مدنی مذاکرے کے سوال جواب
ماہنامہ فیضانِ مدینہ جولائی 2025ء
محرم میں مچھلی نہ کھانا کیسا؟
سُوال:مُحَرَّم شریف میں مچھلی نہ کھانا کیسا ہے؟
جواب:مُحَرَّم شریف میں اگر کوئی سوگ کے باعِث مچھلی نہیں کھاتا تو وہ گناہ گار ہو گا۔ عوام میں یہ مشہور ہے کہ عاشورا (یعنی دس محرم) کے دِن گوشت نہیں کھانا چاہیے۔ کراچی میں جہاں ہمارا پُرانا گھر تھا وہاں گوشت مارکیٹ تھی وہاں گوشت کی دُکانیں عاشورا کے دِن بند رہتی تھیں، پھر آہستہ آہستہ عاشورا کے دِن گوشت کی دُکانیں کھلنا شروع ہوئیں اور یوں دُکانیں بند کرنے کا رواج ختم ہوگیا۔اب بھی بعض لوگ عاشورا کے دِن گوشت نہیں کھاتے جبکہ کھچڑا کھا لیتے ہیں حالانکہ کھچڑے میں بھی گوشت ہوتا ہے۔ یہ ایک عجیب بات ہے کہ کھچڑے کی صورت میں تو گوشت کھا لیتے ہیں جبکہ گوشت کا سالن اور پلاؤ بنا کر کھانے سے منع کرتے ہیں۔یاد رَکھیے!مُحَرَّم شریف بلکہ پورے سال میں کوئی گھڑی یا گھنٹا ایسا نہیں کہ جس میں مچھلی یا گوشت کھانا شَرعاً منع ہو۔
(مدنی مذاکرہ، 5محرم شریف 1440ھ)
عاشورا کے بعد نیاز کرنا کیسا؟
سُوال:عاشورا (یعنی دس محرم) کے بعد امامِ عالی مَقام حضرتِ امام حسین رضی اللہُ عنہ کی نیاز کی جا سکتی ہے؟
جواب:جی ہاں!عاشورا کے بعد بلکہ پورا سال نیاز کی جا سکتی ہے۔
(مدنی مذاکرہ، 12محرم شریف1440ھ)
ڈوب جانے والے کی نمازِ جنازہ؟
سوال:اگر کوئی شخص سمندر یا دریا میں ڈوب جائے اور اُس کی لاش نہیں ملے تو کیا اُس کی نمازِ جنازہ پڑھ سکتے ہیں؟
جواب:نمازِ جنازہ کے لیے میت کا سامنے ہونا بھی ضروری ہے،([1]) اب کوئی شخص ڈوب گیا اور اُس کی لاش نہیں ملی تو یہ قیاس نہیں کیا جائے گا کہ وہ فوت ہوگیا، کیا پتا وہ زندہ ہو اور کسی کنارے سے اُبھر کر باہر آگیا ہو اور کوئی اُس کی جان بچا کر اپنے ساتھ لے گیا ہو۔ بہرحال یقینی طور پر معلوم ہوجائے کہ وہ فوت ہوگیا ہے لیکن اس کی لاش نہیں ملی تب بھی اس کی نمازِ جنازہ نہیں ہوسکتی کہ میت کا سامنے ہونا ضروری ہے۔
(دیکھئے: بہار شریعت، 1/828، 840-مدنی مذاکرہ، 18جمادَی الاولیٰ 1445ھ)
”علم نمک کے برابر اور ادب آٹے کے برابر“ کی وضاحت
سوال:بعض بزرگوں سے سنا ہے کہ علم نمک کے برابر اور عمل آٹے کے برابر ہونا چاہیے۔ اس سے کیا مراد ہے وضاحت فرما دیجیے۔
جواب:حضرت امام شافعی رحمۃُ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ امام مالک رحمۃُ اللہ علیہ نے مجھ سے ارشاد فرمایا:علم نمک کے برابر اور ادب یعنی اچھے اَخلاق آٹے کے برابر حاصل کرو۔
(فقہ السنۃ النبویۃ، ص333)
مطلب یہ کہ علم بغیر ادب کے فائدہ نہیں دیتا اور ادب زیادہ ہو تو قلیل علم بھی نفع دیتاہے، اسکول اور کالج میں پڑھنے والے دنیاوی علم کے ساتھ ساتھ علمِ دین اور ادب کے اصول کو بھی اپنا مقصد بنائیں اور جو دینی علم میں پہلے سے مشغول ہیں انہیں بھی اپنے کردار و اخلاق کو اچھا بنانے کی بہت شدید حاجت ہے، اللہ کریم ہمیں دین و دنیا کا نفع بخش علم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ شریعت کے آداب کا خیال، لحاظ کرنے والا با کردار مسلمان بنائے۔
(مدنی مذاکرہ، 12شوال المکرم 1445ھ)
”عُفِیَ عَنْہُ“ کا مطلب
سوال:آپ اپنے نام کے ساتھ ”عُفِیَ عَنْہُ“ فرماتے ہیں، اس کا کیا مطلب ہے؟
جواب:”عُفِیَ عَنْہُ“ یہ دُعائیہ جملہ ہے، اس کے معنیٰ ہیں: اس کو معاف کیا جائے، محمد الیاس قادری عُفِیَ عَنْہُ یعنی محمد الیاس قادری کے گناہوں کو معاف کیا جائے، بعض اپنے نام کے ساتھ غُفِرَلَہُ لکھتے ہیں، اس کے معنیٰ ہیں:اس کی مغفرت کردی جائے۔
(مدنی مذاکرہ، 5شعبان المعظم 1444ھ)
کھڑے، بیٹھے اور چلتے ہوئے دعا مانگنا کیسا؟
سوال:کھڑے ہو کر دعا مانگنا کیسا ہے؟
جواب:اس میں کوئی حرج نہیں ہے، کھڑے ہو کر، بیٹھے بیٹھے، پاؤں سمیٹ کر لیٹے لیٹے اور چلتے چلتے بھی دُعا مانگ سکتے ہیں۔ اللہ پاک کی طرف متوجہ ہو کر دُعا مانگی جائے، غفلت نہیں ہونی چاہیے۔
(مدنی مذاکرہ، 5شعبان المعظم 1444ھ)
آنکھیں بند کر کے نماز پڑھنا کیسا؟
سوال: سجدے میں آنکھیں کھلی رکھی جائیں یا بند؟
جواب:اگر نماز میں آنکھیں بند رکھنے سے خشوع و خضوع زیادہ آتا ہے تب تو آنکھیں بند رکھنا بہتر ہے ورنہ نماز میں آنکھیں بند رکھنا مکروہِ تنزیہی یعنی ناپسندیدہ ہے۔
(مدنی مذاکرہ، 5شعبان المعظم 1444ھ)
وُضو کے بعد آنکھوں میں لینز لگانا
سوال: کیا وضو کرنے کے بعد آنکھوں میں لینز لگانے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب: نہیں ٹوٹے گا۔ اگر آنکھوں میں لینز لگے ہوئے ہیں اور وُضو و غُسل کیا تو ہوجائے گا کیونکہ آنکھوں کو اندر سے دھونا ضروری نہیں۔
(مدنی مذاکرہ، 19شعبان المعظم 1444ھ)
ہفتے کے دن مچھلی کھانا کیسا؟
سوال: کیا ہفتے کے دن مچھلی کھا سکتے ہیں؟
جواب: کھاسکتے ہیں، اس میں کوئی حرج نہیں، ہمارے یہاں کوئی ایسا دن یا رات نہیں ہے جس میں مچھلی کھانا منع ہو۔ قومِ بنی اسرائیل کا امتحان لیا گیا تھا اور انہیں ہفتے کے دن مچھلی کے شکار سے منع کیا گیا تھا، مچھلی کھانا منع نہیں تھا۔
(مدنی مذاکرہ، 19شعبان المعظم 1444ھ)
Comments