بزرگان دین کے مبارک فرامین


باتوں سے خوشبو آئے

عقل اور خود شناسی کا رشتہ

عقلمند سے اس کی اپنی خامیاں پوشیدہ نہیں رہتیں کیونکہ جس سے اپنی خامیاں چھپی رہتی ہیں اس سے دوسروں کی خوبیاں بھی پوشیدہ رہتی ہیں۔  (ارشادِ ابو حاتم  رحمۃُ اللہ علیہ )(روضۃ العقلاء، ص 22)

زبان کے بیجا استعمال سے گریز کیجیے

بے فائدہ گفتگو مت کرو کیونکہ یہ فُضُول ہے اور تمہارے گناہگار  ہونے کا بھی اندیشہ ہے اور مفید بات بھی بے موقع نہ کرو کیونکہ مفید بات کرنے والے بہت سے لوگ بے موقع مفید بات کرتے اور خود کو مشقت میں ڈالتے ہیں۔

(ارشادِ حضرت ابنِ عباس  رضی اللہ عنہما  )  (احیاء العلوم، 3 / 140 )

جیسا اپنے لیے چاہتے ہو ویسا کرو

اپنے مسلمان بھائی سے ایسا برتاؤ کیا کرو جیسا تم چاہتے ہو کہ وہ تمہارےساتھ کرے۔

(ارشادِ حضرت ابنِ عباس  رضی اللہ عنہما  ) (احیاء العلوم، 3 / 140 )

احمد رضا کا تازہ گلستاں ہے آج بھی

فرائض کے بغیرنوافل پڑھنا

بے ادا فرائض کے نوافل ادا کرنے والےنمازی کی مثال یوں ہے جیسے کوئی تاجر بغیر سرمایہ کے نفع حاصل کرنا چاہے۔

(فتاویٰ رضویہ، 10 / 340)

روضۂ انور کی شبیہ بھی قابلِ تعظیم ہے

روضہ منوّرہ حضور پُر نور سیدِ عالم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی نقلِ صحیح بلاشُبہ معظماتِ دینیہ سے ہے اس کی تعظیم و تکریم بروجہِ شرعی ہر مسلمان صحیح الایمان کا مقتضاءِ ایمان ہے۔ (فتاویٰ رضویہ، 21 / 420)

امت پر رسول اللہ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا حق

تمام امت پر رسول اللہ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کا حق ہے کہ جب حضور پُر نور  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے آثارِ شریفہ سے کوئی چیز دیکھیں یا وہ شے دیکھیں جو حضور کے آثارِ شریفہ سے کسی چیز پر دلالت کرتی ہو تو اس وقت کمالِ ادب و تعظیم کے ساتھ حضور پُرنور سیدِ عالم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کا تصوّر لائیں اور درود و سلام کی کثرت کریں۔

(فتاویٰ رضویہ، 21 / 422)

عطّار کا چمن کتنا پیارا چمن

ایک کےانتظار میں دوسرے کو انتظار مت کروائیے

 کسى کےانتظار مىں دوسرے کو انتظار کى آگ مىں نہىں جھونکنا  چاہىے۔(مدنى مذاکرہ،3جمادى الاخرىٰ،  1445)

مسجد میں شاہ و گدا سب برابر

کوئی کتنا ہی وی آئی پی کیوں نہ ہو اللہ کے گھر میں  کاہے کا وی آئی پی ! جس کو جہاں جگہ ملى وہ کھڑا ہوجائے۔

(مدنى مذاکرہ، 3جمادى الاخرىٰ،  1445)

دوسروں کو قناعت پر مجبور نہ کیا جائے

بندہ خود اگر کم روزى مىں گزارا کرتاہے ىا فاقہ کرلىتاہے ىا بھوکا رہتا ہے تو اس کا مطلب ىہ نہىں کہ ىہ اپنے ماتحت جتنے ہىں سب کو اس کے لىے مجبور کردے۔(مدنى مذاکرہ،3جمادى الاخرىٰ،  1445)

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی


Share