(1)کیا اَنبیائے کِرام علیہمُ الصلوٰۃ والسّلام فرشتوں سے افضل ہیں؟
سوال: کىا اَنبىائے کِرام علیہمُ الصلوٰۃ والسّلام اللہ پاک کى سب سے افضل مخلوق ہىں ىہاں تک کہ فرشتوں سے بھى افضل ہىں؟
جواب:جی ہاں۔ (دیکھیے:مدنی مذاکرہ، 8شعبان المعظم 1440ھ)
(2)اعلیٰ حضرت کی کراچی تشریف آوری
سوال: کیا اعلىٰ حضرت رحمۃُ اللہ علیہ کبھی کراچى تشرىف لائے ہىں؟
جواب: جى ہاں! مَلفوظاتِ اعلیٰ حضرت سے پتا چلتا ہے کہ سرزمینِ کراچى کو اعلىٰ حضرت رحمۃُ اللہ علیہ کے قدم چُومنے کى سعادت ملى ہے۔(مدنی مذاکرہ، 25 صفر المظفر 1440ھ)
(3)اعلیٰ حضرت کے مزار پر حاضری
سوال: کیا اعلىٰ حضرت کے مَزار شرىف پر آ پ کا جانا ہوا ہے؟
جواب: اَلحمدُ لِلّٰہِ الکریم مدینۃُ المرشد بَرىلى شرىف کا اب تک دو بار سفر نصیب ہوا ہے۔(مدنی مذاکرہ، 25 صفر المظفر 1440ھ)
(4)کیا جنَّت میں جِسم پر بال ہوں گے؟
سوال: کىا جنَّت مىں جِسم پر بال نہىں ہوں گے؟
جواب: جنَّت مىں صِرف سَر، پَلکوں اوربَھنووں کے بال ہوں گے،اِس کے عِلاوہ جنّتیوں کے جِسم پر کہیں بھی بال نہىں ہوں گے۔(دیکھیے: بہار شریعت، 1/159-مدنی مذاکرہ، 18 صفرالمظفر 1440ھ)
(5)کیا بلیوں کے رونے سے آفت آتی ہے؟
سوال: بلیاں جب روتى ہىں تو اِس سے کىا ہوتا ہے؟
جواب: بلیوں کے رونے سے کسی طرح کی بَدشگونى نہىں لینی چاہیے کہ معاذَ اللہ آفت آنے والی ہے، لہٰذا فُلاں سفر یا فُلاں سودا کىنسل کر دو ورنہ نقصان ہو جائے گا۔ بلى بھى روتى ہے، بندہ بھى روتا ہے اور بچے بھى روتے ہىں۔ اِس سے بدشگونی لینے کے بجائے عبرت حاصِل کرنی چاہیے جیساکہ ایک کتاب مىں لکھا ہے کہ بچے جب روئىں تو جہنمىوں کا رونا ىاد کىجئے۔ (دیکھئے: موسوعۃ ابن ابی الدنیا، 3/218، رقم:253) بچہ اىسے لگتا ہے کہ بے بسى کے ساتھ رو رہا ہے، تو جہنم مىں بھى بے بسى کے ساتھ رونا ہوگا۔ بس اللہ پاک ایسا کرم کرے کہ ہم جہنم ہی مىں نہ جائىں جو رونا پڑے۔ اللہ کرے کہ ہم جہنم مىں جانے والے کام کرنے کے بجائے نىکىاں ہى کرتے رہىں۔(مدنی مذاکرہ، 11 جمادی الاخریٰ 1440ھ)
(6)مُنہ میں نَسوار ہوتے ہوئے ذِکر و دُرُود پڑھنا کیسا؟
سوال: کىا مُنہ مىں نَسوار رکھ کر ذِکر و دُرُود پڑھ سکتے ہىں؟
جواب: مُنہ مىں نَسوار ہونے کی صورت میں ذِکر و دُرُود منع ہے کىونکہ اِس مىں بَدبو ہوتی ہے۔ اگر مسجد مىں نَسوار کی بَدبو کے ساتھ آ گىا تو گناہ گار بھی ہو گا۔ ویسے بھی نَسوار بُرى اور نُقصان دہ چیز ہے لہٰذا اِس سے بلکہ تمام بَدبودار و نقصان دہ چىزوں کے اِستعمال سے بچئے۔(مدنی مذاکرہ، 22 ربیعُ الآخر 1440ھ)
(7)نشانى لگانے کے لىے کتاب کے صفحات موڑنا کىسا؟
سوال: نشانى لگانے کے لىے کتاب کے صفحات کو موڑنا کىسا ہے؟
جواب: بعض اوقات صفحات موڑنے سے کتاب کو نُقصان ہوتا ہے، اگر کتاب لائبریری یا وَقْف کی ہو یا کسی اور سے پڑھنے کے لىے لی ہو تو پھر اس کے صَفحات نہیں موڑ سکتے اور نہ اس پر قلم وغیرہ سے نشانات لگا سکتے ہیں۔(دیکھیے: مدنی مذاکرہ، 23 ربیع الاول 1440ھ)
(8)کیاحُدودِ حَرم میں عمرے کی نیت ہو سکتی؟
سوال: اگر کوئى مىقات مىں رہتا ہو تو کیا وہ حُدود ِحرم مىں جا کر عمرے کى نىت کر سکتا ہے؟
جواب: عمرے کی نیت کرنے کے لئے حَرم کى حُدود سے باہر جانا پڑے گا جىسے مسجدِ عائشہ کہ وہ حِل میں ہے۔ (مدنی مذاکرہ، 20 رمضان المبارک 1440ھ)
(9)کیا بہن کو جہیز دینے سے وراثت کا حصہ ختم ہوجاتا ہے؟
سوال: کیا بھائی اپنی بہن کو جہیز دے تو بہن کا وراثت سے حصہ ختم ہو جاتا ہے؟
جواب: نہیں، اس سے وراثت پر کوئی اَثر نہیں پڑتا۔ البتہ ایک صورت یہ ہو سکتی ہے کہ والد کا اِنتقال ہو جائے اور اس کا ترکہ بھائی کے پاس ہو اور وہ بہن کی اِجازت سے جہیز کا سامان اس کے ترکہ کے حصے سے لا کر دیتا رہے تو بہن کے حصے سے جتنے کا جہیز دیا ہوگا اُتنا ادا ہوجائے گا اور جو باقی ہوگا اس میں سے پائی پائی دینا ہو گی۔(مدنی مذاکرہ، 29شعبان المعظم 1440ھ)
(10)کیا مَردو عورت کے لیے تمام سنتیں ایک جیسی ہیں؟
سوال: کیا ہر وہ عمل جو مَرد کے لیے سنَّت ہے وہ عورت کے لیے بھی سنَّت ہوگا؟
جواب: ایسا نہیں ہوسکتا مثلاً داڑھی رکھنا مَرد کے لیے سنت ہے لیکن عورت کے لیے سنَّت نہیں بلکہ عورت کی داڑھی نکل آئے تو اس کے لیے مُسْتَحَب ہے کہ اسے صاف کر دے۔ (دیکھیے: ردالمحتار، 9/615) یوں ہی عمامہ باندھنا مَرد کے لیے سنَّت ہے مگر عورت عمامہ نہیں باندھے گی۔ البتہ ایسی بہت ساری سنتیں ہیں جو مَرد و عورت دونوں کے لیے سنَّت ہیں۔(مدنی مذاکرہ، 15شعبان المعظم 1440ھ)
(11)اٹیچ باتھ میں دُعا یا دُرُود پڑھنا کیسا؟
سوال: کیا واش روم میں ہاتھ دھوتے وقت دُعا یا دُرُودِ پاک پڑھ سکتے ہیں؟
جواب: اٹیچ باتھ یعنی جہاں حمام کے ساتھ ہی W.C یا کموڈ نظر آرہا ہوتا ہے یا صرف پردہ ٹَنگا ہوا ہوتا ہے اس جگہ کچھ بھی نہیں پڑھ سکتے۔ وُضو بھی کریں گے تو کچھ نہیں پڑھیں گے لہٰذا وُضو سے پہلےبِسْمِ اللہ شریف یا جو بھی پڑھنا ہے باہر ہی پڑھ لیجئے۔(مدنی مذاکرہ، 24ذوالقعدۃ الحرام 1440ھ)
(12)ذَبح شُدہ مُرغی کا انڈا کھانا کیسا؟
سوال: میرے پاس ایک مُرغی تھی میں نے اسے ذَبح کیا تو اس کے پیٹ سے ایک انڈا نکلا اب یہ انڈا حلال ہے یا حرام؟
جواب: حلال ۔(دیکھیے: مبسوط للسرخسی، جز24، 12/35- مدنی مذاکرہ، 23ذوالحجۃ الحرام1440ھ)
(13)”مرتے وقت کلمہ نصیب نہ ہو“ کہنا کیسا؟
سوال:”اگر میں جھوٹ بولوں تو مرتے وقت مجھے کلمہ نصیب نہ ہو“ ایسا کہنا کیسا؟
جواب: یہ جملہ بہت خطرناک ہے اور سخت بےباکی ہے کہ معاذ اللہ جیسے ایمان کی کوئی اَہمیت ہی نہیں ہے! ایسی بات تو کبھی خواب میں بھی نہیں بولنی چاہیے۔ اِس مسئلے میں تفصیل ہے،ایسا جملہ نہ بولا جائے۔ (مدنی مذاکرہ، 2 محرم الحرام 1441ھ)
Comments