عیدیں ، اللہ کا تحفہ
ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم مدینۂ منورہ تشریف لائے تو لوگوں کو دیکھا کہ انہوں نے کھیل کود کے لیے دو دن خاص کیے ہیں۔ پوچھنے پر بتایا کہ ہم زمانہ جاہلیت میں ان دنوں میں کھیلا کرتے تھے تو جناب رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: اِنَّ اللّٰہَ قَدْ اَبْدَلَکُمْ بِہِمَا خَیْرًا مِّنْہُمَا یَوْمَ الْاَضْحٰی وَیَوْمَ الْفِطْرِیعنی اللہ پاک نے تمہیں ان دو دنوں کے بدلے دو بہتر دن عطا فرمائے ہیں: ایک عیدُالاَضحیٰ کا دن اور دوسرا عیدُالفطر کا دن۔ ([1])
پیارے بچّو!”زمانۂ جاہلیت“ وہ دور تھا جب لوگوں کو اسلام کی تعلیم نہیں ملی تھی۔ نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے بتایا کہ اللہ پاک نے ہمیں دو بہترین اور پاکیزہ دن دیے ہیں جن میں ہم اللہ کی رضا کے مطابق خوشیاں مناتے ہیں۔
عید الاضحیٰ (بڑی عید) ماہِ ذوالحجہ کی 10 تاریخ کو منائی جاتی ہے۔ یہ حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہما السّلام کی قربانی یاد دلاتی ہے۔ اور رمضان کے روزوں کے بعد عیدُالفطر (چھوٹی عید یا میٹھی عید) پہلی شوال کو منائی جاتی ہے۔
عید کا دن برکت، رحمت اور بخشش والا دن ہے۔ اللہ کا شکر ادا کرنے، اچھے کھانے پکانے، غریبوں کی مدد کرنے، رشتہ داروں سے ملاقات کرنے اور خوشیاں منانے کا دن ہے۔ لفظ عید کا مطلب ہی ”خوشی“ ہے تو اس دن خوش ہونا اور خوشی کا اظہار کرنا چاہیے۔
بچّو!عید کے دن یہ اچّھے کام کریں:
صبح جلدی اٹھیں، نہا دھو کر اچّھے کپڑے پہنیں، ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم عیدُالفطر کے دن کچھ کھا کر نَماز کے لیے تشریف لے جاتے۔([2])ہو سکے تو آپ بھی کچھ کھا کر نَمازِ عید کے لیے جائیں، اپنے بڑوں کے ساتھ نمازِ عید پڑھیں۔ عید گاہ جاتے ہوئے یہ کلمات پڑھیں: اللہ اَکْبَرْ، اللہ اَکْبَرْ، لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہ وَ اللہ اَکْبَرْ، اللہ اَکْبَرْ، وَلِلّٰہِ الْحَمْد ترجمہ : اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ کے سِوا کوئی عِبادت کے لائق نہیں اوراللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے اوراللہ ہی کے لیے تمام خوبیاں ہیں۔([3])رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نَماز عید کے لیے ایک راستے سے تشریف لے جاتے اور دوسرے راستے سے واپس تشریف لاتے۔([4])
اپنے والدین، دادا دادی، نانا نانی، چچا، ماموں سب سے ملیں۔ خاندان کے بُزرگوں کی دست بوسی کریں اور دُعائیں لیں۔ اپنے چھوٹے بھائی بہنوں اور رشتہ داروں کے بچّوں کے ساتھ عید کا دن خوشی خوشی گزاریں ۔
عید خوشی کا دن ہے، کسی سے لڑائی نہ کریں، کسی کو تکلیف نہ دیں، سب کے ساتھ اچّھا سُلوک کریں۔ عیدی ملے تو خوش ہوں، چاہے کم ملے یا زیادہ۔ دوسروں سے موازنہ نہ کریں بلکہ شکر اَدا کریں سارے پیسے کھلونوں اور ٹافیوں وغیرہ میں خرچ نہ کریں کچھ پیسے بچائیں اور اپنی ضَرورت کی چیزوں پر خرچ کریں۔
اللہ پاک ہمیں احادیث پڑھ کر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments