مطالعۂ   اخلاقیات  کی ضرورت و اہمیت


مطالعۂ اخلاقیات کی اہمیت و ضرورت


اخلاقیات ان اصولوں اور اقدار کا مجموعہ ہیں جو انسان کو اچھائی اور برائی میں فرق سکھاتے ہیں۔ یہ علم نہ صرف انسان کے ظاہر بلکہ باطن کی بھی اصلاح کرتا ہے۔ ایک مہذب اور کامیاب زندگی گزارنے کے لیے اخلاقیات کا جاننا اور اس پر عمل کرنا بے حد ضروری ہے۔

اسلام میں اخلاقیات کی بنیاد

اسلام نے اخلاقیات کو غیر معمولی اہمیت دی ہے۔ نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا:‏اِنَّمَا بُعِثْتُ لِاُتَمِّمَ مَكَارِمَ الْاَخْلَاقِ ترجمہ: مجھے اس لیے بھیجا گیا ہے کہ میں اچھے اخلاق کو مکمل کر دوں۔

(مسندالبزار، 15/364، حدیث:8949)

شخصیت کی تعمیر میں کردار

مطالعۂ اخلاقیات انسان کی شخصیت کو نکھارتا ہے۔ اس کے ذریعے انسان میں سچائی، دیانت داری، صبر، شکر اور عاجزی جیسی صفات پیدا ہوتی ہیں۔ نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا:‏ اَكْمَلُ الْمُؤْمِنِينَ اِيمَانًا اَحْسَنُهُمْ خُلُقًا ترجمہ: مومنوں میں کامل ایمان والا وہ ہے جس کے اخلاق سب سے اچھے ہوں۔

(ترمذی2/386، حدیث: 1165)

معاشرتی زندگی میں اہمیت

ایک اچھا معاشرہ اسی وقت قائم ہوتا ہے جب اس کے افراد اخلاقی اصولوں پرعمل کریں۔اخلاقیات انسان میں برداشت، رواداری اور دوسروں کے حقوق کا خیال رکھنے کا جذبہ پیدا کرتی ہیں۔نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: اِنَّ مِنْ اَحَبِّكُمْ اِلَيَّ وَاَقْرَبِكُمْ مِنِّي مَجْلِسًا يَوْمَ القِيَامَةِ اَحَاسِنَكُمْ اَخْلَاقًا ترجمہ: تم میں سے مجھے سب سے زیادہ محبوب اور قیامت کے دن میرے قریب وہ ہوگا جس کے اخلاق سب سے اچھے ہوں گے۔

(ترمذی، 3/409، حدیث:2025)

آخرت میں کامیابی کا ذریعہ

اخلاقیات انسان کو نہ صرف دنیا میں کامیاب بناتے  ہیں بلکہ آخرت میں بھی نجات کا سبب بنتے ہیں۔ نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا:‏مَا مِنْ شَيْءٍ اَثْقَلُ فِي مِيزَانِ الْمُؤْمِنِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ مِنْ حُسْنِ الْخُلُقِ ترجمہ: قیامت کے دن مومن کے میزان میں سب سے بھاری چیز اچھا اخلاق ہوگا۔ ( ترمذی، 3/403، حدیث: 2009)

برائیوں سے بچاؤ

مطالعۂ اخلاقیات انسان کوجھوٹ، حسد،تکبر اور خود غرضی جیسی برائیوں سے بچاتا ہے۔ یہ انسان کو اپنی اصلاح کی طرف متوجہ کرتا ہے اور بہتر انسان بننے کی ترغیب دیتا ہے۔

تعلیم اور اخلاق کا امتزاج

صرف دنیاوی تعلیم انسان کو مکمل نہیں بناتی، بلکہ اخلاقی تعلیم بھی ضروری ہے۔ علم کے ساتھ اخلاق شامل ہونے سے انسان نہ صرف کامیاب ہوتا ہے بلکہ دوسروں کے لیے بھی مشعلِ راہ بنتا ہے۔

خاندانی اور معاشرتی استحکام

مطالعۂ اخلاقیات سے گھر کا ماحول بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے جس کے نتیجے میں والدین اور اولاد کے درمیان محبت، احترام اور اعتماد قائم ہوتا ہے اور ایک مضبوط اور پرامن معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔

روحانی ترقی کا ذریعہ

اخلاقیات انسان کو اللہ تعالیٰ کے قریب کرتے ہیں۔ عاجزی، اخلاص اور حسنِ سلوک جیسی صفات دل کو پاکیزہ بناتی ہیں اور انسان کو روحانی سکون عطا کرتی ہیں۔

مطالعۂ اخلاقیات ہر انسان کے لیے نہایت ضروری ہے۔ یہ نہ صرف فرد کی اصلاح کرتا ہے بلکہ پورے معاشرے کو بھی سنوارتا ہے۔ اگر ہم اپنی زندگی میں اچھے اخلاق کی تعلیم اپنائیں اور عمل کریں تو دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔اللہ پاک ہمیں عمل کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


Share