تربیت و اخلاق اور رسائل امیر اہلسنت (دوسری اور آخری قسط)


تربیت و اخلاق اور رسائل امیرِ اہلِ سنّت (دوسری اور آخری قسط)

غصے کا علاج(صفحات:34):

غصہ قابِلِ مذمت کیفیت ہے،یہ انسان کوجھگڑوں، گناہوں،سرکشیوں حتی کہ کفر تک میں مبتلا کردیتا ہے۔یہ رسالہ 5آیاتِ مبارکہ،19احادیث طیبہ، 41 اقوال، 4 شرعی احکام اور 22واقعات پر مشتمل ہے۔ اس میں غصہ کی تعریف، اس کا شرعی حکم،اس کی مذمت و نقصانات، غصہ پرقابوپانےکے فضائل،غصہ کے اسباب و علاج، نرمی ومعافی کی فضیلت، غصہ کے متعلق 9 ہدایات، غصہ کے متعلق بزرگوں کی 15حکایات،غصہ کے 16طبی نقصانات، غصہ سے جنم لینے والی 16برائیاں، غصہ کے 13 علاج اور غصہ کی عادت نکالنے کے4وظائف واوراد بیان ہوئے ہیں۔

زندہ بیٹی کنویں میں پھینک دی(صفحات:33):

بیٹیاں نعمت، رحمت،برکت اور حصولِ جنت کا ذریعہ ہیں، اسلام نے بیٹیوں کو عظمت بخشی اور اُن کی عزت ووقار کو بلند کیا۔ یہ رسالہ 3 آیاتِ قراٰنیہ، 20 احادیْثِ نبویہ،7شرعی وفقہی احکام، 40 وظائف و اوراد،16مدنی پھولوں اور10 واقعات وحکایات پر مشتمل ہے۔ اس میں زمانَۂ جاہلیت میں بیٹی کے ساتھ وحشیانہ سلوک، اسلام میں بیٹی کی عظمت واہمیت، بیٹی کے فضائل و برکات،بیٹیوں پر رحمَتِ عالَم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شفقتیں، اُن کے ساتھ حُسنِ سلوک کی اسلامی تعلیمات اور الٹراساؤنڈ کروانے کے مسائل وغیرہ مذکور ہیں اور آخر میں تعویذات کے بارے میں 12ہدایات کے علاوہ 40 روحانی علاج بھی تحریر ہیں بالخصوص بےاولادی، اولادِ نرینہ، ولادت میں آسانی، کچا حمل گرنے اور ماں کے دودھ کی کمی دور کرنے کے روحانی علاج شامل ہیں۔

کربلا کا خونیں منظر(صفحات:24):

تبلیغ دین کرنے،نیکی کی دعوت دینے اور راہِ خدا میں مشقتوں اور آزمائشوں کا سامنا ضرور ہوتا ہے۔ کامیاب وہی ہے جو صبروبرداشت سے کام لے۔ یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ایک مُبلغہ اسلامی بہن کو لکھے گئے تسلیوں بھرے مکتوب پر مشتمل ہے۔ 2قراٰنی آیات، 6نبوی احادیث، 2واقعات اور 14 شرعی احکام واقوال کی روشنی میں دین کا کام کرنے والوں اور والیوں کی تسلی،واقعاتِ کربلا کا پرسوز بیان،نمازوں اور نیک اعمال کی ترغیب، نیکی کی دعوت اور درس دینے کے فضائل واہمیت، عالِم کی تعریف، مبلغین ومبلغات کو ہدایات،نعت خوانوں اور مبلغین کے بیان سننے میں اسلامی بہنوں کے لیے شرعی احکام، حیض ونفاس کے مسائل اور آخر میں پردے کی اہم معلومات درج ہیں۔

نیک بننے کا نسخہ(صفحات:24):

 کسی انسان کے توبہ کرکے نیکیوں کی طرف آجانے کاکوئی نہ کوئی سبب ہوتا ہے۔اس رسالے میں بڑی بڑی شخصیات کی توبہ کے اسباب اور واقعات بیان ہوئے ہیں۔ نیک بننے کی ترغیب اور شوق دلایا گیا ہے اورنیک بننے کا نسخہ یعنی مدنی انعامات کی اہمیت وافادیت درج ہے اور صرف ایک مدنی انعام پر عمل کے فوائد تحریر ہیں۔ اس میں17 احادیْثِ شریفہ، 5فرامین، 12شرعی احکام اور 7حکایات ہیں اور آخر میں 16 مدنی پھولوں پر مشتمل ”تعزیت “ کی سنتیں اور آداب تحریر ہیں۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* رکن مجلس اسلامک ریسرچ سینٹر المدینۃ العلمیہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code