برکت والا مہینا
نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشادفرمایا:اَتَاكُمْ رَمَضَانُ شَهْرٌ مُبَارَكٌ فَرَضَ اللَّهُ عَزَّوَجَلَّ عَلَيْكُمْ صِيَامَهٗ یعنی تمہارے پاس رَمَضان کا مہینا آ گیا ہے،جو برکت والا مہینا ہے۔ اللہ پاک نے اس مہینے کے روزے تم پر فرض کیے ہیں۔ (نسائی، ص355، حدیث: 2103)
پیارے بچّو! اس حدیثِ پاک میں ماہِ رمضان کو برکت والا کہا گیا ہے ، تو یہ مہینا برکت والا کیسے ہے ؟ آیئے پڑھیے:
رمضانُ الکریم اللہ پاک کا بہت ہی پیارا اور مقدّس مہینا ہے۔ اس مہینے میں اللہ پاک اپنے بندوں پر خاص رحمت فرماتا ہے۔ مہینوں میں سب سے افضل ہے۔ اس ماہ میں نیکیوں کا اَجر بڑھ جاتا ہے۔ ہر دن رات میں کئی لوگوں کو جہنّم سے آزاد کیا جاتا ہے۔ روزہ داروں کی دُعائیں قبول ہوتی ہیں، خاص طور پر افطاری کے وقت۔ جنّت کے دروازے کھل جاتے اور جہنّم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں۔ شیطان کو قیدکر دیا جاتا ہے تاکہ وہ مسلمانوں کو گمراہ نہ کر سکے۔اسی مبارَک مہینے میں شب قدر بھی ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ یہ فضیلت ماہ رَمضان کو دوسرے مہینوں سے منفرد بناتی ہے ۔
حدیث کے دوسرے حصّے میں ماہِ رمضان کے روزوں کے متعلّق بیان ہوا کہ اللہ پاک نے مسلمانوں پراس کے روزے فرض فرمائے ہیں، چنانچہ اللہ پاک نے فرمایا:
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا كُتِبَ عَلَیْكُمُ الصِّیَامُ كَمَا كُتِبَ عَلَى الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُوْنَۙ(۱۸۳)
ترجمۂ کنزالعرفان: اے ایمان والو!تم پر روزے فرض کیے گئے جیسے تم سے پہلے لوگوں پر فرض کئے گئے تھے تا کہ تم پرہیز گار بن جاؤ۔
(پ2، البقرۃ:183)
(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
اسلام کے پانچ بنیادی اَرکان میں سے ایک روزہ بھی ہے۔ روزہ رکھنے کے بہت سارے دینی اور دنیوی فوائد ہیں۔ روزہ رکھنے والے بچّوں سے والدین اور سب لوگ خوش ہوتے ہیں، ایسے بچّوں کو سبھی اچھا بچہ کہتے ہیں، سب سے بڑی بات یہ کہ ایسے بچّوں سے اللہ پاک راضی ہوتاہے اوربروزِ قِیامت انعام و اکرام سے نوازے گا۔
اچّھے بچّو! آپ بھی روزے رکھنے کی عادت بنائیں تاکہ بڑے ہو کر روزے رکھنا مشکل نہ لگے کیونکہ بالغ بچّوں پر روزے رکھنا فرض ہے، یہ اللہ پاک کا حکم ہے جو اوپر آیت میں بیان ہوا۔
روزہ رکھنا بالکل آسان کام ہے۔دن میں تھوڑی بہت بھوک پیاس برداشت کریں گے تو اس پر بہت ثواب ملے گا ایک دو دن روزہ رکھیں گے تو عادت بن جائے گی۔
آؤ بچّو! اس ماہِ رمضان کو الگ طریقے سے منائیں، اس میں روزے رکھیں، عبادت کریں اور خوب اللہ پاک کی رَحمتیں اور بَرَکتیں حاصل کریں۔
اللہ پاک ہمیں روزے رکھنے اورخوب عبادت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی

Comments