فقہی مسائل اور امیر اہلِ سنت کے رسائل(قسط:02)
شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنّت نے نماز کے مسائل اور روز مرہ زندگی کے دیگر کئی فقہی پہلوؤں پر مختصر رسائل میں عصر حاضر کی ضرورت کے مطابق تربیت فرمائی ہے اور آسان انداز میں شرعی مسائل کی تفہیم فرمائی ہے، ان میں سے چند رسائل کا تذکرہ گذشتہ ماہ کے شمارے میں ہوا، مزید کا تعارف ملاحظہ کیجیے:
مسافر کی نماز(صفحات:19):
شریعتِ اِسلامیہ نے شرعی مسافر کو بہت ساری آسانیاں فراہم کی ہیں، انہی میں سے ایک نماز میں قَصر کرنا بھی ہے۔ اس کے بنیادی مسائل اس رسالے میں جمع کردیے گئے ہیں۔ ایک قراٰنی آیت، 5نبوی ارشادات اور 35اقوال وشرعی احکام پر مشتمل رسالے میں قصر نماز کی حکمت و وجہ،شرعی مسافت اور شرعی مسافر کی تعریف، وطَنِ اصلی اور وطَنِ اِقامت کے مسائل، عرب یا دیگر ممالک میں رہنے والوں کا مسئلہ، چلتی گاڑی میں نماز کا حکم اور سفرو قَصْرنماز کے دیگر احکام بیان ہوئے ہیں۔
نمازِ عید کا طریقہ(صفحات:12):
اس مختصر رسالے میں نماز عید کا طریقہ(حنفی)،اس کے واجب ہونے، اس کے خطبے اور اس کے وقت کے احکام، نمازِ عیدسے پہلے اور بعد کی سنتیں، جماعتِ عید ادھوری ملنے یا بالکل نہ ملنے کے مسائل، عید کے مستحبات و آداب اور تکبیرِتشریق کے احکام شامل ہیں۔ رسالہ ایک حدیثِ پاک، ایک قول،41شرعی وفقہی احکام، 2 وظائف اور 3مدنی پھولوں پر مشتمل ہے۔
نمازِ جنازہ کا طریقہ (صفحات:21):
ایک مسلمان کے دوسرے مسلمان پر لازم حقوق میں سے ایک حق فوت ہوجانے والے مسلمان کی نمازِ جنازہ پڑھنا بھی ہے۔ نمازِ جنازہ کے متعلق یہ رسالہ2 آیاتِ قراٰنیہ، 8ارشاداتِ نبویہ، 22 شرعی و فقہی احکام،10اقوالِ بزرگانِ دین اور3 واقعات و حکایات پر مشتمل ہے جس میں نمازِ جنازہ کی اہمیت،شرعی حیثیت، اجر و ثواب، میت کو نہلانے، کفن پہنانے، خوشبو لگانے، جنازے کے ساتھ جانے اور کندھا دینے کی فضیلت، اس کا طریقہ، جنازہ دیکھ کر پڑھنے کاوِرْد، نمازِ جنازہ کا طریقہ، اس کی دعائیں، اس کے مختلف احکام و مسائل جیسے جوتے پر کھڑے ہوکر جنازہ پڑھنا، چند جنازوں کی اکٹھی نماز، صفیں کتنی ہوں، جنازے کی پوری جماعت نہ ملے تو؟ مردہ بچے کے احکام، مرتد کی نمازِ جنازہ کا شرعی حکم، تعداد بڑھانے کے لیے تاخیر کرنا وغیرہ ایسی بہت سی معلومات اس مختصر رسالے میں درج ہیں۔
مسجدیں خوشبودار رکھیے(صفحات:24):
مسجد کا نام سنتے ہی ایک پاکیزہ مقام کا تصوُّر اُبھرتا ہے، حدیثِ پاک میں مسجدیں بنانے اور انہیں صاف ستھرا اور خوشبودار رکھنے کا فرمایا گیا ہے۔ اس رسالے میں مسجدوں کو خوشبودار رکھنے کی بھرپور ترغیب دلائی گئی ہے جس میں 7احادیثِ طیبہ، 23فقہی احکام، 4فرامین اور ایک حکایت درج ہے۔ منہ،بغل،جسم اورلباس وغیرہ کی بدبو کے ساتھ مسجد میں داخلے کے شرعی احکام،کچی پیاز اور کچا لہسن وغیرہ کھاکر مسجد جانے کا مسئلہ،مسجد کے استنجاخانوں کے متعلق ہدایات، منہ کی بدبو معلوم کرنے کا طریقہ اور اس کا طبی وروحانی علاج،منہ کی صفائی کا طریقہ، دانتوں کی صفائی، خوشبودار تیل بنانے کا طریقہ،خوشبو لگانے کی نیتوں اور مواقع کا بیان اور بہت ساری معلومات رسالے کا حصہ ہیں۔
قسم کے بارے میں مدنی پھول(صفحات:42):
قسم ایک حکمِ شرعی ہے اوراس کے باقاعدہ مسائل ہیں۔ 6آیاتِ مبارکہ، 15احادیثِ کریمہ، 46شرعی احکام و اقوال اور 8 حکایات پر مشتمل یہ رسالہ ایسی ہی معلومات کے متعلق ہے۔ قسم کی تاریخ، تعریف اور اقسام کی تفصیل،سچی قسم کی اہمیت وعظمت اورجھوٹی قسم کی قباحتیں اور نقصانات، بات بات پر قسم کی عادت،قسم کے نافذہونے اور نہ ہونے کے احکام، غیرِخدا کی قسم جیسے ماں باپ کی قسم، کفارۂ قسم کی تفصیلات اور بہت کچھ اس مختصر رسالے میں بیان ہوا ہے۔
عقیقے کے بارے میں سوال جواب(صفحات:22):
عقیقہ سنتِ مُستحبّہ ہے،حضور نبیِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے حسنینِ کریمین رضی اللہُ عنہما کے عقیقے فرمائے اور عقیقہ کی ترغیب دی ہے۔اس رسالے میں 10احادیثِ مبارکہ،33فقہی احکام اور 5اقوال وفرامین کی روشنی میں عقیقے کے فضائل ومسائل بیان کیے گئے ہیں۔عقیقہ کامعنیٰ ومفہوم،اس کا وقت،اس کے جانور کے مسائل، گوشت کی تقسیم کا طریقہ، عقیقے کا جانور کون ذبح کرے اور کھال کس کو دی جائے؟ بچّے کے کان میں اذان دینے کا طریقہ اور نام رکھنے کے مدنی پھول۔ نیز عقیقے کی دعا وغیرہ کے علاوہ بھی کافی معلومات درج ہیں۔
ابلق گھوڑے سوار(صفحات:49):
بقرعید میں قربانی اسلامی شعار ہے، شریعت کا ایک واجب ہے اور اس میں غریبوں کی خیر خواہی ہے۔ اس رسالے میں 2آیاتِ قرآنیہ، 20احادیثِ کریمہ، 60شرعی احکام،7اقوال بزرگانِ دین اور 5حکایات بیان ہوئی ہیں۔قربانی کے فضائل،قربانی میں اخلاص، قربانی کا نصاب،قربانی واجب ہونے کے شرائط و احکام، ذبح کا شرعی طریقہ و مسائل، جانوروں کے ساتھ حُسْنِ سلوک،قربانی میں عقیقے کا حصہ،اجتماعی اور حصے والی قربانی کے ضروری مسائل، کھالوں کے مَصارِف، قَصّاب کے لیے ہدایات، حلال جانور کے 22 اجزا جن کا کھانا منع ہے اور بھی بہت کچھ اس رسالے میں پڑھا جاسکتا ہے۔
حلال طریقے سے کمانے کے 50مدنی پھول(صفحات:22):
زندگی گزارنے کے لیے کمانا ضروری ہے مگر مسلمان کی کمائی شریعت کے مطابق ہونی چاہیے۔ مال کمانے کے دو طریقے معروف ہیں: تجارت اور ملازمت۔اس رسالے میں دوسری صورت کے شرعی احکام بیان ہوئے ہیں۔ ایک قرآنی آیت، 9احادیثِ طیبہ اور52فقہی اقوال کی روشنی میں بالترتیب حلال کمائی کے فضائل اورحرام روزی کی مذمت و نقصانات، سیٹھ اورنوکر، افسرو ملازم، مینیجر،انچارج اورنگران اورتنخواہ دار اور دہاڑی دار نوکروں کے مسائل،چھٹی کرنے اور تاخیر سے آنے یا جلد چلے جانے پر کٹوتی کی تفصیل، کام میں کوتاہی اور سستی کے احکام،امام ومُؤذن کے اجارہ اور مسجد انتظامیہ کے مسائل، وقتِ ملازمت میں ذاتی کاموں یا ادارے کی چیزوں کے ذاتی استعمال کی شرعی حیثیت اور ملازمت سے تعلق رکھنے والے کثیرضمنی مسائل واحکام بھی تحریر کیے گئے ہیں۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* رکن مجلس اسلامک ریسرچ سینٹر المدینۃ العلمیہ کراچی
Comments