آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں
سونے کے آداب
*مولانا جاوید عطّاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ جولائی 2025ء
نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ایک شخص کو پیٹ کے بل لیٹے دیکھا تو فرمایا: اِنَّ هٰذِهِ ضِجْعَةٌ لَا يُحِبُّهَا اللَّهُ یعنی اس طرح لیٹنے کو اللہ پاک پسند نہیں فرماتا۔
(ترمذی، 4/352، حدیث: 2777)
پیارے بچّو! نیند اللہ پاک کی طرف سے بہت بڑی نِعمت ہے، یہ ہماری روز مرّہ زندگی کی ضَرورت ہے، اس کے بغیر زندگی مشکل ہو جاتی ہے، اچھی نیند کے بعد ہم فریش ہو جاتے ہیں، اگر ہم نیند، دینِ اسلام کے بتائے ہوئے احکام و آداب کے مطابِق کریں تو نیند کےساتھ ساتھ ثواب بھی ملے گا، آیئے! چند آداب پڑھیے اور عمل کیجیے:
پیارے بچّو!
* سونے سے پہلے مسواک وغیرہ کے ذریعے دانتوں کی صفائی کیجیے تاکہ دانتوں میں پھنسے کھانے کے ذرات وغیرہ نکل جائیں اور یوں دانتوں کی بیماریوں سے بچ سکیں۔
* ہو سکے تو وضو بھی کر لیجیے۔
* بسم اللہ شریف پڑھ کر بستر کو تین بار جھاڑ لیں تاکہ کوئی تکلیف دہ شے یا کیڑا وغیرہ ہو تو نکل جائے ۔
*ہو سکے تو سرمہ لگایئے کیونکہ سونے سے پہلے سُرمہ لگانا ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک سنت ہے۔
*سیدھی کروٹ پر قِبلہ کی طرف منہ کر کے سوئیں، چاہیں تو شروع میں تھوڑی دیر ایسے ہی سوئیں بعد میں چاہیں تو کروٹ تبدیل کرلیں ۔
*سوتے وقت اللہ پاک کا ذِکْر کرتے کرتے سوئیں۔
اچھے بچّو! شُروع میں لکھی ہوئی حدیث شریف پر عمل کرتے ہوئے پیٹ کے بل یعنی اُلٹا نہ لیٹیں کہ اس طرح لیٹنا میڈیکل کے حساب سے بھی نقصان دہ ہے، اس سے سانس میں پرابلم ہوسکتی ہے اور یہ غیر مناسب و غیر آرام دہ طریقہ ہے۔
*سونے سے پہلے یہ دُعا پڑھ لیجیے کہ یہ بھی سنّت ہے۔ اَللّٰھُمَّ بِاِسْمِکَ اَمُوْتُ وَاَحْیٰ یعنی اے اللہ ! میں تیراذِکر کرتے ہوئے ہی سوتا اور جاگتا ہوں۔
(بخاری،4/538، حدیث: 7394)
* سو کر اٹھنے کے بعد یہ دُعا پڑھیں:اَلْحَمْدُلِلّٰہِ الَّذِیْ اَحْیَانَا بَعْدَ مَآ اَمَاتَنَا وَاِلَیْہِ النُّشُوْرُ ترجمہ: تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں جس نے ہمیں مارنے کے بعد زندہ کیا اور اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔
(بخاری،4/538، حدیث: 7394)
اللہ پاک ہمیں سنت کے مطابِق سونے جاگنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی

Comments