دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں


ملاوی میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام عظیم الشان اجتماع نگرانِ شوریٰ کے ہاتھوں 117 افراد مشرف بہ اسلام:

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام افریقی ملک ملاوی کے شہر بلانٹائر میں واقع روبنز پارک، کواچا روڈ پر ایک عظیم الشان سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی باشندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ 10مئی 2026ء کو منعقد ہونے والے اس روحانی اجتماع میں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے خصوصی شرکت کی اور دینِ اسلام کی آفاقی و پُرامن تعلیمات پر جامع بیان فرمایا۔ نگرانِ شوریٰ نے انسانی زندگی کے حقیقی مقصد اور خالقِ کائنات کی وحدانیت پر روشنی ڈالتے ہوئے شرکا کو نیکی کی دعوت پیش کی جس کے شرکا پر انتہائی گہرے اثرات مرتب ہوئے۔ اجتماع کے اختتام پر ایمان افروز مناظر اس وقت دیکھنے کو ملے جب نگرانِ شوریٰ کی دعوتِ حق سے متأثر ہو کر وہاں موجود مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے کم و بیش 117 افراد نے اپنی مرضی سے دینِ اسلام کو اپنانے کا اعلان کیا۔ نگرانِ شوریٰ نے ان تمام افراد کو کلمۂ طیبہ پڑھا کر دائرہ اسلام میں داخل کیا اور انہیں سابقہ عقائد سے توبہ کرواتے ہوئے اسلامی زندگی کے زریں اصولوں سے روشناس کروایا۔

فیضانِ مدینہ لاہور میں ”مبادیاتِ اسلامی بینکاری و مالیات“ورکشاپ کا انعقاد، سینکڑوں طلبہ کی شرکت:

دعوتِ اسلامی کے علمی و تحقیقی ادارے ”مرکز الاقتصاد الاسلامی“ (Islamic Economics Centre) کے زیرِ اہتمام مدنی مرکز فیضانِ مدینہ، جوہر ٹاؤن میں دو روزہ علمی و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس کا عنوان ”مبادیاتِ اسلامی بینکاری و مالیات“ تھا۔ 22اپریل2026ء سے شروع ہونے والی اس دوروزہ تربیتی نشست میں لاہور بھر کے جامعات المدینہ (بوائز) کے درجہ خامسہ سے دورۃُ الحدیث شریف تک کے کم و بیش 900 طلبہ نے شرکت کی۔ اس ورکشاپ کا بنیادی مقصد مستقبل کے علمائے کرام کو جدید معاشی چیلنجز، اسلامی مالیات کے بنیادی تصورات اور بینکاری کے شرعی اصولوں سے عملی طور پر آگاہ کرنا تھا تاکہ وہ میدانِ عمل میں بہتر انداز سے رہنمائی کرسکیں۔ ورکشاپ کے مختلف سیشنز سے ماہرِ امورِ تجارت مفتی علی اصغر عطاری مُدَّظِلُّہُ العالی سمیت نامور اسکالرز مولانا حسان عطّاری مدنی، مولانا ساجد عطّاری مدنی اور مولانا ماجد عطّاری مدنی نے خصوصی لیکچرز دیئے۔ اسکالرز نے اسلامی نظامِ معیشت کی اہمیت، سود کی ممانعت اور عصرِ حاضر میں رائج مالیاتی لین دین کے شرعی متبادلات پر سیر حاصل گفتگو کی۔

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مری میں”سیرت مصطفٰی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سیمینار “ کا انعقاد:

27اپریل 2026ء کو دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مری میں ”سیرتِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سیمینار“ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ بار کے صدر، عہدیداران، ججز اور وکلا نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے ”سیرت النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم“ پر سنتوں بھرا بیان کیا۔ رکنِ شوریٰ نے شرکا کو سیرتِ مصطفیٰ کا مطالعہ کرنے، سنت کی اتباع میں زندگی گزارنے، لوگوں کو انصاف فراہم کرنے، بے سہاروں کا سہارا بننےاور دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ رہنے کا ذہن دیا۔

سویڈن میں عظیم الشان سنتوں بھرا اجتماع خلیفۂ امیرِ اہلِ سنّت نے سنتوں بھرا بیان کیا:

یکم مئی 2026ء کو اسٹاک ہوم، سویڈن کے مقامی کمیونٹی سینٹر میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ایک روح پرور سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں سویڈن، ناروے اور ڈنمارک سمیت مختلف یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے تاجروں، طلبہ اور پیشہ ور افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تلاوت و نعت کے بعد خلیفۂ امیرِ اہلِ سنّت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی نے سنتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی پیروی، توبہ و استغفار اور فکرِ آخرت کے موضوع پر بصیرت افروز بیان کرتے ہوئے شرکا کو گناہوں سے بچنے، نیک اعمال کرنے اور دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ رہنے کی ترغیب دی۔

Canadaمیں عاشقانِ رسول کا اجتماع حاجی عبد الحبیب عطاری کا خصوصی بیان:

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 14اپریل 2026ء کو ڈیرا بینکویٹ ہال، کیلگری (کینیڈا) میں ایک پُروقار سنتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے تاجروں، طلبہ اور پیشہ ور افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے آغاز میں رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری نے اردو اور انگریزی زبان میں گلدستۂ نعت پیش کیا جس کے بعد ”اچھی صحبت کے فوائد“ پر بیان کرتے ہوئے واضح کیا کہ نیک لوگوں کی رفاقت اللہ کی رحمت اور فرشتوں کے نزول کا باعث بنتی ہے۔ انہوں نے شرکا کو گناہوں سے بچنے، فکرِ آخرت کرنے اور دعوتِ اسلامی


کے دینی ماحول سے مستقل وابستہ رہ کر اپنی زندگیوں کو شریعت کے مطابق ڈھالنے کا ذہن دیا۔



* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ، دعوتِ اسلامی کے شب وروز، کراچی



Share