دعوت اسلامی کی مدنی خبریں
نیو کراچی میں دعوتِ اسلامی کا عظیمُ الشان ہفتہ وار اجتماع خلیفۂ امیرِ اہلِ سنّت کا خصوصی بیان اور اجتماعی دعا
کراچی(رپورٹ: ویب ڈیسک):دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام نیو کراچی کے غوثیہ نورانی عیدگاہ گراؤنڈ (11-D) میں”ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماع“ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں مقامی عاشقانِ رسول اور ذمّہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے شرکت کی۔ اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا جس کے بعد محمد عمر عطاری مدنی نے بارگاہِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ تلاوت و نعت کے بعد خلیفۂ امیرِ اہلِ سنّت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنّتوں بھرا بیان فرماتے ہوئے اپنے مخصوص انداز میں سنّتِ رسول اورمبلغینِ اسلام کی سیرت پر عمل پیرا ہونے کی اہمیّت پر روشنی ڈالی۔ اجتماع میں محمد عدنان عطاری نے نہایت ہی پر سوز انداز میں ذِکرُاللہ کروایا جس کے دوران پورا مجمع محبّتِ الٰہی سے سرشار ہوکر ”اللہ ہُو“ کے ذِکر سے گونج اٹھا۔ اجتماع کے آخِر میں خلیفۂ امیرِ اہلِ سنّت نے اُمتِ مسلمہ کی بخشش، ملکِ پاکستان کی سلامتی اور بالخصوص فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے رِقّت انگیز دُعا کروائی۔ آخِر میں دُرُود و سلام کے نذرانے پیش کیے گئے جس پر اس عظیمُ الشان اجتماع کا اختتام ہوا۔واضح رہے کہ یہ اجتماع مدنی چینل پر براہِ راست نشر کیا گیا۔ اجتماع گاہ میں شعبہ روحانی علاج کی جانب سے امیرِ اہلِ سنّت مولانا محمد الیاس عطّار قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا دم کیا ہوا پانی اور تعویذاتِ عطاریہ بھی تقسیم کیے گئے، جس سے بڑی تعداد میں لوگوں نے استفادہ کیا۔
پروفیشنلز کے درمیان نگران شوریٰ حاجی عمران عطاری کا بیان
پروفیشنلز فورم ڈیپارٹمنٹ (دعوتِ اسلامی) کے زیرِ اہتمام14 دسمبر 2025ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ایک سیشن منعقد ہوا جس میں آئی ٹی پروفیشنل، انجینئرز، فنانس اور کارپوریٹ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندَگی سے تعلّق رکھنے والے پروفیشنلز شریک ہوئے نیز اراکینِ شوریٰ حاجی فضیل عطاری اور حاجی عبد الوہاب عطاری بھی موجود تھے۔ نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنّتوں بھرا بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ حسنِ اسلام یہ ہے کہ فضول اور بے فائدہ کاموں کو چھوڑ دیا جائے، اللہ کا ذِکر شیطان سے حفاظت کا ذریعہ ہے، لہٰذا جوشخص یہ چاہتا ہے کہ وہ شیطان سے بچے اُسے چاہیے کہ ذکرُاللہ میں مشغول رہے، تسبیح بھی ہمیں اللہ کے ذِکر کی طرف مائل کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے، ذِکر و دُرُود میں مشغول ہونے سے انسان کے بہت سے مسائل حل ہوجاتے ہیں۔ شرکا نے نگرانِ شوریٰ سے مختلف سُوالات بھی کئے۔ صلوٰۃ و سلام اور دُعا پر سیشن کا اختتام ہوا۔
Skills Enhancement Program کے تحت اسٹوڈنٹس کے درمیان سیشن
FGRF کے ذیلی شعبہ Skills Enhancement Program کے تحت مختلف کورسز کرنے والے اسٹوڈنٹس اور جامعۃُ المدینہ کے طلبۂ کرام کے لیے 18دسمبر2025ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ایک سیشن کا انعقاد ہوا جس میں رکنِ شوریٰ حاجی فضیل عطاری اور SEP کے اسلامی بھائی شریک ہوئے۔ نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے”کامیابی“ کے موضوع پر سنّتوں بھرا بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ شعبے کے قیام کا بنیادی مقصد ”تبلیغِ دین“ ہے اور اس راہ میں کامیابی کے لیے عاجزی نہایت اَہم ہے جس شخص کے مزاج میں عاجزی نہیں ہوتی وہ دین کا کام اَحسن انداز میں نہیں کرسکتا۔ آپ نے مزید کہا کہ ایک خوبی کئی خامیوں پر غالب آتی ہے اور کوئی ایک خامی ساری خوبیوں کو کھاجاتی ہے اور اُس میں سے ایک ایسی خامی جو سب خامیوں کو کھاجاتی ہے وہ اخلاق کی خرابی ہے۔ کامیابی کے لیے مسکراہٹ، ملنساری اور خوش اخلاقی انتہائی ضَروری ہے۔ سیشن میں سُوال جواب کا سلسلہ بھی ہوا۔
کراچی پریس کلب میں صحافیوں کے درمیان رکنِ شوریٰ کا بیان
دعوتِ اسلامی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے تحت کراچی پریس کلب سیمینار ہال میں 17دسمبر 2025ء کوMeet Up کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق صدر پریس کلب امتیاز خان فاران، A.Hخانزادہ، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے سنّتوں بھرا بیان کیا، رکنِ شوریٰ نے کہا کہ نیک اعمال کی بَرَکت سے دنیا میں بھی آسانی ہوتی ہے اور مشکلات ٹلتی ہیں۔
بنکاک میں اسٹوڈنٹس کے درمیان میٹ اپ
فار ایسٹ کے ملک تھائی لینڈ(Thailand) کے سٹی بنکاک (Bangkok) میں دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضان مدینہ میں ایک میٹ اپ کا انعقاد کیا گیا جس میں بنکاک کی مختلف یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی اِداروں کے اسٹوڈنٹس کی شرکت ہوئی۔ رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے نیکی کی دعوت دیتے ہوئے شرکا کو گُناہوں سے بچنے، نیک اعمال کرنے اور قبر و آخِرت کی تیاری کرنے کا ذہن دیا۔
New Year Night کے موقع پر کولمبو میں نگران شوریٰ کا بیان
سری لنکا (Sri Lanka) کے سٹی کولمبو(Colombo) میں قائم جامع مسجد المقبول میں 31دسمبر 2025ء کو New Year Night کے موقع پر دعوتِ اسلامی کے تحت سنّتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا قُرب و جَوار اور مختلف علاقوں سے اسٹوڈنٹس، بزنس کمیونٹی اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کی شرکت ہوئی۔ نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنّتوں بھرا بیان کیا۔ دورانِ بیان نگرانِ شوریٰ نے معاشرتی بُرائیوں کی مذمت بیان کرتے ہوئے بری صحبت اور گناہوں سے بچنے، اللہ پاک کا خوف رکھنے اور نیکیوں بھری زندگی گُزارنے کا ذہن دیا۔ شان و عظمت مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم بیان کرتے ہوئے اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمۃ کے لکھے ہوئے اشعار پڑھے۔ اجتماع کے دوران ہی عاشقانِ رسول نے درود و سلام اور ذکرو اذکار کی صداؤں میں نئے سال 2026ء کا استقبال کیا۔ نیو ایئر نائٹ کے موقع پر سنّتوں بھرے اجتماع میں جامعۃُ المدینہ سے فارغُ التحصیل درسِ نظامی (عالم کورس) مکمل کرنے والے علمائے کِرام کی دستار بندی کی گئی اور صلوٰۃ و سلام پر اجتماع کا اختتام ہوا۔
کوریا میں مختلف ممالک کے عاشقانِ رسول کے درمیان سیشن
یکم جنوری2026ء کو فار ایسٹ کے ملک ساؤتھ کوریا (South Korea) کے سٹی انچن (Incheon) میں قائم مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ایک سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان، بنگلہ دیش، انڈیا، تاجکستان، اُزبکستان، مصر اور عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے بزنس کمیونٹی کے اسلامی بھائی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ عاشقانِ رسول کی شرکت ہوئی۔ اس موقع پر ذمّہ داران و مبلغین دعوتِ اسلامی بھی موجود تھے۔سیشن کے دوران رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری نے بنگلہ باشی عاشقانِ رسول کی دلجوئی کے لیے بنگلہ زبان میں کلام پیش کیا۔ نعت خوانی کے بعد رکنِ شوریٰ نے سنّتوں بھرا بیان فرمایا جس میں شرکائے سیشن کو حسنِ اخلاق اپنانے، بُرے ماحول سے بچنے، عفو و درگزر سے کام لینے اور دینِ اسلام کی خدمت کے جذبے کے ساتھ نیکی کی دعوت عام کرنے کی ترغیب دلائی۔ بیان میں عملی زندگی میں اسلامی تعلیمات کو اپنانے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔آخِر میں صلوٰۃ و سلام کے ساتھ سیشن کا اختتام ہوا۔
For more updates news.dawateislami.net
ڈھاکہ (بنگلہ دیش) میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام عظیم الشان تین دن کا سنّتوں بھرا اجتماع
دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے علاقے آشیان سٹی میں واقع وسیع وعریض گراؤنڈ میں 24 تا 26 دسمبر 2025ء عظیمُ الشان تین دن کا سنّتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا جس میں بنگلہ دیش کے مختلف شہروں اور علاقوں سے تعلّق رکھنے والے علمائے کرام، سیاسی و سماجی شخصیات، بزنس کمیونٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ ہزاروں عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔ تین دن کے اجتماع کے پہلے دن فرض نمازیں باجماعت اَدا کی گئیں، نمازوں کی ادائیگی کے بعدتلاوت ونعت کے ساتھ ساتھ بیانات کا سلسلہ ہوا جن میں مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے سیرتِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے موضوع پر سنّتوں بھرے بیانات کئے جن میں سیرتِ نبوی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی اہمیّت، مسلمانوں کی زندگی پر اس کے اَثرات بیان کیے گئے۔ بیانات میں اولیائے کِرام کی شان و عظمت پر گفتگو ہوئی جس میں اللہ والوں کے واقعات و کرامات اور اقوال بیان کیے گئےخصوصاً خواجہ غریب نواز رحمۃُ اللہ علیہ کی سیرت و کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی اتباع کا ذہن دیا گیا۔ اس کے علاوہ شرکا کو گُناہوں کی ہلاکتیں، پیغامِ فنا، موت کی یاد، قبر و آخِرت کی تیّاری کرنے کی ترغیب دلائی گئی۔ دورانِ اجتماع نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی کی آمد ہوئی جن کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اجتماع کے دوسرے دن مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے قراٰنِ پاک سے محبّت، علمِ دین کی اہمیّت، نَماز کی فضیلت، صحابۂ کرام علیہم الرضوان کی قربانیاں جیسے موضوعات پر سنّتوں بھرے بیانات کیے۔ بیانات میں قراٰنِ پاک کے نزول کے مقاصد، نماز کی پابندی، نماز ترک کرنے کے نقصانات بیان کیے گئے اور شرکا کو تلاوتِ قراٰن اور نماز وں کی پابندی کرنے کا ذہن دیا گیا۔اس کے علاوہ شرکا کوعلمِ دین سیکھنے کی اہمیّت و فضیلت، علماء کے فضائل اور اعمال کی بنیاد علم ہے کہ حوالے سے آگاہی دیتے ہوئے علم دین سیکھنے کی ترغیب دلائی۔ اجتماع کے دوران کفن دفن، نماز اور دیگر دینی امور سیکھنے سکھانے کے حلقے لگائے گئے۔ دوسرے دن نماز عصر کے بعد رئیس مرکزُ الاِقتِصادُ الاسلامی مفتی علی اصغر عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنّتوں بھرا بیان کیا اور انعام یافتہ لوگوں یعنی اَنبیاء، شہداء اور صالحین کے اوصاف بیان کرتے ہوئے ”تقویٰ“ کے موضوع پر گفتگو کی۔ نمازِ عشا کے بعد رکن شوریٰ عبد المبین عطاری نے ”اللہ دیکھ رہا ہے “ کے موضوع پر سنّتوں بھرا بیان کیا۔ اجتماع کے دوسرے دن نماز عشا کے بعد ہونے والی خصوصی نشست میں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنّتوں بھرا بیان کرتے ہوئے بے حیائی اور بے پردگی سمیت معاشرے میں پائی جانے والی دیگر بُرائیوں کی تباہ کاریاں بتائیں اور عاشِقانِ رسول کو ان بُرائیوں سمیت دیگر گناہوں سے بچنے اور نیک اعمال کرنے کا ذہن دیا۔ بیان کے بعد اَوراد و وَظائف اور درود شریف پڑھے گئے، ذکرُ اللہ کا سلسلہ بھی ہوا جبکہ نگران شوریٰ نے اس موقع پر رقّت انگیز دعا کروائی۔ نشست کے اختتام پر صلوٰۃ و سلام پڑھا گیا۔ اجتماع کے تیسرے اور آخِری دن نمازِتہجد مناجات اور رِقّت انگیز دُعاؤں کا سلسلہ ہوا جبکہ مبلغ دعوتِ اسلامی نے ”والدین کی اہمیّت و عظمت“ کے موضوع پر سنّتوں بھرا بیان کیا۔ اجتماع کی اگلی نشست میں مبلغ دعوتِ اسلامی نے ”بدگمانی سے بچیے“ کے موضوع پرسنّتوں بھرا بیان کیا اور بدگمانی کے وبال اور عذاب کے حوالے سے آگاہی دیتے ہوئے اس کی مثالیں بتائیں جبکہ ”حسنِ ظن“ کے فضائل بیان کئے۔ عظیم الشان تین دن کے سنّتوں بھرے اجتماع کی آخری اور خصوصی نشست کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعت شریف سے ہوا۔خصوصی نشست میں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”جنّت کی نعمتوں“ کے موضوع پر سنّتوں بھرا بیان کیا جبکہ رکنِ شوریٰ عبد المبین عطاری نے بنگلہ زبان میں خلاصۂ بیان پیش کیا۔ دورانِ بیان نگرانِ شوریٰ نےدینی اور معاشرتی حوالے سے شرکا کی رہنمائی کی اور گناہوں سے بچنے کا ذہن دیا۔ ذکرِ الٰہی، تصورِ مدینہ اور رقّت انگیز دُعا کے بعد نمازِ جمعہ اور صلوٰۃ و سلام پر تین دن کا عظیم الشان سنّتوں بھرا اجتماع اختتام پذیر ہوا۔
Comments