حضرت سیلمان علیہ السلام اور قرآن


حضرت سلیمان علیہ السّلام اور قرآن


حضرت سلیمان علیہ السّلام وہ عظیم الشان نبی ہیں کہ جنہیں اللہ کریم نے نبوت کے ساتھ عظیم بادشاہت بھی عطا فرمائی یہاں تک کہ انسانوں کے ساتھ ساتھ جنّات، پرندوں اور ہواؤں پربھی آپ کی حکومت تھی، یہاں اُن آیات کا ذکر کیا جارہا  ہے جن میں آپ علیہ السّلام کا ذکر ہے:

(1)حضرت سلیمان علیہ السّلام اللہ تعالیٰ کی عطا:

حضرت سلیمان علیہ السّلام کا یہ شرف ہے کہ آپ اللہ تعالیٰ کی خاص عطا ہیں، چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

وَ وَهَبْنَا لِدَاوٗدَ سُلَیْمٰنَؕ-نِعْمَ الْعَبْدُؕ-اِنَّهٗۤ اَوَّابٌؕ(۳۰)

ترجَمۂ کنزُالایمان: اور ہم نے داؤد کو سلیمان عطا فرمایا کیا اچھا بندہ بے شک وہ بہت رجوع لانے والا۔

(پ23، صٓ: 30)

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

(2)اپنے والد کے جانشین:

حضرت سلیمان علیہ السّلام اپنے والد حضرت داؤد علیہ السّلام کے جانشین ہیں چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

وَ وَرِثَ سُلَیْمٰنُ دَاوٗدَ

ترجَمۂ کنزُالایمان: اور سلیمان داود کا جانشین ہوا۔

(پ19، النمل:16)

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

آیت میں نبوت، علم اور ملک کی جانشینی مراد ہے مال کی وراثت مراد نہیں۔ ‏‏(صراط الجنان، 7/186)

(3)آپ پرندوں کی بولی سمجھتے:

اللہ پاک نے پرندوں کی بولی بھی آپ علیہ السّلام کو سکھائی چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

وَ قَالَ یٰۤاَیُّهَا النَّاسُ عُلِّمْنَا مَنْطِقَ الطَّیْرِ

ترجَمۂ کنزُالایمان: اور کہا اے لوگو ہمیں پرندوں کی بولی سکھائی گئی۔

(پ19، النمل: 16)

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

چیونٹیوں کی ملکہ نے اپنی دیگر چیونٹیوں سے جو کہا قرآن کریم میں اس کا ذکر یوں ہوا:

یّٰۤاَیُّهَا النَّمْلُ ادْخُلُوْا مَسٰكِنَكُمْۚ-لَا یَحْطِمَنَّكُمْ سُلَیْمٰنُ وَ جُنُوْدُهٗۙ-وَ هُمْ لَا یَشْعُرُوْنَ(۱۸)

ترجَمۂ کنز الایمان: اے چیونٹیو اپنے گھروں میں چلی جاؤ تمہیں کچل نہ ڈالیں سلیمان اور اُن کے لشکر بے خبری میں۔

(پ19، النمل:18)

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

جب چیونٹی نے یہ کہا تو حضرت سلیمان علیہ السّلام نے دور سے ہی اس چیونٹی کی بات سن لی اور مسکرا دیئے، چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

فَتَبَسَّمَ ضَاحِكًا مِّنْ قَوْلِهَا وَ قَالَ رَبِّ اَوْزِعْنِیْۤ اَنْ اَشْكُرَ نِعْمَتَكَ الَّتِیْۤ اَنْعَمْتَ عَلَیَّ وَ عَلٰى وَالِدَیَّ وَ اَنْ اَعْمَلَ صَالِحًا تَرْضٰىهُ وَ اَدْخِلْنِیْ بِرَحْمَتِكَ فِیْ عِبَادِكَ الصّٰلِحِیْنَ(۱۹)

ترجَمۂ کنز الایمان: تو اس کی بات سے مسکرا کر ہنسا اور عرض کی اے میرے رب مجھے توفیق دے کہ میں شکر کروں تیرے احسان کا جو تو نے مجھ پر اور میرے ماں باپ پر کیے اور یہ کہ میں وہ بھلا کام کرو ں جو تجھے پسند آئے اور مجھے اپنی رحمت سے اپنے ان بندوں میں شامل کر جو تیرے قرب خاص کے سزاوار ہیں۔

(پ19، النمل:19)

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

(4)ہواؤں پر حکومت:

اللہ تعالیٰ نے آپ کو ہواؤں پر بھی حکومت عطا فرمائی ہے چنانچہ قرآن کریم میں ہے:

وَ لِسُلَیْمٰنَ الرِّیْحَ عَاصِفَةً تَجْرِیْ بِاَمْرِهٖۤ اِلَى الْاَرْضِ الَّتِیْ بٰرَكْنَا فِیْهَاؕ-وَ كُنَّا بِكُلِّ شَیْءٍ عٰلِمِیْنَ(۸۱)

ترجَمۂ کنز الایمان: اور سلیمان کے لیے تیز ہوا مسخر کردی کہ اس کے حکم سے چلتی اس زمین کی طرف جس میں ہم نے برکت رکھی اور ہم کو ہر چیز معلوم ہے۔

(پ17، الانبیآء: 81)

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

(5)آپ علیہ السّلام کے لشکر:

آپ علیہ السّلام کے لشکر میں انسانوں کے علاوہ جنّات اور پرندے بھی ہوتے تھے چنانچہ اللہ پاک نے فرمایا:

وَ حُشِرَ لِسُلَیْمٰنَ جُنُوْدُهٗ مِنَ الْجِنِّ وَ الْاِنْسِ وَ الطَّیْرِ فَهُمْ یُوْزَعُوْنَ(۱۷)

ترجَمۂ کنزُالایمان: اور جمع کیے گئے سلیمان کے لیے اس کے لشکر جنّوں اور آدمیوں اور پرندوں سے تو وہ روکے جاتے تھے۔

(پ19، النمل: 17)

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

(6)آپ کے لیے جنّات کام کرتے:

جنات حضرت سلیمان علیہ السّلام کے لیے کام کرتے چنانچہ ارشاد ہے:

یَعْمَلُوْنَ لَهٗ مَا یَشَآءُ مِنْ مَّحَارِیْبَ وَ تَمَاثِیْلَ وَ جِفَانٍ كَالْجَوَابِ وَ قُدُوْرٍ رّٰسِیٰتٍؕ-اِعْمَلُوْۤا اٰلَ دَاوٗدَ شُكْرًاؕ-وَ قَلِیْلٌ مِّنْ عِبَادِیَ الشَّكُوْرُ(۱۳)

ترجَمۂ کنز الایمان: اس کے لیے بناتے جو وہ چاہتا اونچے اونچے محل اور تصویریں اور بڑے حوضوں کے برابر لگن اور لنگردار دیگیں اے داود والو شکر کرو اور میرے بندوں میں کم ہیں شکر والے۔

(پ22، سبا:13)

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں تمام انبیائے کرام علیہمُ الصّلوٰۃُ والسّلام اور نیک بندوں کی محبت عطا فرمائے اور ان کی سیرت و تذکرہ پڑھ کر عمل کرنےکی توفیق عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*(درجہ خامسہ جامعۃ المدینہ فیضانِ حسن و جمالِ مصطفیٰ کراچی )


Share