اور سب منہ جھک جائیں گے اس زندہ قائم رکھنے والے کے حضور اور بےشک نامراد رہا جس نے ظلم کا بوجھ لیا
تفسیر: صراط الجنان
{وَ عَنَتِ الْوُجُوْهُ:اور تمام چہرے جھک جائیں گے ۔} ارشاد فرمایا کہ حشر کے
دن تمام چہرے اس خدا کے حضور جھک جائیں گے جو خود زندہ ، دوسروں
کوقائم رکھنے والا ہے اور ہر ایک شانِ عجز و نیاز کے ساتھ حاضر ہو گا ، کسی
میں سرکشی نہ رہے گی اور اللہ تعالیٰ کے قہر و حکومت کا
کامل ظہور ہو گا اور بیشک وہ شخص ناکام رہا جس نے ظلم کا بوجھ اٹھایا۔ یہاں ظلم
سے مراد شرک ہے اور بے شک شرک شدید ترین ظلم ہے اور جو اس ظلم کے بوجھ تلے دبے
ہوئے مَوقِفِ قیامت میں آئے گا تو اس سے بڑھ کر نامراد کون ہے۔(
خازن، طہ، تحت الآیۃ:
۱۱۱،۳ / ۲۶۴، مدارک، طہ، تحت الآیۃ: ۱۱۱، ص۷۰۳-۷۰۴، ملتقطاً)
سورۃ کا تعارف
سورۂ طٰہٰ
کا تعارف
مقامِ نزول:
سورۂ طٰہٰ مکہ مکرمہ میں نازل ہوئی ہے۔( خازن، تفسیر سورۃ
طہ، ۳ / ۲۴۸)
رکوع اور آیات کی تعداد:
اس میں 8رکوع، 135آیتیں ہیں ۔
’’ طٰہٰ‘‘نام رکھنے کی
وجہ :
طٰہٰ، نبی کریمصَلَّیاللہ
تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَکے مبارک ناموں میں سے ایک نام ہے، اور ا س سورت کی ابتداء میں آپ صَلَّیاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَکو اس نام
سے نداء کی گئی اس مناسبت سے اس سورت کا نام ’’طٰہٰ‘‘ رکھا گیا ہے۔
سورۂ طٰہٰ
کے فضائل:
(1) …حضرت معقل بن یسار رَضِیَ اللہ تَعَالٰی
عَنْہُسے روایت
ہے، حضور پُر نور صَلَّیاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے ارشاد
فرمایا ’’مجھے سورۂ بقرہ ذکر سے عطا کی گئی ہے
، سورۂ طٰہٰ اور سورۂ والطور حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامکی تختیوں سے عطا کی گئی ہیں ، سورۂ فاتحہ اور سورہ ٔبقرہ
کی آخری آیتیں عرش کے نیچے موجود خزانوں
سے عطا کی گئی ہیں اور مُفَصَّل (سورتیں ) اضافی دی گئی ہیں ۔(معجم الکبیر، باب المیم، ابو الملیح بن اسامۃ الہذلی عن معقل بن یسار، ۲۰ / ۲۲۵، الحدیث: ۵۲۵)
(2) … حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی
عَنْہُسے روایت
ہے، رسولُ اللہ صَلَّیاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے ارشاد
فرمایا ’’ اللہ تعالیٰ نے سورۂ طٰہٰ اور سورۂ یٰس کے ساتھ حضرت
آدم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ
وَالسَّلَامکی تخلیق سے ایک ہزار سال پہلے کلام فرمایا اور جب فرشتوں نے قرآن سنا تو کہا: اُس امت کو مبارک ہو جس پر
یہ کلام نازل ہو گا، اُن سینوں کو مبارک
ہو جن میں یہ کلام محفوظ ہو گا اور اُن
زبانوں کو مبارک ہو جو یہ کلام پڑھیں گی۔(شعب الایمان،
التاسع عشر من شعب الایمان۔۔۔ الخ، فصل فی فضائل السور والآیات، ذکر سورۃ بنی
اسرائیل والکہف ۔۔۔ الخ، ۲ / ۴۷۶، الحدیث: ۲۴۵۰)
(3) …حضرت عمر فاروق رَضِیَ اللہ تَعَالٰی
عَنْہُ اسلام
قبول کرنے سے پہلے اسی سورت کی ابتدائی آیات پڑھ کر پکار اٹھے کہ یہ کس قدر حسین
اور عظیم کلام ہے اور اس کے بعد آپ نے اسلام قبول کر لیا۔( الروض الانف، ذکر اسلام عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ،
۲ / ۱۲۲-۱۲۳)
مضامین
سورۂ طٰہٰ
کے مضامین:
اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس میں دین کے عقائد جیسے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور قدرت
، اس کے علاوہ نبوت، مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کیا جانے اور اعمال کی جزاء و سزا
ملنے وغیرہ کو مختلف دلائل سے ثابت کیا گیا ہے اور اس سورت میں یہ چیزیں بیان کی گئی ہیں :
(1) …قرآنِ پاک ا س لئے نازل نہیں کیا
گیا کہ اللہ تعالیٰ کے حبیب صَلَّیاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ مشقت میں پڑ جائیں بلکہ آپ
صَلَّیاللہ
تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَکی ذمہ داری صرف قرآن پاک کے ذریعے نصیحت کرنا، اللہ تعالیٰ کے احکام پہنچا دینا اور خود کو زیادہ مشقت میں ڈالے بغیر عبادت کرنا ہے۔
(2) …حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اور فرعون
کا واقعہ تفصیل کے ساتھ بیان کیا گیا اور اس واقعے میں حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامکو بچپن میں صندوق میں بند کر کے دریا میں ڈالے جانے، حضرت ہارون عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے ساتھ حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ
وَالسَّلَام کوجابر وسرکش فرعون کے پاس بھیجنے اور اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کے بارے
میں اس سے بحث کرنے ،جادوگروں کے ساتھ حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامکا مقابلہ
ہونے، حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو اللہ تعالیٰ کی تائید اور مدد
ملنے، جادو گروں کے ایمان لانے، حضرت
موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ
وَالسَّلَامکا دریا میں راستے بنانے
والا معجزہ ظاہر ہونے، بنی اسرائیل کے دریا پار کرنے، فرعون اور ا س کے لشکر کے
ہلاک ہونے، بنی اسرائیل کا اللہ تعالیٰ کی کثیر نعمتوں کی ناشکری کرنے، سامری کا سونے سے ایک بچھڑا بنا
کر بنی اسرائیل کو گمراہ کرنے اور حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا اپنے
بھائی حضرت ہارون عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامپر اظہار
ِغضب کرنے وغیرہ کا ذکر ہے ۔
(3) …جو قرآن سے منہ پھیرے ،اس پر ایمان نہ لائے اور اس
کی ہدایتوں سے فائدہ نہ اٹھائے ا س کے لئے
جہنم کی سزا کا بیان ہے۔
(4)…قیامت کے دن کی ہولناکیاں اور اس دن مجرموں کے احوال بیان کئے گئے ہیں ۔
(5) …حضرت آدم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَاماور ابلیس
کا واقعہ بیان کیا گیا۔
(6) … اللہ تعالیٰ کی
ہدایت سے رو گردانی کرنے والے کے انجام کا ذکر ہے۔
(7) …نبی کریمصَلَّیاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَکوکفار کی اَذِیَّتوں پر صبر کرنے ، اللہ تعالیٰ
کی عبادت پر قائم رہنے اور گھر والوں کونماز کا حکم دینے کی تلقین کی گئی ہے۔
(8) …فرمائشی معجزات طلب کرنے والے کفار کا رد کیاگیا
ہے۔
مناسبت
سورۂ مریم
کے ساتھ مناسبت:
سورہ طٰہٰ کی اپنے سے ماقبل سورت ’’مریم‘‘ کے ساتھ مناسبت یہ ہے کہ
سورئہ مریم میں اللّٰہعَزَّوَجَلَّ نے کئی انبیاء کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے
واقعات وحالات بیان کیے جن میں سے بعض کے
واقعات وحالات تفصیل کے ساتھ بیان کیے گئے جیسے حضرت
زکریا ،حضرت یحیٰ،حضرت عیسیٰ عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ
وَالسَّلَام ، وغیرہا اور بعض کے مختصراًبیان کیے گئے جیسا کہ حضرت موسیٰ ،حضرت
ادریس عَلَیْہِمَا الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام، وغیرہا
اور کچھ کی طرف اِجمالاً اشارہ کر دیا گیا۔ اب اس سورت میں حضرت موسیٰعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کاقصہ
تفصیل سے بیان کیا گیا ہے کہ آپ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کوکس طرح
نبوت سے سرفراز فرمایا گیا اور آپ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو کس طرح
کے معجزات عطاکیے گئے اور آپ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامنے کس طرح
ظالم بادشاہ کوحق کی دعوت دی اور آپعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام ہی کی دعا
سے آپ کے بھائی کونبوت سے نوازا گیا۔( تناسق الدرر،
سورۃ طہ، ص ۱۰۲، ملخصًا)