کتب کا تعارف
بچّوں کی سچّی کہانیاں
ماہنامہ فیضانِ مدینہ جولائی 2025ء
بچّوں کو سنائی جانے والی کہانیاں ان کے اَخلاقی رویّوں اور ان کی ذہن سازی میں اَہَم کردار ادا کرتی ہیں۔ یہ کہانیاں نَونِہالانِ چمن کی ذہنی و تخلیقی صلاحیتوں پر بھی اپنا گہرا اَثر چھوڑتی ہیں۔ ہمارے ہاں بچّوں کو سنائی جانے والی اکثر کہانیاں معیار ِ اخلاق سے گری ہوئی، بے سَر و پا باتوں پر مشتمل ہوتی ہیں۔ دنیا کی محبّت، مال و دولت کی حرص،صحیح غلط کی پروا کئے بغیر مقصد پانے کی ترغیب، غیر اخلاقی و غیراسلامی،عشقیہ و فسقیہ اُمور ان کہانیوں کا عام موضوع ہیں۔جو یقیناً بچّوں کے اخلاق و کِرادر کے لیے سخت نقصان دہ ہیں۔ لہٰذا ضَرورت اس اَمر کی ہے کہ اللہ پاک کے نیک اور مقبول بندوں کے سچّے واقعات کو ان کم سِن بچّوں کے اخلاق و کردارکے لیے مَشعلِ راہ بنایا جائے۔ ” بچّوں کی سچّی کہانیاں “ اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ جو کہ امیرِ اہلِ سنت مولانا محمدالیاس عطار قادری دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ کی جانب سے وقتاً فوقتاً بچّوں کی اسلامی و اخلاقی تربیَت پرشائع ہونے والی سچّی کہانیوں پر مشتمل رسائل کا مجموعہ ہے۔
نور والا چہرہ (صفحات:32):
رحمتِ کونین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا بچپن انتہائی حَسین اور باکمال تھا۔اس رسالے میں مسلمان بچوں کے دلوں میں آقائے دو جہاں صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی محبّت بٹھانے اور بڑھانے کے لیےآپ کے خوب صورت بچپن کے پیارے پیارے واقعات بالخصوص آپ کے مبارک ہاتھوں کے 8حیرت انگیز کمالات درج ہیں اور ویڈیو گیمز کے دینی و دنیاوی نقصانات،ان سے ہونے والی بیماریاں، لرزہ خیز تباہ کاریاں اور ان کی نحوست کے 14 عبرت ناک واقعات تحریر کیے گئے ہیں۔
دودھ پیتا مدنی منّا (صفحات:47):
بچّے کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں اوران کی تعلیم و تربیَت انتہائی ضَروری ہے۔ یہ رسالہ بچّوں کی ذہنی سطح کو پَیْشِ نظر رکھ کرمرتب کیا گیا ہے۔ بچّوں کی دلچسپی کے لیے احادیث و روایات پرمشتمل انوکھے اور دلچسپ عنوانات قائم کیے گئے ہیں جیسے پیارے نبی کا پیارا پیارا ہاتھ، چھوٹی باڈی والا مدنی منا،ٹانگ کٹ گئی،غصّے والے بچّے کا انوکھا علاج وغیرہ۔ 17حِکایات پر مشتمل رسالے میں 15 حقیقی اور دو فرضی کہانیاں اور ان سے حاصل ہونے والا سبق، 3شرعی احکام اور دودھ کے فوائد و اہمیّت اور اس کے استعمال کے متعلّق 47 مدنی پھول تحریر ہیں۔
فرعون کا خواب(صفحات:40):
دلچسپ اور انوکھے انداز پر بچّوں کے لیے سبق آموز سچّی کہانی تحریر کی گئی ہے جو کئی حکایات پر مشتمل ہے بالخصوص حضرت سیِّدُنا موسیٰ علیہ السّلام کے بچپن کے واقعات، فرعون کے بارے میں معلومات،اُس کا ایک اَہَم خواب، اس کی بیٹی کا واقعہ اور آخر میں کولڈڈرنکس اور سفید چینی (شوگر) کے نقصانات درج ہیں الغرض5آیاتِ طیبہ، ایک حدیثِ پاک اور 6 حکایات پر مشتمل یہ رسالہ بچّوں کی تربیَت کے لیے بہت مفید ہے۔
بیٹا ہو تو ایسا (صفحات:46):
تاریخِ انسانیت میں حضرت ابراہیم وحضرت اسماعیل علیہما السّلام مثالی باپ بیٹے ہیں۔ قراٰن و سنّت میں ان کے واقعات بیان ہوئے ہیں۔ اس رسالے میں2 آیاتِ مبارکہ، 4احادیثِ طیبہ،4حکایات اور 21اقوال کی روشنی میں حضرت اسماعیل علیہ السّلام کی قربانی کا واقعہ، آپ کی فرماں برداری کا تذکرہ، شیطان کو کنکریاں مارنے،جنتی مینڈھا آنے، اس کی قربانی، اس کے گوشت اورسینگوں کا ذکر،آپ کے نام اسماعیل کا معنیٰ اور حضرت سیِّدُنا ابراہیم علیہ السّلام کے 10 مخصوص فضائل نیز آپ کی ذاتِ گرامی سے شروع ہونے والی چیزوں کا بیان ہے اور آخرمیں ناقص کھٹی میٹھی ٹافیوں اور چاکلیٹ وغیرہ کے نقصانات کے ساتھ ساتھ ڈرائی فروٹ کے کثیرفوائد درج ہیں۔
جھوٹا چور (صفحات:36):
جھوٹ قابِلِ مذمت، گناہ اور دونوں جہان میں رسوائی کا سبب ہے جبکہ سچ پسندیدہ، نیکی اور دونوں جہان میں نیک نامی کا ذریعہ ہے۔ اس رسالے میں سچی کہانیوں کی روشنی میں بچّوں کو جھوٹ سے بچانے اور سچ بولنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ جھوٹ بولنے کے دنیاوی نقصانات، دنیا میں جھوٹوں کا عبرتناک انجام، جھوٹ کا آخِرت میں عذاب، سچ بولنے کے فوائد اور بچوں کے جھوٹ کی24مثالیں ذِکر کی گئی ہیں۔ 5احادیثِ مبارکہ، 3فقہی احکام، 7واقعات وحکایات کے ساتھ ساتھ رسالے کے آخر میں بچّوں اور بڑوں کے لیے 22 مفید مدنی پھول تحریر ہیں۔
انداز و اسلوب :
ان سچّی کہانیوں کا انداز دلچسپ، آسان اور عام فہم ہے۔صفحات چار رنگی (four clours)ہیں نیز عنوان کےمناسب تصاویر نے اس کی دل کَشی(Attraction) اور خوب صورتی میں اضافہ کر رکھا ہے۔ ہر کہانی کے بعد اس سے حاصل ہونے والے درس اور سبق کو بھی ذکر کیا گیا ہے نیز ایک خاص بات کہ ہر رسالے کے آخر میں جسم اور دماغ کو تقویت پہنچانے، اسی طرح مُضرِ صحّت چیزوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ (مثلاً ٹافیاں اور کھٹی میٹھی گولیاں، بچوں کو کیا کھلائیں؟، آنکھوں کا لذیذ چورن، ویڈیو گیم کے نقصانات، ماں کے دودھ کے چار مدنی پھول وغیرہ ) جس کا مطالعہ بڑوں بالخصوص والدین کے لیے بے حد مفید ہے۔
المختصر! یہ رسائل جسمانی، ذہنی اور اخلاقی نشو نما کی رہنمائی (Guidance)کے ساتھ ساتھ دینی و دنیاوی معلومات کا بیش بہا خزانہ ہیں۔جن کا مطالعہ ہر عمر کے فرد کے لیے یکساں مفید ہے۔ ”بچّوں کی سچّی کہانیاں“اپنے بچوں کو سنائیے اور ثواب کی نیّت سے شیئر بھی کیجیے۔
نوٹ: اس مضمون میں کہانیوں کے رسائل کا انفرادی تعارف ”مولانا آصف اقبال عطاری مدنی“ اور مجموعہ کا تعارف”مولانا احد رضا عطاری مدنی“ نے لکھا ہے۔ افادۂ عام کے لیے دونوں مضامین یکجا شامل کیے گئے ہیں۔
Comments