باتوں سے خوشبو آئے
نماز اور بارگاہِ الٰہی
اگر نَمازی جانے کہ (میں اَذان کے ذریعے)کس کے حضور بلایا جاتا ہوں تو دنیا و مافیہا (دنیا اور جو کچھ اس میں ہےسب کچھ) چھوڑ کر سر کے بل مسجِد کی طرف دوڑے۔(ارشادِ حضرت علامہ نقی علی خان رحمۃُ اللہِ علیہ ) (جواہر البیان، ص 30)
امید بھی بڑی عبادت ہے
رب تعالیٰ سے اُمید بھی بڑی عِبادت ہے ایسی عبادت کہ مشکلیں حل کر دیتی ہے،امید ہی وہ عبادت ہے جو اُس عالم میں بھی ہوگی اور کام آئے گی، امید ہی وہ عبادت ہے جو ہم جیسے گنہگاروں کا سہارا ہے۔ (ارشادِ مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃُ اللہِ علیہ ) (مراٰۃ المناجیح، 7/453)
جاہل کی پہچان
تین خصلتیں جاہل کی پہچان ہوتی ہیں، خود پسندی، بےمقصد باتوں کی بہتات اور کسی کام سے دوسروں کو روکنا مگر خود انہی کاموں میں پڑے رہنا۔(ارشادِ حضرت ابو درداء رضی اللہُ عنہ) (عیونُ الاخبار، 2 / 47)
احمد رضا کا تازہ گلستاں ہے آج بھی
اللہ کی خاطرکسی کی تواضع اللہ کے لیے تواضع ہے
محبوبانِ خدا کے لیے جو تواضع کی جاتی ہے وہ درحقیقت خدا ہی کے لیے تواضع ہے۔(فتاویٰ رضویہ ،7/ 595)
بوجۂ عذر، وعدہ وفا نہ کرسکے تو کوئی حرج نہیں
اگر وعدہ سچّے دل سے کیا پھر کوئی عُذر مقبول و سبب معقول پیدا ہوا تو وفا نہ کرنے میں حرج کیا اَدنیٰ کراہت بھی نہیں۔ (فتاویٰ رضویہ، 12 / 281)
بڑے قصور کے لیے خصوصی معافی مانگنی ہوگی
ایسے حُقوقِ عظیمہ شدیدہ جن کی تفصیل بیان ہو تو صاحبِ حق سے مُعافی کی امید نہ ہو (وہ) ظاہراً مجرّد اِجمالی (صرف سرسری) الفاظ سے معاف نہ ہوسکیں ۔(فتاویٰ رضویہ، 24 / 412)
عطار کا چمن کتنا پیارا چمن
علم کی باتیں توجّہ اور اَدب سے سُنا کیجئے
بیان کے وقت کوئی ایسی حرکت نہیں کرنی چاہئے جو آپ کے یا دوسرے کے سننے میں خلل ڈالے، باتیں کرنا، بِلاوجہ ہنسنا، مسکرانا، اشارے کرنا اَدب نہیں ہے۔ (مدنی مذاکرہ، 3 ذوالقعدہ 1445 ھ)
عشق پر اعمال کی بنیاد رکھ
عشق جب عقل پر غلبہ پا لیتا ہے تو اس میں بڑا نکھار آجاتا ہے جب کہ وہ شریعت کی حد نہ توڑے۔ (مدنی مذاکرہ، 3 ذوالقعدہ 1445 ھ)
بیوی سے اچّھا برتاؤ کرنا چاہئے
بیوی کے بھی اپنے کچھ حُقوق ہیں، اس کا بھی خیال رکھنا، ایک دائرے میں رہتے ہوئے اس کا احتِرام و دلجوئی کرنا ضَروری ہے۔(مدنی مذاکرہ،3 ذوالقعدہ 1445ھ)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments