دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں
جامعۃ المدینہ پاکستان کے تحت”افتتاحِ بخاری“ کا سلسلہ امیرِ اہلِ سنّت نے ”بخاری شریف“ کی پہلی حدیث کا درس دیا
دعوتِ اسلامی کے شعبہ جامعۃ المدینہ پاکستان کے تحت 4 مارچ 2026ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ، کراچی میں ”افتتاحِ بخاری شریف“کے سلسلے میں ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی۔ کراچی کے دورۃ الحدیث کے طلبہ براہِ راست جبکہ دیگر شہروں کے ہزاروں طلبہ مدنی چینل کے ذریعے اس علمی و روحانی اجتماع کا حصہ بنے۔ تقریب میں نگران شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی، نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری اور اراکینِ شوریٰ نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ جامعۃ المدینہ کے اساتذہ اور دیگر ذمہ داران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تقریب کے مرکزی حصے میں امیرِ اہلِ سنت نے بخاری شریف کی پہلی حدیثِ پاک پڑھتے ہوئے اس کی شرح بیان فرمائی اور ”نیت“ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اخلاصِ نیت ہی اعمال کی قبولیت کی بنیاد ہے۔ پروگرام کے اختتام پر امیرِ اہل سنت نے ملکِ پاکستان کی سلامتی، امتِ مسلمہ کی سربلندی اور دنیا بھر کے پریشان حال اور مظلوم مسلمانوں کے لیے دعا کروائی۔ واضح رہے کہ اس سال (2026ء) دورۃ الحدیث شریف میں پہنچنے والے طلبہ و طالبات کی مجموعی تعداد تقریباً 8278 ہے۔
ایکسپو سینٹر لاہور میں دستارِ فضیلت و تقسیم اسناد اجتماع مفتی محمد ہاشم خان عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا
دعوت اسلامی کے تعلیمی بورڈ کنز المدارس پاکستان کے تحت 02 اپریل 2026ء بروز جمعرات ایکسپو سینٹر لاہور میں درسِ نظامی، حفظ و ناظرہ اور دیگر کورسز کرنے والے طلبۂ کرام کے اعزاز میں ”Certificate Awarding Ceremony“ کا انعقاد کیا گیا۔ Ceremony تلاوتِ قراٰن، نعت شریف اور دیگر مختلف سیشنز پر مشتمل تھی جس میں مبلغین دعوتِ اسلامی کے ساتھ ساتھ طلبۂ کرام نے بھی حصہ لیا جبکہ خصوصی طور پر استاذُ الحدیث مفتی محمد ہاشم خان عطاری مُدَّظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کی دینی رہنمائی کرتے ہوئے طلبۂ کرام کو اپنے منصب کے مطابق دین متین کی خدمت کرنے اور معاشرے کی اصلاح میں بھر پور کردار ادا کرنے کی ترغیب دلائی۔ اس موقع پر رکن شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے بھی شرکا کی دینی، اخلاقی اور تنظیمی رہنمائی کی۔ بیان کے بعد مفتی ہاشم خان عطاری اور دیگر اساتذۂ کرام نے فارغ التحصیل ہونے والے کم و بیش 350 علمائے کرام کے سروں پر دستار سجائیں جبکہ حفظ و ناظرہ اور دیگر کورسز مکمل کرنے والے سینکڑوں طلبۂ کرام کو سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔
ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے درمیان سیشنحاجی عبد الحبیب عطاری نے گناہوں سے بچنے پر رہنمائی کی
جوہانسبرگ ساؤتھ افریقہ کے علاقے سینڈٹن (Sandton) میں سیشن اور نیکی کی دعوت کا سلسلہ ہوا جس میں ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے عہدیداران سمیت دیگر عاشقان رسول کی شرکت ہوئی جبکہ ساؤتھ افریقہ مشاورت کے نگران اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ سیشن میں رکن شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے رزق حلال کمانے، مالِ حرام سمیت دیگر گناہوں سے بچنےاور قبرو آخرت کی فکر کرنے کی ترغیب دلاتے ہوئے سنتوں کی اتباع و پیروی میں نیکیوں بھری زندگی گزارنے کا ذہن دیا۔دوران سیشن دعوتِ اسلامی کےعالمی سطح پر ہونے والے دینی و فلاحی کاموں پر ویڈیو Documentary بھی دکھائی گئی۔ آخر میں صلوۃ و سلام اور دعا کا سلسلہ ہوا۔
FGRF کی جانب سے ملاوی میں امدادی کام 100 خاندانوں کو امدادی چیک دیئے گئے
FGRF کی جانب سے افریقی ملک ملاوی کے شہر لمبی (Limbe) کے مدرسۃالمدینہ میں ایک سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مدرسۃ المدینہ کے طلبہ کے ساتھ ان کے سرپرستوں اور دیگر عاشقان رسول نے بھی شرکت کی۔ سیشن کے دوران نگران ملاوی مشاورت مولانا حاجی عثمان عطاری مدنی نے نیکی کی دعوت دیتے ہوئے شرکا کو دین متین کی خدمت کا ذہن دیا۔ اس دوران FGRF کی طرف سے منتخب کئے گئے 100مقامی عاشقانِ رسول کی مالی معاونت کرتے ہوئے ان میں چیک تقسیم کئے گئے۔
مارچ 2026 ء میں امیر اہل سنّت کی جانب سے مرحومین کے لواحقین اور مریضوں کے نام جاری ہونے والے دعائیہ پیغامات کی رپورٹ
شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مارچ 2026ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃ العلمیۃ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کے شعبہ ”پیغاماتِ عطّاؔر “ کے ذریعے تقریباً 3223 پیغامات جاری فرمائے جن میں 594 تعزیت کے، 2512 عیادت کے جبکہ 117 دیگر پیغامات تھے۔ ان پیغامات میں امیرِ اہلِ سنت نے بیماروں کی صحت یابی کے لیے دعائیں فرمائیں جبکہ مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے لیے مغفرت اور بلندیِ درجات کے لیے دعائیں کیں۔
ہفتہ وار رسائل کی کارکردگی (مارچ 2026ء)
شیخ ِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔرقادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ ہر ہفتے ایک مدنی رسالہ پڑھنے / سننے کی ترغیب دلاتے اور پڑھنے/سننے والوں کو دُعاؤں سے نوازتے ہیں۔ مارچ 2026ء میں دیئے گئے 4مَدَنی رَسائل کے نام اور ان کی کارکردگی پڑھئے: (1)رمضان الکریم منانے کے پُرکیف انداز: 16 لاکھ، 3ہزار 621 (2)سکون بخش آیتیں: 13 لاکھ، 40 ہزار 992 (3)امیرِ اہلِ سنّت کا بچپن: 9لاکھ، 37 ہزار 792 (4) عباداتِ رمضان کیسے قبول ہوں؟ : 15 لاکھ، 80 ہزار 41
مفتی محمد الیاس رضوی صاحب کے انتقال پر تعزیت
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن
محمد الیاس قادری رضوی عفی عنہ کی جانب سے اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ
مجھے یہ افسوس ناک خبر ملی کہ زبیر رضوی، عمیر رضوی، شعیب رضوی، مولانا بلال رضوی اشرفی کے ابوجان حضرت علامہ مولانا مفتی محمد الیاس رضوی اشرفی صاحب مؤلف بہارِ شریعت حضرت مولانا امجد علی اعظمی رحمۃُ اللہِ علیہ کے عرس مبارک کے موقع پر یعنی 2ذوالقعدہ شریف1447ھ مطابق 20 اپریل 2026ء کو کراچی میں وفات پاگئے۔
اِنَّا لِلہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن
میں تمام سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں اور صبروہمت سے کام لینے کی تلقین۔
اس کے بعد امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مفتی صاحب کے لیے دعائے مغفرت اور ایصالِ ثواب کیا۔
ربِّ کائنات مفتی صاحب کی دینی خدمات قبول فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتمِ النّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
Comments