احساسِ کمتری چھوڑ دیجئے

احساسِ کمتری چھوڑ دیجئے!

کہا جاتا ہے: تیمور بادشاہ سے اس کا مُلک چِھن گیا، وہ بھاگ کر ایک غار میں جا چُھپا،وہاں کھانا کھاتے ہوئے اس نے دیکھا کہ ایک کیڑی (یعنی چیونٹی) زمین سے چاول کا ایک دانہ اٹھا کر گھسیٹتے ہوئے غار کی دیوار پر چڑھنے لگی، تھوڑا چڑھتی اور گِرجاتی، پھر اس دانے کو اٹھاتی اور چڑھنے کی کوشش کرتی مگر گرجاتی، یہاں تک کہ بار بار کی کوشش کے بعد دانے کو اوپر اپنے بِل تک لے جانے میں کامیاب ہوگئی۔ اس چیونٹی کو دیکھ کر تیمور نے کہا کہ کیا میں اس کمزور چیونٹی سے بھی گیا گزرا ہوں کہ مرد ہوکر ہمت ہار بیٹھا ہوں! میں یہ کیوں سمجھ بیٹھا ہوں کہ میں ہار گیا ہوں اور اب نہیں جیت سکتا۔ اس طرح چیونٹی سے سبق حاصل کرکے یہ اٹھا اور اپنا بَچا کُھچا لشکر جمع کیا اور زور دار حملہ کرکے اپنی چِھنی ہوئی ریاست واپس لے لی۔

اے عاشقانِ رسول! دین و دنیا کے مختلف کاموں میں کامیابی پانے کے لیے احساسِ کمتری اور مایوسی کو اپنی ڈکشنری سے نکال دیجیے، اپنا دل بڑا اور حوصلہ بلند رکھیے اور اپنی یہ سوچ بنائیے کہ ” اللہ  پاک کی مدد سے میں بہت کچھ کرسکتا ہوں“۔ یاد رکھیے کہ ”کام“ چاہے دین کا ہو یا دنیا کا، ہوتا واقعی کرنے سے ہے جبکہ مددِ الٰہی شامل ہو۔ میں اگر اپنی بات کروں تو مجھے اپنی اوقات پتا ہے۔

جب میرے والد صاحب دنیا سے رخصت ہوئے اس وقت میں ڈیڑھ دو سال کا بچّہ تھا، میں نے یتیمی کی زندگی گزاری ہے، میں نے بچپن ہی سے محنت مزدوری کی ہے، بعض اوقات لڑکے مجھے مارتے تھے۔ ان تمام حالات کے باوجود میں نے ہمت نہیں ہاری اور آج  اللہ  پاک کے کرم سے میری جو بھی حیثیت ہے اسے دنیا جانتی ہے۔ البتہ مجھے اس بات کا احساس ہے کہ یہ کامیابی بھی فائنل نہیں، حقیقی کامیابی اُس وقت ہوگی جب  اللہ  پاک کی رحمت سے ایمان ساتھ لے کر مجھے قبر میں جانا نصیب ہوگا، اور آخری وقت یہ پیغام ملے گا:

( یٰۤاَیَّتُهَا النَّفْسُ الْمُطْمَىٕنَّةُۗۖ(۲۷) ارْجِعِیْۤ اِلٰى رَبِّكِ رَاضِیَةً مَّرْضِیَّةًۚ(۲۸) فَادْخُلِیْ فِیْ عِبٰدِیْۙ(۲۹) وَ ادْخُلِیْ جَنَّتِیْ۠(۳۰))

(ترجَمۂ کنز العرفان: اے اطمینان والی جان۔ اپنے رب کی طرف اس حال میں واپس آ کہ تو اس سے راضی ہووہ تجھ سے راضی ہو۔ پھر میرے خاص بندوں میں داخل ہوجا۔ اور میری جنت میں داخل ہوجا۔(پ30،الفجر:27تا30)

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

 اللہ  پاک ہم سب کو دنیا و آخرت کے کاموں میں ترقّیاں عطا فرمائے،تکبر و خودپسندی سے بچا کر عجز و انکسار کی دولت سے مالا مال کرے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی  اللہ  علیہ واٰلہٖ وسلَّم


Share

Articles

Comments


Security Code