مطالعۂ عقائد کی ضرورت و اہمیت
اسلام ایک مکمل دین ہے جو انسان کی زندگی کے ہر پہلو میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ دینِ اسلام میں عقائد کو بنیادی حیثیت حاصل ہے کیونکہ اعمال کی درستی کا دار و مدار صحیح عقیدے پر ہوتا ہے۔ اگر انسان کے عقائد درست ہوں تو اس کے اعمال بھی معتبر ہوتے ہیں۔ ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے دین کے بنیادی عقائد کو سمجھے اور ان پر یقین رکھے۔اسی لیے مطالعۂ عقائد کی ضرورت اور اہمیت بہت زیادہ ہے۔
عقیدہ ان دینی امور کانام ہے جن پردل بغیر کسی شک وشبہ اور تردد کے پختہ ہو جائے۔(حدیقہ ندیہ،1/96) اسلام کے بنیادی عقائد میں اللہ تعالیٰ کی وحدانیت، فرشتوں پر ایمان، آسمانی کتابوں پر ایمان، انبیائے کرام علیہمُ السّلام پر ایمان، قیامت کے دن پر ایمان اور تقدیر پر ایمان شامل ہیں۔ یہ تمام عقائد مسلمان کے ایمان کی بنیاد ہیں۔ اگر انسان ان عقائد سے ناواقف ہو تو وہ دین کو صحیح طور پر نہیں سمجھ سکتا۔
آیئے مطالعۂ عقائد کی اہمیت و ضرورت کے متعلق چند اہم نکات پڑھیے اور عمل کیجیے:
(1)عقائد سے متعلق آگاہی گناہوں سے بچاتی ہے:
مطالعۂ عقائد کی ایک بڑی اہمیت یہ ہے کہ اس سے انسان کا ایمان مضبوط ہوتا ہے۔ جب کوئی شخص اللہ تعالیٰ کی قدرت، اس کی صفات اور دین کی حقیقت کو جانتا ہے تو اس کے دل میں یقین پیدا ہوتا ہے۔ یہ یقین انسان کو نیک اعمال کی طرف لے جاتا ہے اور گناہوں سے بچنے میں مدد دیتا ہے۔
(2)عقائد کا مطالعہ اور حق و باطل میں فرق:
مطالعۂ عقائد سے انسان کو غلط نظریات کی نشاندہی کرنے میں مدد دیتا ہے جس سے اسے حق و باطل کی تمییز حاصل ہوتی ہے۔ ہر دور میں کچھ لوگ دین کے بارے میں غلط خیالات پھیلاتے رہے ہیں۔ اگر مسلمان اپنے عقائد سے واقف نہ ہو تو وہ آسانی سے دھوکے میں آ سکتا ہے۔ لیکن جب اسے صحیح علم حاصل ہو تو وہ حق اور باطل میں فرق کر سکتا ہے۔
(3)مطالعہ عقائد عملی زندگی پر اثر انداز:
مطالعۂ عقائد انسان کے کردار پر بھی اچھا اثر ڈالتا ہے۔ جو شخص آخرت پر یقین رکھتا ہو وہ برے کاموں سے بچنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس طرح عقائد انسان کی عملی زندگی کو بہتر بناتے ہیں۔
(4)قلبی سکون اور اطمینان:
جب کوئی شخص عقائد کا مطالعہ کرکے اسلامی عقائد میں پختگی حاصل کرلے تو وہ بےیقینی کی پریشان کن صورت حال سے چھٹکارا پالیتا ہے اور اپنی زندگی کے پرسکون مرحلے میں قدم رکھ پاتا ہے۔
مطالعۂ عقائد ہر مسلمان کے لیے نہایت ضروری ہے۔ اس سے ایمان مضبوط ہوتا ہے، دین کی صحیح سمجھ پیدا ہوتی ہے، گمراہی سے حفاظت ملتی ہے اور کردار سنورتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے عقائد کا علم حاصل کریں اور اپنی زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق گزارنے کی کوشش کریں۔
اللہ پاک ہمیں درست عقائد کے متعلق آگاہی حاصل کرنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
Comments