اور ہمیشہ اچّھے کام کرنے کی کوشش کرے۔ حَیا ہمارے دل میں ایک خاص احساس ہے جو ہمیں اللہ اور لوگوں کے سامنے شرمندہ ہونے سے بچاتا ہے۔

مثلاً اگر کوئی بچّہ جھوٹ بولنا چاہے تو اس کے دل میں یہ احساس آئے کہ اللہ دیکھ رہا ہے اور امّی ابّو کو پتا چلے گا تو وہ بھی ناراض ہوں گے۔ یہی احساس اسے جھوٹ بولنے سے روک دیتا ہے یہی”حَیا“ ہے، اسی طرح اگر کوئی بچّہ بڑوں کی بے اَدبی کرنے لگے، کسی کو گالی دینے لگے یا کوئی بُرا کام کر نے لگے تو حَیا کا یہ احساس اسے روک دیتا ہے۔

حَیا ایک بہت خوبصورت اور پاکیزہ صفت ہے جو انسان کو اللہ کا پسندیدہ بندہ بناتی ہے۔ حیا دار بچے ہمیشہ اچّھے کام کرتے ہیں،باحیا بچّوں کوسبھی اچھا سمجھتے ہیں، حیا بُرے دوستوں سے بچاتی اور اچّھے دوستوں کے قریب کرتی ہے، حیا دار بچے معاشرے میں اَمن و سُکون کا باعث بنتے ہیں، اللہ پاک حیا دار بندوں سے محبّت کرتا ہے اور انہیں دنیا و آخِرت میں عزّت عطا فرماتا ہے۔ حَیا کی برکت سے انسان کے اخلاق بہتر ہوتے ہیں اور وہ ایک مثالی کردار بن جاتا ہے جس کی ہر جگہ تعریف ہوتی ہے۔

ہمارے پیارے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی زندگی حیا کی بہترین مِثال ہے۔ آپ اتنے حیا دار تھے کہ آپ نے کبھی کسی سے بری بات نہیں کہی ۔

اچّھے بچّو! آپ بھی حیا دار بنیں ،ہمیشہ سچ بولیں اور جھوٹ سے بچیں ، بڑوں کے سامنے اَدب سے اور آہستہ آواز میں بات کریں، والدین سے ضد نہ کریں، نَماز پڑھنے میں کبھی شرم نہ کریں بلکہ فخر کریں، غلط کام کرتے وقت یاد رکھیں کہ اللہ ہر وقت دیکھ رہا ہے، بُرے الفاظ استعمال نہ کریں ۔

حَیا کا مطلب یہ نہیں کہ آپ ڈرپوک اور ہمیشہ شرمیلے بنے رہیں بلکہ حیا ہمیں اچّھائی اور بُرائی کا فرق سکھاتی ہے ۔

 شروع میں بیان کردہ حدیث میں حیا اپنانے اور حیا دار بننے کی ترغیب دی گئی ہے ۔

بچّو! جب آپ بھی یہ اچّھی عادتیں اپنائیں گے تو حیا دار اور اللہ کے پسندیدہ بندے بن جائیں گے اور دنیا و آخِرت دونوں میں کامیاب ہوں گے۔ ان شآءاللہ

اللہ پاک ہمیں پیارے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی اَحادیث مبارَکہ پڑھ کر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی


Share