امانت داری اپنائیے
ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: لَا اِيْمَانَ لِمَنْ لَا اَمَانَةَ لَهٗ یعنی جس میں امانت داری نہیں اس کا ایمان (مضبوط)نہیں۔ (مسند احمد، 19/376، حدیث:12383)
پیارے بچو! ہمارا پیارا دین ہمیں بہت پیاری باتیں سکھاتا ہے، جن میں سے ایک اہم ترین خوبی ”امانت داری“ ہے۔ آئیے: اس خوبی کے بارے میں جانتے ہیں:
امانت کا مطلب ہے: وہ چیزیا پیسے وغیرہ جو کسی کے پاس حفاظت کے لیے رکھے جائیں۔ جو امانت داری اپناتا ہے اسے امین کہتے ہیں جبکہ خیانت کرنے والے کو خائن کہتے ہیں۔
امانت داری دینِ اسلام کی بنیادی تعلیمات میں سے ہے، ایک سچے مسلمان کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ امانت دار ہو۔امانت دار بچہ اللہ پاک اور اس کے رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو بہت پسند ہے۔امانت داری سے لوگوں میں عزت، محبت اور اعتماد بڑھتا ہے۔
آپ کے چھوٹے بھائی نے اپنا غُلَّک (Saving Box) آپ کے پاس رکھوایا، اگر آپ نے اس میں سے ایک پیسہ بھی نہیں لیا اور واپس کر دیا تو آپ نے امانت داری اختیار کی اور اگر اس میں سے کچھ پیسے چھپا لیے تو یہ خیانت ہے جو کہ منع ہے۔
یاد رکھیں کہ امانت کا مفہوم بہت وسیع ہے اس کے علاوہ چیزوں میں بھی امانت داری کا مفہوم پایا جاتا ہے: مثلاً اگر آپ کے کسی دوست نے آپ کو کوئی چھپی ہوئی بات بتائی اور آپ نے وہ دوسرے بچوں کو بتا دی، تو آپ نے اس کی امانت (راز) میں خیانت کی۔ٹیچر کی طرف سے ملا ہوا ہوم ورک بھی امانت ہے اسے بھی مکمل ذمہ داری کے ساتھ پورا کریں، اسی طرح گھر کی باتیں بھی امانت (راز) ہوتی ہیں وہ بھی باہر نہیں بتانی چاہیے۔
اچھے بچو! ہمیشہ لوگوں کی چیزوں اور حقوق کے محافظ و امین بنیں اور کبھی بھی امانت میں خیانت نہ کریں اور کسی کا اعتماد نہ توڑیں اور ایک اچھا انسان بنیں۔
پیارے بچو! امانت داری وہ خوبی ہے جس کی وجہ سے غیر مسلم بھی ہمارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے دشمن ہونے کے باوجود اپنا قیمتی سامان آپ کے پاس رکھتے تھے اسی وجہ سے آپ ”امین“ کے لقب سے مشہور تھے، آپ علیہ السّلام نے ہجرت کے موقع پر دشمنوں کی امانتیں بھی حضرت علی رضی اللہ عنہ کے سپرد کیں تاکہ وہ ان کے مالکوں تک پہنچائی جائیں۔ ہمیں بھی چاہیے کہ اپنی زندگی کا ہر معاملہ چھوٹا ہو یا بڑا، اس میں امانت داری اپنائیں اور شروع میں لکھی حدیث پاک پر عمل کریں۔
اللہ پاک ہمیں ایک سچا اور پکا امانت دار مسلمان بننے کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments