اسلامی تربیت کے مؤثر ذرائع
آج ہم ایک ایسے دور سے گزر رہے ہیں جس میں فتنوں کا سیلاب ہر طرف اُمڈ آیا ہے۔ بدعملی بے راہ روی اور مختلف نظریات و افکار نے انسان کے ذہن و قلب پر گہرے اثرات چھوڑے ہیں۔ ایسے پُرآشوب حالات میں اسلامی تربیت کی ضرورت نہ صرف برقرار ہے بلکہ پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔ یہ تربیت ہی وہ سرچشمہ ہے جو دلوں کو روشنی، ذہنوں کو بصیرت اور کردار کو پاکیزگی عطا کرتی ہے۔ ہمیں ایسے مؤثر ذرائع کو اختیار کرنا ہوگا جو ہمیں نہ صرف دین کی سچائی سے روشناس کروائیں بلکہ ہماری عملی زندگی کو بھی اللہ کی رضا کے سانچے میں ڈھال دیں۔ آئیے! چند ایسے اہم ذرائع ملاحظہ کیجیے جو اسلامی تربیت کے لیے نہایت مفید اور مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں:
(1)اسلامی تربیت میں مساجد کا کردار
اسلامی تربیت میں مسجد کا کردار نہایت اہم اور بنیادی ہے۔ مساجد عبادت کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ایک ایسا تربیتی مرکز ہیں جہاں مسلمان کی روحانی، اخلاقی، علمی اور سماجی تربیت ہوتی ہے۔ نماز، تلاوتِ قرآن اور وعظ و نصیحت کے ذریعے انسان میں ایمان، تقویٰ اور اخوت کے جذبات پروان چڑھتے ہیں۔ مسجد میں باجماعت نماز سے اتحاد، مساوات اور نظم و ضبط کا عملی مظاہرہ ہوتا ہے۔ عہدِ نبوی میں مسجد دینی تعلیم، مشاورت، عدل و انصاف اور فلاحی سرگرمیوں کا مرکز تھی، جہاں سے صحابۂ کرام علیہمُ الرّضوان کودین و دنیا کی راہنمائی ملی۔ آج بھی اگر مساجد اپنے اسی تربیتی کردار کو زندہ کریں تومعاشرے میں اخلاقی بیداری، دینی شعور اور اجتماعی ہم آہنگی پیدا کی جا سکتی ہے۔ الحمدُ للہ فی زمانہ دعوتِ اسلامی نے اس تربیتی ذریعے کو اپناتے ہوئے مسجد کو تربیت و اصلاحِ امت کا مرکز بنا کر مسلمانوں میں دین سے محبت پیدا کی ہے۔ روزانہ نمازِ فجر کے لیے مسلمانوں کو جگاکر مسجد میں لانا، نمازِ فجر کے بعد تفسیر سننے سنانے کا حلقہ لگا کر اس میں قرآن فہمی کی تعلیم دینا، عموماً عشا کی نماز کے بعد مدرسۃ المدینہ بالغان میں قرآنِ کریم پڑھنے پڑھانے کا اہتمام کرنانیز مسجد درس میں فیضانِ سنت کے چند صفحات کے درس کا سلسلہ کرنا، اس کے علاوہ ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات و مدنی مذاکروں کے ذریعے تربیت کرنا یہ سب ایسے ذرائع ہیں جن کے ذریعے دعوتِ اسلامی نے مسجد کے کردار کو زندہ کیا اور لاکھوں مسلمانوں کو نماز، علمِ دین اور سنتوں کی راہ پر گامزن کیاہے۔
(2)تربیتی کورسز اور دینی اجتماعات کا کردار:
اسلامی تربیت کے نہایت مؤثر اور بابرکت ذرائع میں سےدرسِ قراٰن، سیرتِ مصطفیٰ کی کلاسز اور کورسز اور دینی اجتماعات ایسے تربیتی ذرائع ہیں جو انسان کے عقائد کوسنوارنے، اخلاق کو نکھارنے اور دینی شعور کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان میں صرف معلومات نہیں دی جاتیں بلکہ دلوں کی اصلاح، اعمال کی بہتری، اور زندگی کے مقصد کی یاد دہانی کروائی جاتی ہے۔ حقیقت میں یہ دینی اجتماعات اور تربیتی حلقے، عملی تربیت کے مراکز ہوتے ہیں، جہاں بیٹھنے والوں کو نہ صرف علم ملتا ہے بلکہ اللہ اور اس کے رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے تعلق مضبوط کرنے کا جذبہ بھی عطا ہوتا ہے۔الحمدُ للہ دعوتِ اسلامی قراٰن و سنت کی روشنی کو عام کرنے کے لیے مختلف طریقوں سے مسلمانوں کی اصلاح اور تربیت کر رہی ہے۔ یہ تحریک نمازو سنت، اخلاقیات اور اسلامی تعلیمات کی طرف راغب کرنے کے لیے مختلف مواقع پر تربیتی نشستوں کا اہتمام کرتی ہے،وقتاً فوقتاً مختلف شعبہ جات کے افراد کی تربیت کا سلسلہ ہوتا ہے اس کے علاوہ مدنی قافلے بھی سیکھنے سکھانے ایک مؤثر ذریعہ ہیں جس میں حلقے لگاکرشرکا کووضو، غسل اور نماز وغیرہ کے مسائل کی تربیت کی جاتی ہے۔ہرہفتے مدنی مذاکرے کے ذریعے بھی مختلف علمی عملی اور اخلاقی تربیت ہوتی ہے ۔ تربیتی حلقے دعوتِ اسلامی کا اہم حصہ ہیں جن کے ذریعے شرکا کی اخلاقی، روحانی، اورعملی زندگی میں بہتری آتی ہے اور ایک دینی ماحول میسر آتا ہے جو اصلاحِ معاشرہ کے لیے نہایت مفید ہے۔
(3)اسلامی تربیت میں مدرسہ اور استاد کا کردار:
مدرسہ اسلامی تربیت کا بنیادی مرکز اور امت کی فکری و اخلاقی بنیادوں کا محافظ ہے، اور اس میں استاد کا کردار ریڑھ کی ہڈی جیسی اہمیت رکھتا ہے۔ مدرسہ اسلامی تربیت کا وہ ادارہ ہے جہاں علمِ دین سکھایا جاتا ہے، عقیدہ، عبادات اور اخلاق کی اصلاح کی جاتی ہے، اور طلبہ کو قرآن و حدیث کی روشنی میں ایک اچھا مسلمان اور نفع بخش شہری بننے کی تربیت دی جاتی ہے۔ اس ماحول میں استاد صرف معلم نہیں بلکہ مربی، راہنما اور کردار ساز ہوتا ہے جو اپنے عمل، گفتار اور اخلاق سے طلبہ کے دلوں میں ایمان، تقویٰ، خیر خواہی کے جذبات بیدار کرتا ہے۔ وہ نصاب کی تیاری، پڑھانے کے انداز، اور طلبہ کی صلاحیتوں کے مطابق راہنمائی کے ذریعے انہیں دین کے خادم اور امت کے رہبر بننے کے قابل بناتا ہے۔ یوں مدرسہ اور استاد مل کر اسلامی تربیت کے وہ مضبوط ستون ہیں جن پر امتِ مسلمہ کی دینی و اخلاقی تعمیر کا دار و مدار ہے۔
(4)اسلامی تربیت اوروالدین کا کردار:
والدین بھی اولاد کی اسلامی تربیت میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، کیونکہ بچے کا پہلا مدرسہ اس کا گھر اور پہلے استاد اس کے والدین ہوتے ہیں۔ اگر والدین خود دین پر عمل کرنے والے، بااخلاق اور تربیت کے اسلامی اصولوں سے واقف ہوں گے تو ان کی اولادبھی نیک، باعمل اور باادب بنتی ہے۔ افسوس کہ آج اکثر والدین دنیاوی معاملات میں تو سختی اور نگرانی کرتے ہیں، مگر دینی امور میں غفلت برتتے ہیں۔ جب اولاد نماز چھوڑتی، مدرسے سے غیر حاضر ہوتی، موبائل و سوشل میڈیا کے غلط استعمال میں مبتلا رہتی یا حرام و ناجائز کاموں میں پڑتی ہے تو اکثر والدین اس پر توجہ نہیں دیتے بلکہ لاڈ پیار اور نرمی کے نام پر انہیں مزید بگاڑ دیتے ہیں۔ نتیجتاً وہی اولاد جو شفقت اور راہنمائی کی مستحق تھی، بعد میں والدین کے لیے دکھ اور پشیمانی کا باعث بن جاتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ والدین اپنی اصلاح کے ساتھ اولاد کی دینی تربیت پربھی بھرپور توجہ دیں،تاکہ وہ دنیا و آخرت دونوں میں کامیاب ہو سکے۔ تربیتِ اولاد کے بارے میں مزید معلومات کے لیے مکتبۃ المدینہ کی کتاب”تربیتِ اولاد“اور رسالہ ”اولاد کے حُقوق“کا مطالعہ کرنا انتہائی مفید ہے۔ماں باپ کی شان و عظمت سے آگاہی کے لیے امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ کا رِسالہ”سمندری گنبد“کا مطالعہ کرنابھی بے حد مفید ہوگا۔
(5)سیرتِ نبوی کا مطالعہ:
نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی زندگی اسلامی تربیت کا کامل نمونہ ہے، جو ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں راہنمائی فراہم کرتی ہے۔ آپ کی سیرت ہمیں صبر، اخلاص، عدل، حسنِ سلوک، عفو و درگزر، اور توکل علی اللہ جیسی اعلیٰ اخلاقی صفات اپنانے کی تعلیم دیتی ہے۔ جب طائف کے لوگوں نے آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پرپتھر برسائے تو آپ نے ان کے خلاف دعا کرنے کے بجائے ان کے لیے ہدایت کی دعا فرمائی، جو صبر اور برداشت کی بہترین مثال ہے۔ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ہر عمل میں اخلاص کو بنیاد بنایا اور عدل و انصاف کے معاملے میں کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، یہاں تک کہ فرمایا:”اگر میری بیٹی فاطمہ بھی چوری کرے تو میں اس کا بھی ہاتھ کاٹ دوں گا۔“ مکہ فتح ہونے کے موقع پر آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اپنے جانی دشمنوں کو بھی معاف کر کے عفو و درگزر کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ دشمنوں کے ساتھ بھی نرمی اور حسنِ سلوک سے پیش آنا آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا امتیازی وصف تھا، جبکہ غارِ ثور میں دشمنوں کے قریب پہنچنے پر آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمان:”غم نہ کرو، بے شک اللہ ہمارے ساتھ ہے۔“ توکل علی اللہ کا حسین نمونہ ہے۔ یوں سیرتِ نبوی دراصل ایک جامع عملی تربیت گاہ ہے، جس سے ہر مسلمان اپنی ذاتی، خاندانی اور معاشرتی زندگی کے لیے روشنی حاصل کر سکتا ہے۔
(6) میڈیا اور تعلیم کا درست استعمال
دورِ حاضر میں میڈیا ایک مؤثر اور طاقتور ذریعہ ہے، جس کے مثبت استعمال سے دینی تربیت، اسلامی شعور، اور اخلاقی بیداری کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ اگر میڈیا کو درست سمت میں استعمال کیا جائے تو یہ اسلام کی تعلیمات عام کرنے، نیکی کی دعوت عام کرنےاور لوگوں کے اخلاق و کردار کو سنوارنے کا بہترین وسیلہ بن سکتا ہے۔ دینی لیکچرز، قرآن و سیرت کورسز، اور اخلاقی ویڈیوز کے ذریعے ہر عمر کے افراد آسانی سے دینی راہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ یادرکھیے!انٹرنیٹ ایک چُھری کی مانند ہےاس کا صحیح استعمال فائدہ مند جبکہ غلط استعمال تباہ کن ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں آج فحش مواد اور بے ہودہ ویڈیوز نے نوجوان نسل کے اخلاق کو نقصان پہنچایا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم خود بھی انٹرنیٹ کا درست استعمال سیکھیں اور اپنی اولاد کی صحیح تربیت کریں۔ اس حوالے سے دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ www.dawateislami.net ایک بہترین، مثبت اور مفید پلیٹ فارم ہے، جہاں قرآن، حدیث، سیرت، فقہ، مدنی مذاکرے، نعت ،بیانات، اور اسلامی کتب و رسائل مختلف زبانوں میں مفت دستیاب ہیں۔ یہاں سے علم دین حاصل کر کے ہم نہ صرف اپنا وقت قیمتی بنا سکتے ہیں بلکہ دوسروں کی بھی اصلاح کر سکتے ہیں۔ اللہ پاک ہمیں ان سہولیات کا درست استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین۔
یاد رکھیے!آج اگر ہم اپنے بکھرے ہوئے اخلاق، کمزور ایمان اور اجتماعی بگاڑ کو درست کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں اسلامی نظامِ تربیت سے وابستہ ہونا ہوگا۔ مساجد کو عبادت کے ساتھ تربیت کے مراکز بنانا، مدارس کو علم و عمل کا گہوارہ بنانا، والدین کو اپنی اولاد کی دینی پرورش میں فعال بنانا، اور میڈیا کو خیر و اصلاح کا ذریعہ بنانا ۔ یہی وہ راستہ ہے جو فرد کی اصلاح سے قوم کی فلاح تک لے جاتا ہے۔ جب ہر مسلمان اپنے کردار، فکر اور عمل کو قرآن و سنت کے سانچے میں ڈھال لے گا تو ان شآءاللہ ایک ایسا صالح، منظم اور پرامن معاشرہ وجود میں آئے گا جو دنیا میں دینِ اسلام کا حقیقی نمونہ بن کر چمکے گا اور آخرت میں اللہ کی رضا و جنت کی کامیابی حاصل کرے گا۔
Comments