خصوصی شمارہ ”خواتین کے لیے اسوۂ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم “ کی اشاعت
اللہ تعالیٰ نے انسانیت کی رہنمائی کے لیے جو عظیم الشان نعمت عطا فرمائی، وہ خاتم النبیین حضرت محمد مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ذاتِ گرامی ہے۔ آپ کی حیاتِ طیبہ محض تاریخی واقعات كا مجموعہ نہیں، بلکہ ہر دور، ہر خطے اور ہر طبقے کے لیے مکمل ضابطہ حیات ہے۔ قراٰن مجید میں اللہ تعالیٰ نے واضح طور پر فرمایا:
لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰهِ اُسْوَةٌ حَسَنَةٌ
ترجَمۂ کنزُالایمان: بےشک تمہیں رسول اللہ کی پیروی بہتر ہے۔(پ21،الاحزاب:21)
(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی زندگی کا ہر پہلو، ہر عمل، ہر قول اور ہر فعل ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔
سیرت النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا مطالعہ محض علمی یا تاریخی دلچسپی کا سامان نہیں ہے بلکہ یہ ایمان کا لازمی تقاضا اور روحانی ترقی کا بنیادی ذریعہ ہے۔ جب کوئی مومن آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرت کا مطالعہ کرتا ہے تو اس کے دل میں آپ کی محبت میں اضافہ ہوتا ہے، ایمان کی تازگی نصیب ہوتی ہے اور زندگی گزارنے کا صحیح طریقہ معلوم ہوتا ہے۔ حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی محبت ایمان کی شرط ہے اور یہ محبت اس وقت پختہ ہوجاتی ہے جب ہم آپ کی حیاتِ مبارکہ کو قریب سے جانیں، آپ کے اخلاقِ کریمانہ سے واقف ہوں اور آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی تعلیمات کو اپنی زندگی میں اتاریں۔
یوں تو ہر طبقہ سے متعلق مرد و خواتین کے لیے سیرت مبارکہ کا مطالعہ بہت اہمیت کا حامل ہے، البتہ خواتین کے لیے سیرت النبی کا مطالعہ کئی اعتبار سے الگ ہی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے عورتوں کو وہ مقام عطا فرمایا جو تاریخ میں کسی نے نہیں دیا۔ جس معاشرے میں بیٹیوں کو زندہ درگور کر دیا جاتا تھا، جہاں عورت کو وراثت میں منتقل ہونے والا سامان سمجھا جاتا تھا، جہاں اسے کوئی حقوق حاصل نہ تھے، وہاں آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے خواتین کو عزت، احترام اور حقوق سے نوازا۔ آپ نے فرمایا کہ جنت ماں کے قدموں تلے ہے، بیٹیوں کی تربیت پر جنت کی بشارت دی اور اہلِ خانہ کے ساتھ حسنِ سلوک کرنے والوں کو بہترین قرار دیا۔
آج کے دور میں جب خواتین مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہی ہیں، جب وہ اپنی شناخت، اپنے حقوق اور اپنی ذمہ داریوں کے بارے میں الجھنوں میں مبتلا ہیں، جب مغربی تہذیب اور جدیدیت کے نام پر انہیں گمراہ کیا جا رہا ہے، ایسے میں سیرت النبی کا مطالعہ ان کے لیے روشنی کا مینار ثابت ہو سکتا ہے۔ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرتِ مبارکہ میں وہ تمام جوابات موجود ہیں جو ایک خاتون کو اپنی زندگی کے مختلف مراحل میں درکار ہوتے ہیں۔
شعبہ اسلامی بہنیں (دعوتِ اسلامی)کے شعبہ ”ماہنامہ خواتین“ کی طرف سے حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے 1500 سالہ جشنِ ولادت باسعادت کی مناسبت سے یہ خصوصی شمارہ ” خواتین کے لیے اسوۂ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم “ شائع کیا گیا ہے جو تمام عاشقانِ رسول کے لیے بالعموم اور خواتین کے لیے بالخصوص ایک انمول تحفہ ہے۔ یہ شمارہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرت کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کراتا ہے اور بتاتا ہے کہ خواتین کس طرح اپنی زندگی کو سیرت نبوی کے سانچے میں ڈھال سکتی ہیں۔
یہ خصوصی شمارہ اس لحاظ سے منفرد اور قابل قدر ہے کہ اس میں سیرت النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو خاص طور پر خواتین کے تناظر میں پیش کیا گیا ہے۔ خواتین کی زندگی کے مختلف پہلوؤں، ان کے مسائل، ان کی ذمہ داریوں اور ان کی ضروریات کو مدِّنظر رکھا گیا ہے۔ اس کی کثیر خصوصیات میں سے چند یہ ہیں کہ
*یہ خصوصی شمارہ اُمّتِ مسلمہ کی خواتین کے لیے ایک انمول تحفہ ہے جو سیرت النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی روشنی میں ان کی زندگی کے ہر پہلو کو مُنوَّر کرتا ہے۔
*اس شمارے میں خواتین کو روزمرّہ زندگی کے معاملات سے لے کر روحانی ترقی تک کی جامع اور عملی رہنمائی ملتی ہے۔
*صحابیات رضی اللہ عنہن کی مثالی زندگیوں سے بھرپور یہ مجموعہ ایمانی جذبے، محبتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور ایثار کی بے مثال داستانیں پیش کرتا ہے۔
*یہ شمارہ مَردوں کو بھی ازدواجی اور خاندانی زندگی میں نبوی تعلیمات کی اہمیت سے آگاہ کرتا ہے۔
*خواتین کی دینی تعلیم و تربیت کے لیے یہ ایک منفرد ذریعہ ہے جو قراٰن و سنت کی روشنی میں مرتب کیا گیا ہے۔
*یہ سیرت نمبر والدین کو اپنی بیٹیوں کی اسلامی تربیت کے لیے سیرت النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے رہنمائی حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتاہے۔
*اس مجموعے میں اسلام کی وہ تعلیمات موجود ہیں جو خواتین کو معاشرے میں عزت و احترام کا صحیح مقام دلاتی ہیں۔
*خواتین کی معاشرتی، خاندانی اور اجتماعی ذمہ داریوں کو سیرت النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی روشنی میں واضح انداز میں بیان کیا گیا ہے۔
*یہ شمارہ اخلاقِ حسنہ، کردار سازی اور تزکیہ نفس کے لیے ایک جامع رہنما ہے۔
*خواتین کو خوشگوار اور پرسکون ازدواجی زندگی گزارنے کے نبوی اصول اور طریقے ملتے ہیں۔
*آخرت کی تیاری اور روحانی سکون کے لیے قیمتی ہدایات ملتی ہیں۔
*علما اور خطبا کو خواتین سے متعلق مسائل پر خطاب کے لیے مستند اور جامع مواد میسر آتا ہے۔
*دینی مدارس اور تعلیمی اداروں میں طالبات کو پڑھانے کے لیے یہ ایک بہترین نصابی کتاب ہے۔
*یہ شمارہ پورے خاندان کے ساتھ مِل کر پڑھنے اور سیکھنے کا ایک بہترین ذریعہ بن سکتا ہے۔
*خواتین میں دینی شعور اجاگر کرنے کے لیے یہ ایک مؤثر اور مستند ذریعہ ہے۔
*خواتین کو درپیش مسائل کا حل قراٰن و سنت کی روشنی میں پیش کیا گیا ہے۔
*خواتین کی ذہنی، نفسیاتی اور جذباتی صحت کو بہتر بنانے کے لیے نبوی تعلیمات کا خزانہ موجود ہے۔
*ہر مسلمان خاتون کے لیے یہ شمارہ نہ صرف پڑھنے کے قابل بلکہ اپنی زندگی میں اتارنے کے لیے ایک لازمی تحفہ ہے۔
خلاصہ یہ کہ ”خواتین کے لیے اسوۂ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم “ یہ خصوصی شمارہ ہر مسلمان گھر کی ضرورت ہے۔
شمارہ حاصل کرنے کے لیے آج ہی اپنے قریبی مکتبۃُ المدینہ پر رابطہ کریں یا آن لائن آرڈر کریں۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ، ایم فل علوم اسلامیہ ایڈیٹر ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments