(1)عیدالفطر کا نام میٹھی عید کیوں ہے؟
سُوال: عیدالفطر کو میٹھی عید کیوں کہتے ہیں؟
جواب: عیدالفطر کو میٹھی عید شاید اِس لیے کہا جاتا ہے کہ اِس عید میں عید کی نماز سے پہلے طاق عدد میں (یعنی Odd مثلاً ایک، تین، پانچ، سات) کھجوریں کھائی جاتی ہیں جو کہ مستحب ہے۔ کھجوریں نہ ہوں یا نہیں کھاسکتے تو کوئی سی میٹھی چیز کھا لیجئے۔(مدنی مذاکرہ، یکم شوال المکرم 1441ھ)
(2)زکوٰۃ کی رقم تحفہ یا عیدی کہہ کر دینا کیسا؟
سُوال: اگر کسی رِشتے دار کو زکوٰۃ کی رقم دیں توکیا اُنہیں بتاناضروری ہے کہ یہ رقم زکوٰۃ کی ہے؟
جواب: اگر زکوٰۃ کے حقدار کو تحفہ یا عیدی کہہ کر زکوٰۃ دی تو ادا ہوجائے گی، زکوٰۃ کہنا ضروری نہیں ہے،کیونکہ بعض اَوقات سامنے والا سفید پوش ہوتا ہے اور زکوٰۃ کے نام سے لینا اُس پر گِراں گزرتا ہے۔(مدنی مذاکرہ، 6 محرم الحرام شریف1441ھ)
(3)ایک شعر کی وضاحت
سوال: اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہ علیہ کےاِس شعر کی وَضاحت فرما دیجئے۔
اہلِ عمل کو اُن کے عمل کام آئیں گے
میرا ہے کون تیرے سِوا آہ! لے خبر
(حدائقِ بخشش، ص68)
جواب: اِس شعر میں اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہ علیہ فرما رہے ہیں کہ قیامت کے دِن نیک بندوں کو تو ان کے نیک اَعمال کام آجائیں گے، یَا رسولَ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم آپ کے سِوا قیامت میں میرا کوئی نہ ہو گا۔اِسی طرح کا کسی اور کا شعر ہے ؎
مِرے تو آپ ہی سب کچھ ہیں رَحمتِ عالَم
میں جی رہا ہوں زمانے میں آپ ہی کے لیے
(مدنی مذاکرہ، یکم شوال المکرم 1441ھ)
(4)عورت کا نماز میں اونچی آواز سے قراءت کرنا کیسا؟
سوال:گھر میں عورت اکیلی ہو تو کیا وہ اونچی آواز میں نَماز میں قراءت کرسکتی ہے؟
جواب:عورت کو بلند آواز سے نَماز میں قراءت (قِرا-ءَت) کرنے کی اجازت نہیں، صرف اتنی آواز سے قراءت کرے گی کہ اس کے اپنے کانوں تک آواز پہنچ جائے۔(مدنی مذاکرہ،5ربیع الاوّل 1441ھ)
(5)عورت کا ناک نہ چِھدوانا کیسا؟
سوال: اگر عورت ناک نہ چِھدوائے تو کیا گنہگار ہوگی؟
جواب: گناہ نہیں ہے۔ اب تو شایدعورتوں کے ناک چِھدوانے کا رواج کم ہو گیا ہے، اس کی جگہ اسٹیکر چسپاں کرتے ہیں۔ البتہ! کان چِھدوانے کا رواج باقی ہے یہ بھی کب ختم ہو جائے کوئی پتا نہیں، ہو سکتا ہے کان کا بھی کوئی ایسا اسٹیکر آجائے جو مضبوطی سے چسپاں ہو جائے تو شاید کان چِھدوانے کا رواج بھی ختم ہو جائے گا۔(مدنی مذاکرہ، 10رمضان المبارک 1441ھ)
(6)بچوں میں پڑھائی کا شوق پیدا کرنے کا طریقہ
سوال: بچوں کا پڑھائی میں دِل نہیں لگتا، ان کا دِل پڑھائی میں کیسے لگائیں؟
جواب: اگر بچہ قراٰنِ کریم پڑھنے میں دِل نہیں لگاتا تو اس کا شوق بڑھانے کے لیے وَقتاً فوقتاً کوئی نہ کوئی چیز دی جائے کہ بیٹا! سبق پڑھو تمہیں یہ چیز ملے گی مثلاً کھانے کی کوئی چیز دے دی جو اُسے پسند ہو اور صحت کے لیے نقصان دہ بھی نہ ہو۔ اِسی طرح نوٹ یا سِکّہ دِکھا دیا کہ اگر سبق پڑھو گے تو یہ ملے گا اور اگر پڑھ لے تو اپنا کہا پورا کرے۔بچے کی پسند کی چیز دیں گے تو اُسے جَذبہ ملے گا اور جوش میں آکر پڑھے گا، لیکن ہمیشہ اِس طرح کریں گے تو بچے کی عادت خراب ہوسکتی ہے کہ کوئی چیز ملے تو پڑھے ورنہ نہ پڑھے۔ بہر حال بچے میں پڑھائی کا شوق پیدا کرنے کے لیے کوئی چیز دے کر یا بغیر کوئی چیز دئیے حکمتِ عملی اور پیار سے بہلا پھسلا کر پڑھنے کی عادت ڈلوائیے، جب عادت پڑ جائے گی تو اِن شآءَ اللہ الکریم پڑھتا رہے گا۔(مدنی مذاکرہ، 29رمضان المبارک 1441ھ)
(7)سب سے پہلے ٹڈی ہلاک ہو گی پھر دِیگر مخلوقات
سُوال: کیا دُنیا میں سب سے پہلے ٹڈیاں ختم ہوں گی؟
جواب: حضرتِ سیِّدُنا فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ کے زمانۂ خلافت میں پورے ایک سال تک ٹڈیاں نظر نہ آئیں تو آپ بہت غمگین ہو گئے،آپ رضی اللہ عنہ نے یمن،عراق اور شام کی طرف ایک ایک سوار بھیجا تا کہ وہ ٹڈیوں کے بارے میں معلومات کریں کہ شاید کسی نے کوئی ٹڈی دیکھی ہو۔ جب یمن کی طرف بھیجا جانے والا سوار واپس لوٹا تو اس کے ہاتھ میں کچھ ٹڈیاں تھیں جو آپ رضی اللہ عنہ کے سامنے ڈال دی گئیں جنہیں دیکھ کر آپ رضی اللہ عنہ کے چہرے پر مسکراہٹ آگئی اور بلند آواز سے اللہ اَکْبَر کا نعرہ لگایا اور فرمایا:میں نے رَسُوْلُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ اللہ پاک نے 1000 مخلوقات کو پیدا کیا ہے جن میں سے 600 دَریا میں اور 400 خشکی میں ہیں۔سب سے پہلے ٹڈی ہلاک ہو گی پھر آہستہ آہستہ دِیگر مخلوقات بھی ہلاک ہوتی جائیں گی۔(دیکھئے: شعب الايمان، 7/234، حدیث:10132) حضرتِ فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ کے خوفِ خدا کا یہ عالَم تھا کہ آس پاس صحابۂ کِرام رضی اللہ عنہم موجود ہیں اور دَجّال کا بھی ظہور نہیں ہوا لیکن پھر بھی ٹڈیوں کے نظر نہ آنے سے گھبرا گئے۔ (دیکھئے: مراٰۃ المناجیح، 7/274-مدنی مذاکرہ، 15 شوال المکرم 1441ھ)
(8)کیا پتیلی میں کھانا کھانے والے کی شادی میں بارش ہوتی ہے؟
سُوال: لوگوں میں یہ بات مشہور ہے کہ” پتیلی میں کھانا کھانے والے کی شادی میں بار ش ہوجاتی ہے!“ کیا یہ بات درست ہے؟
جواب: عوام کا یہ خیال غلط ہے۔پتیلی میں ویسے بھی کھانے کا عرف نہیں ہے، پلیٹ وغیرہ میں کھایا جاتا ہے۔ ہاں! اگر کسی کو بھوک زیادہ لگی ہواور پلیٹ نہ ہو یا یوں ہی پتیلی سے کھا لے تب بھی حرج نہیں۔(مدنی مذاکرہ، 2ذوالحجۃ الحرام 1441ھ)
(9)میت کو غسل دینے والے کا اِمامت کرنا کیسا؟
سوال: کیا میّت کو غسل دینے والا شخص نَمازِ جنازہ پڑھا سکتا ہے یا اِمامت کرواسکتا ہے؟
جواب: جی ہاں۔ اگر کوئی شخص میّت کو غسل دیتا ہے تو وہ اَذان بھی دے سکتا ہے، اِمامت کا اَہل ہے تو نَماز بھی پڑھا سکتا ہے، جُمُعہ پڑھانے کا اَہل ہے تو جُمُعہ بھی پڑھا سکتا ہے اور نِکاح بھی پڑھا سکتا ہے۔ میّت کو غسل دینے سے کوئی خرابی پیدا نہیں ہوتی اور نہ میّت کو غسل دینے والے شخص پر غسل فرض ہوتا ہے۔ البتہ میّت کو غسل دینے کے بعد نہالینا مستحب ہے۔ اگر کوئی میّت کو غسل دینے کے بعد نہیں نہاتا تو وہ گُناہ گار نہیں ہے۔(مدنی مذاکرہ، 25ذوالحجۃ الحرام 1441ھ)
Comments