کچی لَسّی

کچی لسی

نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک غذاؤں کے ضمن میں آپ  کے مشروبات کا ذکر بھی کتبِ سیرت میں جگمگاتاہے۔ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مشروبات میں دودھ، نبیذ، شہد، زمزم، ٹھنڈا پانی، کشمش کا پانی اور پانی ملا دودھ یعنی کچی لسی شامل ہیں۔     اس مضمون میں کچی لسی سے متعلق روایات و فوائد وغیرہ کو موضوعِ سخن بنایا گیا ہے، ملاحظہ کیجئے!

کچی لسّی دودھ اور پانی کا  ایسا امتِزاج ہے جو بدن کو ٹھنڈک اور  تازگی بخشتا ہے۔ یہ وہ مشروب ہے جسے نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے نہ صرف پسند فرمایا بلکہ خود بھی نوش فرمایا ہے۔ حضرت انس رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے  کہ نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے لیے گھریلو بکری  کا دودھ نکالا گیا اور اس کا دودھ اس کنویں کے پانی سے ملایا گیا جو حضرت انس رضی اللہُ عنہ کے گھر میں تھا پھر رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو پیالہ پیش کیا گیا آپ نے پیا،آپ کے بائیں ابوبکر صدّیق رضی اللہُ عنہ تھے اور آپ کے دائیں ایک بدوی تھے، حضرت عمر  رضی اللہُ عنہ نے کہا: یارسول اللہ! ابوبکر کو دیجیے۔ حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اس بدوی کو وہ پیالہ عطا فرمایا جو آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے داہنے طرف تھا۔ ([1])

سفرِ ہجرت میں کچی لسی نوش فرمائی:حضرت بَراء اِبنِ عازِب رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے کہ میرے والد نے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہُ عنہ سے عرض کیا کہ اے ابوبکر! مجھے بتائیے کہ جب آپ رسول ا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ساتھ گئے تھے تو آپ  نے کیا کیا تھا؟ آپ رضی اللہُ عنہ نے فرمایا: ہم ساری رات سفر کرتے رہے اور اگلے دن بھی سفر کرتے رہے حتی کہ دوپہر ہوگئی اور راستہ خالی ہوگیا کہ اس میں کوئی نہیں گزرتا تھا ، آگے ایک لمبی چٹان آئی جس کا سایہ تھا۔ ہم اس کے پاس اتر گئےاور میں نے نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے آرام فرمانے کے لیے ایک جگہ اپنے ہاتھ سے ہموار کردی اور اس پر پوستین بچھادی اور عرض کیا: یارسول ا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم! سو جائیے میں آپ کے اِردگِرد پہرہ دوں گا۔ چنانچہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سو گئے اور میں آپ کے اِردگِرد پہرہ دینے لگا، اتنے میں  سامنے سے چٹان کی طرف  ایک چرواہا آیا، میں نے اس سےدودھ کا پوچھا تو وہ دودھ دینے پر رضا مند ہوگیا، چنانچہ اس نے ایک بکری پکڑی اور  ایک پیالے میں دودھ نکالا، میرے پاس برتن تھا جو میں نبیِ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے لیے لایا تھا جس میں آپ پیتے تھے اور وُضو کرتے تھے، تو میں اس میں دودھ لے کر  نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے پاس آیا۔میں نے آپ کو جگانا پسند نہ کیا،  میں نے انتِظار کیا حتّٰی کہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم بیدار ہوگئے پھر میں نے دودھ میں پانی ڈالا حتّٰی کہ اس کا  نچلا حصہ بھی ٹھنڈا ہوگیا۔ میں نے عرض کی: یارسول ا ! پئیں آپ نے پیا حتّٰی کہ میں راضی ہوگیا۔([2])

کچی لسّی کے فوائد:کچی لسّی جہاں ایک پسندیدہ مشروب ہے  وہیں طبّی ماہرین نے اس کے کئی فوائد بیان کئے ہیں آئیے! چند ملاحظہ کیجئے: ٭پانی کی کمی دُور کرتی ہے ٭گرمی دُور کرتی اور ٹھنڈک کا احساس دلاتی ہے ٭نظامِ ہاضمہ کو درست کرتی ہے ٭کچی لسی نمکیات کی کمی پوری کرنے والا مشروب ہے، جو بلڈپریشر کی کمی یا گرمی کی وجہ سے آنے والی نیند کو بھی دور بھگاتا ہے ٭ٹھنڈی ٹھنڈی نمکین کچی لسّی سے نہ صرف ہاضمہ درست رہتا ہے بلکہ یہ گرم ہوا یا لُو کے مُضِر اَثرات سے بھی محفوظ رکھتی ہے ٭کچی لسی غذائی اَجزاء سے بھرپور ہے اس میں وٹامن بی، پروٹین اور کیلشیم کی بھاری مقدار موجود ہوتی ہے جو  ہماری قوّتِ مدافعت کو بھی مضبوط بناتی ہے ٭پیشاب کی جلن دور کرتی ہے۔([3])

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ پیغاماتِ عطار المدینۃ العلمیہ کراچی



([1])بخاری،2/95، حدیث: 2352

([2])دیکھئے: بخاری،2/505،حدیث:3615

([3])طب سے متعلق مختلف ویب سائٹس سے ماخوذ


Share