جس نے عقیقہ نہ کیا ہو اس کا قربانی کرنا کیسا؟ مع دیگر سوالات

مدنی  مذاکرے کے سوال جواب

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مئی 2025ء

(1)کیا حرام جانور کا نام لینے سے 40دن تک نماز قبول نہیں ہوتی؟

سُوال: کىا حرام جانور کا نام لىنے سے 40 دن تک نماز قبول نہىں ہوتى؟

جواب: حرام جانور تو کتّا اور بلّی بھی ہیں، لیکن ایک مخصوص جانور ہے جس کے متعلق لوگوں میں یہ غلط فہمی پھیلی ہوئی ہے اور شاید اسی وجہ سے سائل نے بھی اس حرام جانور کا نام نہیں لیا، حالانکہ اس جانور کا نام قراٰنِ کریم میں بھی آیا ہے اور وہ حرام جانور ”خنزیر“ ہے۔(دیکھئے: پ2، البقرۃ:173) اور خنزیر کا لفظ کہنے سے نہ وضو ٹوٹتا ہے اور نہ گناہ ملتا ہے۔

(مدنی مذاکرہ، 30صفر شریف1442ھ)

(2)کیا بچوں کو سبق یاد نہ ہونے پر استاد کی پکڑ ہوگی؟

سُوال: اگر بچوں کو سبق یاد نہ ہو تو کیا اس پر استاد کی پکڑ ہوگی؟ نیز جن بچوں کو سبق یاد نہیں ہوتا ان کے لئے کوئی وظیفہ اِرشاد فرمادیجئے۔

جواب: اگر استاد کی پوری کوشش کے با وُجود بھی بچوں کو سبق یاد نہیں ہوتا تو اس میں استاد کا کوئی قصور نہیں۔ یاد رکھئے! کچھ بچے ذہین ہوتے ہیں اور کچھ کُند ذہن، کسی کاحافظہ مضبوط ہوتا ہے تو کسی کا کمزور۔ استاد کو چاہئے کہ جان بوجھ کر کوتاہی، سستی اور کمی نہ کرے اور اپنی جانب سے پوری کوشش کرتا رہے۔ نیزحافظے کی مضبوطی کے لئے ”یَاعَلِیْمُ“ 7 بار اور ہر بار بِسْمِ اللہ شریف کے ساتھ ”سُوْرَۃُ اَلَمْ نَشْرَح“21 مرتبہ پڑھ کر پانی پر دم کرکے جس بچے یا بڑے کا حافظہ کمزور ہو اُس کو پلایئے۔ اِنْ شَآءَ اللہُ الکریم حافظہ مضبوط ہو جائے گا۔

(بیمار عابد، ص 42-مدنی مذاکرہ، 2محرم الحرام 1442ھ)

(3)بچّوں کے لئے کھیلتے وقت کی احتیاطیں

سُوال: بعض بچّے کھیلتے ہوئے الماری وغیرہ میں چھپ جاتے ہیں، ان کی تربیت کے لئے آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب: بچّوں کو اَلماری، کارٹن، خالی Box (یعنی ڈبّے)، فِریج یا خالی ٹَنکی میں نہیں چھپنا چاہئے، کیونکہ بعض اَوقات ٹنکی کا ڈھکن بند ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے Oxygen یعنی ہَوا نہیں ملتی اور جان خَطرے میں پڑجاتی ہے۔ بچّوں کو تو پانی کی ٹنکی میں جھانک کر بھی نہیں دیکھنا چاہئے، کیونکہ اگر ٹنکی میں پانی ہُوا تو بچّے ڈُوب سکتے ہیں، اِسی طرح کھڑکی سے بالکنی (Balcony) میں جھانکنےمیں بھی Risk (یعنی خطرہ) ہوتا ہے، کیونکہ وہاں سے بچّہ گِرسکتا ہے اور چوٹ آسکتی ہے۔

(مدنی مذاکرہ، 9صفر شریف 1442ھ)

(4)سفر پر جاتے وقت قراٰن کے سائے سے گزرنا کیسا؟

سُوال: سفر پر جانے والے کو قراٰن پاک کے سائے سے گزارنا کیسا ہے؟

جواب: جائز ہے۔

(مدنی مذاکرہ، 2محرم الحرام 1442ھ)

(5)جس نے عقیقہ نہ کیا ہو اس کا قربانی کرنا کیسا؟

سوال:اگر کسی نے عقیقہ نہیں کیا تو کیا وہ قربانی کر سکتا ہے؟ نیز قربانی کب واجب ہوتی ہے اور کیا قربانی کے جانور میں بھی عقیقہ کیا جا سکتا ہے؟

جواب: جس نے عقیقہ نہیں کیا ہو وہ بھی قربانی کر سکتا ہے۔ نیز قربانی اپنی شرائط کے ساتھ واجب ہوتی ہے،قربانی واجب ہوتے ہوئے اگر کوئی قربانی نہیں کرے گا تو گناہ گار ہو گا لیکن عقیقہ نہ کرنے سے بندہ گناہ گار نہیں ہوتا کہ عقیقہ کرنا مستحب ہے۔ اور قربانی کا بڑا جانور جس میں سات حصے ہوتے ہیں اس میں بھی عقیقے کا حصہ شامل کیا جا سکتا ہے یوں قربانی اور عقیقہ دونوں ہو جائیں گے۔ مزید معلومات کے لئے مکتبۃ المدینہ کے رِسالے ”ابلق گھوڑے سوار“ اور ”عقیقے کے بارے میں سُوال جواب“ پڑھئے، اِنْ شَآءَ اللہُ الکریم بہت فائدہ ہوگا۔

(مدنی مذاکرہ، 20ذوالقعدۃ الحرام1441ھ)

(6)کوّے کا جُوٹھا پانی پینا کیسا؟

سُوال: کوّے کے جُوٹھے پانی کا کیا مسئلہ ہے؟

جواب: کوّے، چِیل، شِکرے اور دِیگر شِکاری پَرِندوں کا جُوٹھا پانی اور کھانا مکروہ ہوتا ہے۔ مالدار شخص کو ایسا پانی یا کھانا اِستِعمال نہیں کرنا چاہئے۔ البتہ اگر کوئی مسکین ایسا پانی یا کھانا اِستِعمال کرتا ہے تو کَراہَت نہیں ہے۔

(دیکھئے: فتاویٰ عالمگیری، 1/24- مدنی مذاکرہ، 2صفر شریف 1442ھ)

(7)قرض ہونے کے باوجود قربانی کرنا

سوال:اگر کسی شخص پر قرض ہو تو کیا وہ قربانی کر سکتا ہے؟

جواب: اِس صورت میں قربانی تو ہو جائے گی اگرچہ وہ قرض ادا کرنے کے بعد صاحبِ نصاب نہ رہتا ہو، وہ گناہ گار نہیں ہو گا۔ ہاں اتنا ضَرور ہے کہ لوگ باتیں بنائیں گے اور محلے میں بَدنامی ہو گی کہ اس نے فُلاں فلاں کا قرض ادا کرنا ہے لیکن پھر بھی اس نے قرض ادا نہیں کیا بلکہ قربانی کر لی، عمرہ کیا یا نفل حج کر لیا۔ بندے کو بھی چاہئے کہ پہلے قرض کی اَدائیگی کردے۔

(مدنی مذاکرہ، 6ذوالقعدۃ الحرام1441ھ)

(8)گاڑی یا ٹرک پر اللہ پاک کا نام اور درود پاک لکھنا کیسا؟

سوال:کیا گاڑی یا ٹرک وغیرہ پر اللہ پاک کا نام اور دُرُودِ پاک لکھ سکتے ہیں؟ یہ بے اَدبی تو نہیں کہلائے گی؟

جواب:لکھ سکتے ہیں، اِس میں بے ادبی نہیں، بے ادبی کا دار و مدار عُرف پر ہوتا ہے۔ مثلاً عمارت کی پہلی منزل پر قراٰنِ کریم ہوتا ہے اور اوپر کی منزل پر بھی لوگ ہوتے ہیں اور اس کو بےادبی نہیں کہا جاتا۔ اسی طرح بس وغیرہ میں مقدس تحریرات ہوتی ہیں اور لوگ اس کی چھت پر بیٹھ جاتے ہیں یہ بھی بےادبی نہیں۔

(مدنی مذاکرہ، 13ذوالقعدۃ الحرام1441ھ الفاظ کی کافی تبدیلی کے ساتھ)

(9)چھوٹے بچے کا جانورکو  ذبح کرنا کیسا؟

سُوال: کیاچھوٹا بچہ قربانی کا بکرا ذَبح کرسکتا ہے؟

جواب: قربانی کا جانور ہو یا کوئی اور حلال جانور، اگر بچہ ذَبح کو سمجھتا ہے تو اللہ پاک کا نام لے کرذَبح کرسکتا ہے۔(در مختار، 9/496-مدنی مذاکرہ، 2ذوالحجۃ الحرام1441ھ)

(10)عیدُ الاضحیٰ کے دن پیدا ہونے والے بکرے کی قربانی کب ہوگی؟

سُوال:جو بکرا عىدُ الاضحیٰ کے پہلے دن پیدا ہوا کیا اگلے سال عیدُ الاضحیٰ کے پہلے دن اس کی قربانی ہوجائے گی؟

جواب:جو بکرا عىدُ الاضحیٰ کے پہلے دن 12 بجے پیدا ہوا اگلے سال اسی دن 12 بجے اس کا سال پورا ہوگا، لہٰذا اس کی قربانی 12 بجے کے بعد سے قربانی کے تیسرے دن غروبِ آفتاب سے پہلے (کسی بھی وقت) کی جا سکتی ہے۔ قربانی کے جانور کا پیدائش کے دن راہِ خدا مىں قربان ہونا سعادت کى بات ہے۔ خوش نصىب ہیں وہ جانور جو راہِ خدا مىں قربان ہوتے ہىں۔

(مدنی مذاکرہ، 6ذوالحجۃ الحرام 1441ھ)


Share