
آؤبچو! حدیث رسول سنتے ہیں
دین آسان ہے
*مولانا جاوید عطّاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ مارچ 2025
اللہ پاک کے پیارے اور آخری نبی حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: اِنَّ الدِّينَ يُسْرٌ یعنی دین آسان ہے ۔ (بخاری، 1/26، حدیث: 39)
یعنی دین پر عمل کرنا انتہائی آسان ہے ۔
پیارے بچو! ہمارے پیارے دینِ اسلام کے تمام احکامات ہماری طبیعتوں کے موافق اور انتہائی آسان ہیں، یہ آسانی مرد، عورت، بوڑھے اور بچوں سب کے لئے ہے جیسے نماز پڑھنا، جس طرح ہم اسکول، کوچنگ وغیرہ پابندی سے جاتے ہیں اور بروقت پہنچتے ہیں اسی طرح ہم تھوڑی سی کوشش سے پانچ وقت کی نماز پابندی سے ادا کر سکتے ہیں۔
دینِ اسلام کا ایک حکم صدقہ و خیرات اور زکوٰۃ دینا بھی ہے کہ جو مال اللہ پاک نے ہمیں دیا ہے اسی میں سے اللہ کی راہ میں کچھ دینا، چھوٹے نابالغ بچّے اپنے پیسوں سے نہیں بلکہ اپنے امی ابو سےلے کر راہِ خدا میں دینے کی عادت بنائیں۔
ابھی ماہِ رمضان جاری ہے، اس میں مسلمانوں کو روزہ رکھنے کا حکم ہے، اگرچہ چھوٹے بچّوں پر روزہ فرض نہیں لیکن ان کو بھی چاہئے کہ ابھی سے عادت بنانے کے لئے کبھی کبھی روزہ رکھیں۔
چھوٹوں پر شفقت ، بڑوں کا ادب و احترام کرنا، راستے سے تکلیف دہ چیز ہٹانا، والدین کے ساتھ اچھا سلوک کرناوغیرہ تمام باتیں ہمارے دین اسلام کے احکامات ہیں جو کہ انتہائی آسان ہیں۔
اچھے بچو!ہمارے دین میں کوئی بھی ایسا حکم نہیں ہے کہ جس پر عمل کرنا ناممکن ہو، اللہ پاک ہمیں دینِ اسلام کے احکامات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments