گھر والوں کو سلام کرو، برکت پاؤ

گھر والوں کو سلام کرو، برکت پاؤ!

ہمارے پیارے نبی حضرت  محمّد   صلَّی  اللہ  علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے حضرت انس  رضی  اللہ  عنہ  سے    فرمایا: يَا بُنَيَّ اِذَا دَخَلْتَ عَلَى اَهْلِكَ فَسَلِّمْ يَكُونُ بَرَكَةً عَلَيْكَ وَعَلَى اَهْلِ بَيْتِكَیعنی اے میرے بیٹے! جب تم اپنے گھر والوں کے پاس جاؤ تو سلام کرو، یہ تمہارے اور تمہارے گھر والوں کے لیے بَرَکت کا باعِث ہوگا۔( دیکھیے: ترمذی،4/320،حدیث: 2707)

دینِ  اسلام   زندَگی کے ہر معاملے   میں ہماری راہنمائی   کرتا ہے۔ چاہے وہ عِبادت ہو، دوسروں سے میل جول ہو، یا گھر میں  آنے جانے کے آداب ہوں، دینِ اسلام ہر بات سادہ اور خوبصورت اَنداز میں سکھاتا  ہے۔ہمارا  ایک چھوٹا سا عمل، جیسے گھر میں داخل ہوتے وقت سلام کرنا، ہمارے گھر کو محبّت اور سُکون سے بھر سکتا ہے۔ یہ حدیث ہمیں بتاتی ہے کہ کس طرح  اپنے  گھر میں خوشی اور بَرَکت لا سکتے ہیں۔

اس حدیث پاک میں تین چیزوں کے بارے میں بتایا گیا ہے:*سلام کرنے کی اہمیّت *  گھر میں داخل ہونے کے آداب اور *   گھر میں بَرکت لانے کا وظیفہ۔

سلام ایک دُعا ہے ، اس سے اَمْن خیر اور بَرکت نازل ہوتی ہے ،سلام کرنا ہمارے پیارے نبی  صلَّی  اللہ  علیہ واٰلہٖ وسلَّم   کا طریقہ  و انداز ہے ،اس پر عمل کر کے ہم اپنے  نبی کی   سنّت پر عمل کر سکتے ہیں۔

گھر میں داخل ہونے کے آداب: *دروازہ آہستہ سے اس طرح کھٹکھٹائیں کہ گھر والوں کو پتا چل جائے کہ کوئی دروازے پر آیا ہے *دروازہ بار بار اور زور سے   بجا کر گھر والوں کو پریشان نہ کریں * ایک بار کھٹکھٹانے کے بعد دروازہ کھلنے کا انتظار کریں *جب دروازہ کھل جائے تو پہلے سیدھا قدم داخل کریں   اور یہ دُعا پڑھیں:

اَللّٰھُمَّ  اِنِّیۤ اَسْأَ لُکَ خَیْرَ الْمَوْلَجِ وَخَیْرَ الْمَخْرَجِ بِسْمِ  اللہ  وَلَجْنَا وَ بِسْمِ  اللہ  خَرَجْنَا وَ عَلَی رَبِّنَا تَوَکَّلْنَا

 یعنی اے  اللہ  پاک! میں تجھ سے داخل ہونے کی اور نکلنےکی بھلائی مانگتا ہوں،  اللہ  پاک کے نام سے ہم (گھر میں)  داخل ہوئے اور اسی کے نام سے باہر آئے اور اپنے ربِّ کریم پر ہم نے بھروسا کیا۔ (ابو داؤد،4/420، حدیث: 5096)

*دُعا پڑھنے کےبعد گھر والوں کو مسکرا کر اتنی آواز میں سلام کریں  کہ جو افراد موجود ہیں وہ سن لیں  * اپنے جوتے، اسکول بیگ اور  یونیفارم وغیرہ ان کی جگہ پر رکھیں * گھر میں امّی ابّو ، بھائی بہن اگر موجود ہوں تو ہو سکے تو کچھ دیر ان کے ساتھ بیٹھیں، اس کے بعد اپنی دیگر ایکٹیویٹی  میں مصروف ہو جائیں۔

اس طرح گھر  کا ماحول خوشگوار ہوگا، سب آپ سے خوش ہوں گے،شُروع میں لکھی حدیثِ پاک میں نبیِ کریم  صلَّی  اللہ  علیہ واٰلہٖ وسلَّم   نے گھر میں بَرکت لانے کا وظیفہ بھی بتا دیا ، آپ بھی اس پر   عمل کریں،  گھر میں  اَمن وسکون   آئے گا۔اِن شآءَ  اللہ

 اللہ  پاک ہمیں پیارے نبی  صلَّی  اللہ  علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی مبارک احادیث پڑھ کر عمل کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارے گھروں میں  رَحْمت و بَرکت اور خوشحالی عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن  صلَّی  اللہ  علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی


Share