دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

دعوت اسلامی کی مدنی خبریں


فیضانِ مدینہ کراچی میں نعت خواں اسلامی بھائیوں کے لیے خصوصی مدنی مذاکرے کا انعقاد

کراچی8جولائی2025ءکی شب فیضانِ مدینہ کراچی میں نعت خواں اسلامی بھائیوں کے لیے ”خصوصی مدنی مذاکرے“ کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں معروف نعت خواں حضرات نے شرکت کی۔ اس موقع پر امیرِ اَہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے تربیت فرمائی۔ امیرِ اَہلِ سنّت کا کہنا تھا کہ نعت خواں اسلامی بھائی نعت خوانی کو صرف ایک فن یا ذریعۂ معاش نہ سمجھیں بلکہ اسے  اللہ  پاک اور اس کے پیارے رسول  صلَّی  اللہ  علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی رضا کے حصول کا ذریعہ بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نعت خوانی میں سب سے اہم چیز اخلاص ہے کیونکہ بغیر اخلاص کے کوئی بھی عمل بارگاہِ الٰہی میں قبولیت حاصل نہیں کر سکتا۔ آپ نے نعت خوانوں کو نصیحت کی کہ وہ شہرت یا مال و دولت کی بجائے صرف  اللہ  اور اس کے رسول کی محبت میں نعتیں پڑھیں۔ امیرِ اَہلِ سنّت نے حقوق العباد کی ادائیگی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی، انہوں نے نعت خواں حضرات کو سمجھایا کہ جب وہ کسی محفل میں نعت خوانی کے لیے جائیں تو وہ وہاں موجود لوگوں کے حقوق کا بھی خیال رکھیں، وقت کی پابندی کا خیال رکھیں اور اپنی آواز و انداز سے کسی کو تکلیف نہ پہنچائیں۔

فیصل آباد میں عظیم الشان قافلہ اجتماع نگرانِ شوریٰ نے سنتوں بھرا بیان فرمایا

فیصل آباددعوتِ اسلامی کے شعبہ قافلہ کے زیرِ اہتمام24جون 2025ء بروز منگل مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد مدینہ ٹاؤن میں عظیم الشان ”قافلہ اجتماع“ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔ اس موقع پرنگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری، اراکینِ شوریٰ حاجی محمد امین عطاری، حاجی وقارُالمدینہ عطاری، حاجی محمد اسلم عطاری، حاجی محمد اظہر عطاری اور مولانا حاجی محمد جنید عطاری مدنی بھی موجود تھے۔ نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری  مُدَّ ظِلُّہُ العالی  نے”حصولِ علمِ دین“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا۔ نگرانِ شوریٰ نے کہا کہ دعوتِ اسلامی کے ماحول میں علمِ دین حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ قافلے میں سفر کرنا اور مدنی مذاکرہ دیکھنا بھی ہے۔ قافلوں میں سیکھنے سکھانے کے حلقے لگائے جاتے ہیں جن میں نماز، غسل اور وضو کا طریقہ سکھایا جاتا ہے، فرائض و واجبات بتائے جاتے ہیں اور بیانات کا سلسلہ ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دینِ اسلام کو سیکھنے، قراٰن و حدیث کی تعلیمات کو سمجھنے اور آقا کریم  صلَّی  اللہ  علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی پیاری پیاری سنتوں پر عمل کرنے کے لیے علمِ دین کا سیکھنا بہت ضروری ہے اور علمِ دین سیکھنے کے لیے قافلوں میں سفر کریں۔ دعوتِ اسلامی ہمیں علمِ دین سیکھنے کے لیے وقتاً وقتاً بہت سارے مواقع فراہم کرتی رہتی ہے۔

فلاحی خدمات کے اعتراف میں FGRF (دعوتِ اسلامی) کوانڈس اسپتال کی جانب سے اعزازی شیلڈ پیش کی گئی

کراچیFGRF(دعوتِ اسلامی) کو تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے مسلسل تعاون فراہم کرنے پر انڈس اسپتال (Indus Hospital) کی جانب سے ایک اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔ یہ اعزاز انڈس اسپتال نے ایک خصوصی تقریب کے دوران پیش کیا جس میں اسپتال کے سینئر ڈاکٹرز، فاؤنڈیشن کے نمائندگان اور متعدد معزز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ FGRF کا تعاون نہ صرف خون (Blood) کی امداد تک محدود ہے بلکہ ان کی ٹیم کا خلوص، وقت اور مسلسل موجودگی ہمارے مریض بچوں اور ان کے خاندانوں کے لیے امید کی کرن ہے۔ یہ اعزاز ان کے اسی جذبے کو سراہنے کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ دوسری جانب نگران FGRF یوکے و یورپ سید فضیل رضا عطاری نے اس موقع پر اسپتال انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم انسانیت کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں اور مستقبل میں بھی تھلیسیمیا سمیت دیگر مہلک بیماریوں سے متأثرہ افراد کی خدمت کرتے رہیں گے۔

گجرات میں دارُالافتاء اہلسنت کی نئی برانچ کا افتتاح

گجراتیکم جولائی2025ء کو پنجاب کے شہر گجرات میں ”دارُالافتاء اہلسنت“ کی نئی برانچ کا افتتاح کردیا گیا۔ یہ ادارہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں عوام الناس کو شرعی معاملات میں راہنمائی فراہم کرے گا۔ شاہ جہانگیر روڈنزد بکرمنڈی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ گجرات میں قائم ہونے والے دارُالافتاء اہلسنت کے افتتاح کے موقع پر مفتیانِ کرام، علمائے کرام، مقامی ذمہ داران اور عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔ اس موقع پر شُرکا کو دارالافتاء کی اہمیت، افادیت اور خدمات سے آگاہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ اس وقت پاکستان میں دارالافتاء اہلسنت کی 15برانچز قائم ہیں جہاں سائلین کو مفتیانِ کرام کی موجودگی میں نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ، نکاح، طلاق، وراثت، کاروباری معاملات سمیت دیگر شرعی امور پر زبانی راہنمائی اور تحریری فتاویٰ فراہم کیے جائیں گے۔

دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والےمختلف دینی کاموں کی چند جھلکیاں

*عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں شعبہ رابطہ برائے تاجران کے تحت ایک میٹ اپ ہواجس میں رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری نے ”بہتر کون؟“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا اور شُرکا کو دینِ متین کی خدمت کرنے کی ترغیب دلائی۔ *مدنی مرکز فیضانِ مدینہ ملتان میں رابطہ برائے میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کے تحت میٹ اپ ہوا جس میں اسسٹنٹ پروفیسر میڈیسن بخشور امین اسپتال ڈاکٹر شاہد، سینیئر میڈیکل آفیسر D.H.Q ڈاکٹر شفیق، P.G.R ڈاکٹر مزمل، P.G.R ڈاکٹر نعمان، یورالوجی ساؤتھ پنجاب سٹی ڈاکٹر وقاص افضل، ڈاکٹر نیئر، ڈاکٹر اسحاق اورشعبے کے اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ حاجی محمدسلیم عطاری نے شانِ صحابہ و اہلِ بیت کے موضوع پر بیان کیا۔ *رکنِ شوریٰ حاجی محمد ایاز عطاری کی ملائیشیا کے صوبہ کلنتان میں استاد حبیب عبدالرحمٰن المساوای شافعی اور استاد شیخ عبد اللہ  الازہری شافعی سمیت دیگر علمائے کرام سے ملاقاتوں کے سلسلے ہوئے۔ دورانِ ملاقات رکنِ شوریٰ نے عالمی سطح پر دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والی دینی و فلاحی کاموں کے حوالےسے آگاہی دی جس پرعلمائے کرام نے خدماتِ دعوتِ اسلامی کو سراہتے ہوئے نیک تمناؤوں کااظہار کیا۔ *مدنی مرکز فیضانِ مدینہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب متأثرین کی امداد کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا۔بیان کے بعد رکنِ شوریٰ اور گورنر خیبر پختونخواہ نے سیلاب متأثرین میں امدادی چیک تقسیم کیے۔ *افریقی ملک موزمبیق کے شہر نمپولا میں دعوتِ اسلامی کے تحت ایک سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف پروفیشنلز حضرات کی شرکت ہوئی جبکہ نگران موزمبیق مشاورت اور ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی بھی موجود تھے۔ رکنِ شوریٰ حاجی محمد اطہر عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا۔ *رکنِ شوریٰ عبد الوہاب عطاری نے یورپی ملک البانیا کے شہر ترانہ میں قائم ایک نجی اسکول کا دورہ کیا جہاں اسٹوڈنٹس کے درمیان سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ رکنِ شوریٰ نےبیان کیا اور اسٹوڈنٹس کو ”سلام و مصافحہ“ کرنے کی سنتیں و آداب کے حوالے سے آگاہی دیتے ہوئے سلام و مصافحہ کا عملی طریقہ بھی سکھایا۔

غزہ، فلسطین میں دعوتِ اسلامی کی فلاحی خدمات کا سلسلہ جاری

غزہ، فلسطینغزہ میں جاری کشیدگی اور مشکل حالات کے باوجود دعوتِ اسلامی کے فلاحی ادارےFGRF (فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن) کی جانب سے فلاحی خدمات کا سلسلہ جاری ہے۔ FGRF غزہ کی مصیبت زدہ عوام کی مدد کے لیے مسلسل کوشاں ہے اور ”خیر خواہیِ امت“ کے تحت مقامی عاشقانِ رسول کی دلجوئی کر رہی ہے۔ FGRF کی ٹیمیں غزہ میں متأثرین تک امدادی سامان پہنچا رہی ہیں جس میں بنیادی ضروریاتِ زندگی، پکے ہوئے کھانے کی تقسیم، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، لباس، ادویات، بچوں کے لیے دودھ اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔ تمام عاشقانِ رسول سے درخواست کی جاتی ہے کہ FGRF کا بڑھ چڑھ کر ساتھ دیں تاکہ آپ کی دعوتِ اسلامی اپنے مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں اور بچوں تک آپ کا امدادی سامان پہنچا سکے۔

For Donations, Call or Visit our website:

Contact us: +44 7300 55 99 19

https://fgrf.org/donation/

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ، شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز، کراچی


Share