بچوں کو عاشقِ رسول بنائیے
اللہ تعالیٰ نے والدین کو اولاد کی دینی و اخلاقی تربیت کی عظیم ذمہ داری سونپی ہے۔ اس تربیت کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ بچوں کے دل میں حضور نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سچی محبت اور عقیدت پیدا کی جائے، کیونکہ جس دل میں جتنا عشقِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم مضبوط ہوتا ہے وہ گناہوں سے اتنا ہی بچنے اور نیکیوں کی طرف بڑھنے لگتا ہے۔ ذیل میں بچوں کے دل میں عشقِ رسول پیدا کرنے کے چند طریقے بیان کیے جاتے ہیں:
نبیِ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّمکا تعارف پیش کریں:
(1)شان و عظمت بیان کیجیے:
بچوں کے دل میں عشقِ مصطفیٰ پیدا کرنے کے لیے ان کو بتائیے کہ ہمارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کون ہیں!نبیِ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شان و عظمت بیان کیجیے، بچوںٍ کو بتائیے کہ شانِ مصطفیٰ ایسی بلند و بالا ہے کہ تمام انبیائے کرام علیہم السلام، فرشتے اور ساری مخلوق آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مقامِ عظمت کی معترف ہے۔آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ذاتِ اقدس علم، حلم، رحمت، عدل اور اخلاقِ حسنہ کا کامل نمونہ ہے۔ قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ نے آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شان بیان کرتے ہوئے فرمایا:
وَ رَفَعْنَا لَكَ ذِكْرَكَؕ(۴)
ترجَمۂ کنزُالایمان: اور ہم نے تمہارے لیے تمہارا ذکر بلند کردیا۔ ([1])
(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
دنیا کے ہر گوشے میں اذانوں، نمازوں اور درود و سلام کے ذریعے آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا ذکرِ خیر جاری ہے۔ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی عظمت کا اندازہ اس بات سے بھی ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا، اور آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی اطاعت کو اپنی اطاعت قرار دیا۔ بے شک حضور نبیِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شان و عظمت بیان کرنا انسانی طاقت سے باہر ہے، کیونکہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اللہ تعالیٰ کی سب سے عظیم نعمت اور تمام مخلوق میں سب سے افضل ہیں۔
(2)بچوں کو سیرتِ رسول سنائیے:
بچوں کے دل واقعات سے بہت متأثر ہوتے ہیں۔ اس لیے روزانہ یا ہفتے میں چند بار بچوں کو حضور نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک زندگی، اخلاق، رحمت اور محبت بھرے واقعات سنائیں۔اس حوالے سے بچوں کے لیے وہ واقعات زیادہ متأثر کُن ہو سکتے ہیں جن میں بطورِ خاص بچوں پر شفقتِ مصطفیٰ کا ذکر ہو۔ مثلاً
(1)نبیِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے پیارے صَحابی حضرت سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو بطورِتحفہ ایک برتن میں حلوا پیش کیا گیاتو آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ہم سب کو تھوڑا تھوڑا حلوا دیا، جب میری باری آئی اور مجھے ایک بار دینے کے بعد فرمایا:کیا تمہیں اور دوں؟ میں نے عرض کی: جی ہاں،توآپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے میری کم عُمری کی وجہ سے مجھے اور بھی دیا، اس کے بعد جو لوگ باقی رہ گئے تھے اُن کو دیا۔([2])
(2)حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : جب میرا چھوٹا بھائی پیدا ہوا تو میں اسے حضور کی بارگاہ میں لایا ، آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے نہایت شفقت و محبت سے اپنی گود میں لیا ، پھر کھجور منگوائی ، اپنے مبارک منہ میں چبا کر نرم کیا ، جب خوب نرم ہو گئی تو میرے ننھے بھائی کے منہ میں رکھ دی۔ وہ اسے چوسنے لگا۔ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم دیکھ کر مسکرائے اور فرمایا : انصار کی کھجور سے محبت دیکھو ! آپ نے اس کے چہرے پر ہاتھ مبارک پھیرا اور اس کا نام عبداللہ رکھا۔([3])
اس کے علاوہ کئی طرح کے واقعات سیرت کی کتابوں میں موجود ہیں جن میں آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سچائی، امانت داری، شفقت، عفو و درگزر اور جانوروں تک پر رحم کرنے کی عجیب مثالیں موجود ہیں جب بچے یہ واقعات سنیں گے تو ان کے دل خود بخود آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی محبت سے بھر جائیں گے۔
مکتبۃ المدینہ کی بہت ہی پیاری کتاب ”آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی پیاری سیرت“ جو کہ صرف 147صفحات پر مشتمل ہے وہ بھی پڑھ کر سنائیں اور کڈز مدنی چینل پر سلسلہ ”Life Of Mohammad“ نشر ہوتا ہے اس میں بھی نبیِ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّمکی سنہری حیات کے واقعات بیان کیے جاتے ہیں یہ سلسلہ دیکھنے کی طرف بچوں کو راغب کرنا بھی مفید ہوگا۔
(3)سیرتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر مشتمل کتابیں مہیا کریں:
بچوں کی عمر کے مطابق سیرتِ نبوی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر لکھی گئی کتابیں، رسائل اور بچوں کی اسلامی کہانیاں گھر میں موجود ہونی چاہئیں۔ بچوں کو ایسی کتابوں کے مطالعے کی ترغیب دی جائے جن میں حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک زندگی کے واقعات آسان زبان میں بیان کیے گئے ہوں۔ یہ مطالعہ ان کے علم میں اضافہ کرے گا اور محبتِ رسول کو مزید مضبوط بنائے گا۔
محبتِ رسول ایمان کی جان ہے:
بچوں کو محبتِ رسول کی اہمیت بتائیے۔ ان کو بتائیے کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا:لَا يُؤْمِنُ اَحَدُكُمْ حَتّٰى اَكُونَ اَحَبَّ اِلَيْهِ مِنْ وَالِدِهِ وَوَلَدِهِ وَالنَّاسِ اَجْمَعِينَ ترجمہ:تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک کامل مومن نہیں ہوسکتا جب تک میں اسے اس کے والد، اولاد اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہوجاؤں۔([4])
یہ حدیث اس بات کی طرف راہنمائی کر رہی ہے کہ اگر والدین اپنے بچوں کو کامل ایمان والا، بااخلاق اور نیک مسلمان دیکھنا چاہتے ہیں تو بچپن ہی سے ان کو عشقِ رسول کے جام بھر بھر کر پلائیں ۔
درودِ پاک پڑھنے کا عادی بنائیں:
درودِ پاک عشقِ رسول کو بڑھانے کا بہترین ذریعہ ہے لہٰذا اپنے بچے کو سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ذات پر درودِ پاک پڑھنے کی عادت ڈالیے۔ اس کے لیے خصوصی طور پر بچے کے سامنے رحمتِ عالَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا ذکرِاَنور ہونے پر محبت کے ساتھ درُود شریف مثلاً صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پڑھئے اور صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب (یعنی حبیب ِ خدا پر درود پڑھو) کہہ کر بچے کو بھی دُرود پڑھنے کی ترغیب دیجئے۔ وقتاً فوقتاً بچے کو درود شریف پڑھنے کے فضائل بتاتے رہیں،گھر کا ماحول درودِ پاک کی فضا سے معطر رکھیں۔
نعتیں اور عظمت و عقيدت بھرے کلام سنائیں :
گھر میں بچوں کو ایسے نعتیہ کلام سنائے جائیں جن میں حضور نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شان، محبت اور سیرت کا بیان ہو۔ نعت خوانی کی محفلیں اور خوبصورت نعتیہ کلام بچوں کے جذبات کو بیدار کرتے ہیں اور ان کے دلوں میں عشقِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شمع روشن کرتے ہیں۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ نعتیہ اشعار بچوں کی ذہنی صلاحیت اور فہم کے مطابق ہوں جن کا معنیٰ و مفہوم بآسانی بچوں کو سمجھ میں آجائے، اگر کوئی مشکل شعر آجائے تو اس کا معنیٰ سمجھانے کا اہتمام کیجیے۔
سنتوں پر عمل کا اہتمام:
والدین سنتوں کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ بچے سنتیں سیکھ کر عمل کریں اور عشقِ رسول میں اضافہ ہو جیسے کھانے پینے کے آداب بتائیں، سلام کی عادت ڈالیں، رسولِ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی چھوٹی چھوٹی دعائیں یاد کروائیں۔
جذباتی وابستگی پیدا کریں:
والدین بچوں کے سامنے مدینۂ منورہ اور روضۂ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی حاضری کی خواہش کا والہانہ اظہار کریں۔اس کے علاوہ دین، شعائرِ اسلام اور آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے منسوب چیزوں کا تذکرہ کریں ان کا ادب کرنا سکھائیں۔
اللہ پاک ہمیں اور ہماری اولاد کو سچا عاشقِ رسول بنائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی

Comments