بچّوں کو قراٰن سے جوڑئیے
بچّوں کو قراٰن سے کیسے جوڑیں؟یہ ایک ایسا سُوال ہے جو دینی سوچ رکھنے والے والدین کے ذہن میں آتا ہے۔یاد رکھیے! بچّوں کو قراٰن سے جوڑنا کوئی ایک دن کا کام نہیں بلکہ مسلسل محنت، حکمتِ عملی اور عملی تربیَت سے ممکن ہے۔ یوں تو سارا سال ہی یہ فکر ہونی چاہیے کہ ہمارے بچّے قراٰن سے کیسے جُڑیں! لیکن چونکہ رمضانُ المبارَک روحانیت، عبادت اور قراٰنِ کریم سے تجدیدِ تعلّق کا مہینا ہے۔ اس بابَرَکت مہینے میں والدین پر یہ ذمّہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ اپنے بچّوں کو قراٰن کے قریب کریں۔یہاں ہم چند باتوں کی طرف توجّہ دلانا چاہتے ہیں جن پر عمل کرکے والدین اپنے بچّوں کا تعلق قراٰن سے مضبوط کر سکتے ہیں۔
قراٰن سے محبّت پیدا کریں
بچّوں کو قراٰن سے جوڑنے کے لیے سب سے پہلے ان کو یہ احساس دیں کہ قراٰن اللہ کی کتاب ہے،اس سے محبّت عین ایمان ہے۔ بچّوں کو بتائیں کہ اللہ جس سے محبّت کرتا ہے اسے قراٰن پڑھنے،پڑھانے،سمجھنے اور سمجھانے کی توفیق دیتا ہے۔ بچّوں کو بتائیں کہ قراٰن سیکھنے اور سکھانے والے سب سے بہتر لوگ ہیں۔ (بخاری،3/410،حدیث:5027) بچّوں کو بتائیں کہ قراٰن وہ عظیم کتاب ہے جو اپنے سیکھنے سکھانے اور عمل کرنے والے کی شفاعت کرے گی اور جنّت میں لے کر جائے گی۔ (تاریخ ابن عساکِر،41/3،معجم کبیر، 10/198، حدیث:10450) بچّوں کو بتائیں کہ کسی کو قراٰن کی ایک آیت سکھانا ثواب جاریہ کا سبب ہے۔ (جمع الجوامع،7/209،حدیث:22456 ) جب اس انداز میں بچّوں کو قراٰن کی اہمیّت بتائیں گے تو ان شآء اللہ ان کے دل میں قراٰن کی محبّت پیدا ہوگی اور قراٰن کے ساتھ تعلّق بھی مضبوط ہوگا۔
بچّوں کے لیے دُعا کریں
بچّوں کوقراٰن سے جوڑنے کے لیے ایک مؤثر ذریعہ دُعا ہے، کیونکہ ہدایت اور دلوں کا بدلنا اللہ تعالیٰ ہی کے اختیار میں ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اخلاص کے ساتھ اللہ کے حُضور یہ دُعا کریں کہ وہ ہمارے بچّوں کے دلوں میں قراٰنِ کریم کی محبّت، اس کی سمجھ اور اس پر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔
تلاوت کا ماحول بنائیں
بچّوں کو قراٰن سے جوڑنے کے لیے گھر میں تلاوتِ قراٰن کرنے، سننے اور سنانے کا ماحول بناناضَروری ہے۔اس کے لیے گھر میں روزانہ کچھ نہ کچھ وقت قراٰن کی تلاوت کی جائے۔ سونے سے پہلے 3 قُل یا سورۂ ملک پڑھی اور سنی جائے۔اللہ نے چاہا تو بچّے قراٰن سے جُڑے رہیں گے۔
چھوٹی سورتیں یاد کروانے کا اہتمام کریں
بچّوں کو قراٰن سے جوڑنے کا ایک ذریعہ یہ بھی ہے کہ ان کو چھوٹی سورتیں یاد کروانے کا اہتمام کیا جائے۔ سب سے پہلے: 3 قُل،سورۃُ العصر، سورۃُ الکوثر، سورۂ قریش اور اس طرح کی دیگر سورتیں یاد کروائی جائیں۔
قر اٰنی واقِعات سنائیے
بچّے قصے کہانیاں سننا پسند کرتے ہیں لہٰذا بچّوں
کو قراٰن سے جوڑنے کے لیے قر اٰنی واقِعات سنانا بھی مفید ثابت ہوگا۔ مکتبۃُ
المدینہ کی کتاب ”عجائب القرآن مع غرائب القرآن“ اس سلسلے میں معاون ثابت ہوگی۔
نیز مدنی چینل کا سلسلہ ”ایک قصہ ہے قراٰن سے“ بھی بہت فائدہ مند ہے دیکھنے کے لیے
اس کیو آر کوڈ کو اسکین کیجیے۔
خوش اِلحان قُرّاء کی تلاوت سنائیں
بچّوں کو قراٰن سے جوڑنے کے لیے خوش اِلحان اور تجوید کے قواعد و ضوابط کے ساتھ قراٰن پڑھنے والے قرّاء حضرات کی تلاوت سنائیں۔ ان شآء اللہ اس سے بچّے قراٰن پڑھنے کی طرف مائل ہوں گے اور خوش اِلحانی کے ساتھ تلاوت کرنے کی کوشش کریں گے۔ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ پر چار مختلف قرّاء کی خوبصورت آواز میں ہر سورت کی الگ الگ آڈیو تلاوت اس لنک پرموجود ہے :
https://www.dawateislami.net/quran
قر اٰنی مقابلہ کروائیں
بچّوں کو قراٰن سے محبّت دلانے اور ان میں دلچسپی پیدا کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ قراٰنی مقابلے ہیں۔مقابلے سے بچّوں میں بہتر اور صحیح تجوید کے ساتھ قراٰن پڑھنے اور اس کی تعلیمات پر عمل کرنے کا شوق پیدا ہوگا۔ والدین کو چاہیے کہ مقابلوں کو سخت امتحان کے بجائے ایک خوشگوار سرگرمی بنائیں جس سے بچّے قراٰن سے جڑے رہیں۔
قراٰنی مقابلوں کی مثالیں:
*بچّوں میں مختلف سورتیں خوبصورت آواز اور صحیح تجوید کے ساتھ پڑھنے کا مقابلہ کروائیں۔
*بچّوں میں چھوٹی سورتیں، قراٰنی دُعائیں یا منتخب آیات یاد کرنے کا مقابلہ کروایا جائے ۔مثلاً: سورۃُ العصر، سورۃُ الفیل، سورۃ الکوثر، سورۃُ الاخلاص، سورۃ الفلق، سورۃ الناس اور آیتُ الکرسی وغیرہ۔
*قراٰنی اخلاق مقابلہ کروایا جائے جس میں بچّوں کو قراٰن میں بتائے گئے اچّھے اخلاق جیسے: سچ بولنا، نَماز قائم کرنا، والدین سے حُسنِ سُلوک وغیرہ کی عملی مثالیں بتانے کو کہا جائے۔
*قر اٰنی کہانی کا مقابلہ کروایا جائے جس میں بچّے قراٰن میں آنے والے واقعات کو اپنی زبان میں سنائیں، جیسے: حضرت خضر اور موسیٰ علیہما السلام کا واقعہ،حضرت ابراہیم علیہ السلام کا اللہ پر بھروسا ، اَصحابِ کَہْف کا ایمان وغیرہ۔
مقابلے میں جو بچّہ اچّھی کارکردگی دکھائے اس کی تعریف اور حوصلہ افزائی کریں ، ممکن ہو تو کوئی انعام بھی دیں اس سے بچّوں کا قراٰن سے تعلّق مزید مضبوط ہوگا۔
قر اٰنی اجتماعات میں شرکت کروائیے
رمضانُ المبارَک میں درسِ قراٰن،درسِ تراویح،خلاصۂ تراویح اور ختمِ قراٰن جیسے عنوانات سے قراٰنی اجتماعات ہوتے ہیں ان اجتماعات میں اپنے ساتھ سمجھدار بچّوں کو شرکت کروانا بھی قراٰن کے ساتھ تعلّق مضبوط ہونے کا ذریعہ ہے۔اس طرح کے اجتماعات سےنہ صرف ان کے دلوں میں قراٰن کی محبّت پیدا ہوگی بلکہ نیک ماحول میں بیٹھنے کی بَرَکت سے ان کی شخصیت میں اَدَب، عاجزی اور دین سے وابستگی مزید بڑھ جائے گی۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ذمہ دار شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments