بیٹیاں اور مالی معاملات کی بنیادی تعلیم


بیٹیاں اور مالی معاملات کی بنیادی تعلیم


بیٹیاں اللہ پاک کی نعمت اور گھر کی رحمت ہوتی ہیں۔ ان کی تربیَت اور تعلیم والدین کی اَہَم ترین ذمّہ داری ہے۔ آج کے بدلتے ہوئے دور میں جہاں تعلیم، شعور اور خود اعتمادی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، وہیں مالی معاملات کی بنیادی تعلیم بھی بیٹیوں کے لیے نہایت ضروری ہو چکی ہے۔

اگر بیٹیوں کو بچپن سے ہی پیسے کی قدر، بچت کے اُصول، خرچ کے توازن اور منصوبہ بندی کی سمجھ دی جائے تو وہ ایک باوقار اور سمجھدار خاتون بن سکتی ہیں۔

مالی تعلیم صرف حساب کتاب سیکھنے کا نام نہیں بلکہ یہ زندگی کے عملی فیصلوں کا شعور دیتی ہے۔ جب بیٹی کو یہ علم ہو کہ آمدنی اور خرچ میں توازن کیسے رکھا جاتا ہے، غیر ضروری چیزوں سے بچت کیوں ضروری ہے، اور مستقبل کے لیے کس طرح منصوبہ بندی کرنی چاہیے، تو وہ نہ صرف اپنی زندگی بہتر بنا سکتی ہے بلکہ ضَرورت پڑنے پر اپنے خاندان کے لیے بھی ایک مضبوط سہارا بن جاتی ہے۔

اسلامی تعلیمات مالی نظم و ضبط اور دیانت داری بھی سکھاتی ہیں۔ قراٰنِ پاک میں بارہا انصاف، توازن اور امانت داری کے احکامات ملتے ہیں۔ اگر ہم اپنی بیٹیوں کو مالی علم کے ساتھ دینی اُصولوں کے مطابق تربیَت دیں، تو وہ ایک ایسی نسل کو جنم دیں گی جو ایماندار، سمجھدار اور باشعور ہوگی۔

بیٹیوں کو مالی معاملات کی سمجھ دینا ان کی خود اعتمادی، اور بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔ ایک مالی طور پر باشعور بیٹی:

آمدنی اور اخراجات کا بہتر انتِظام کر سکتی ہے۔

بچت، سرمایہ کاری اور بجٹ سازی جیسے اَہم فیصلے کر سکتی ہے۔

مالی دھوکا دہی سے بچ سکتی ہے اور دوسروں کی مدد بھی کر سکتی ہے۔شادی کے بعد یہ سب سے زیادہ کام آنے والی چیز ہے۔

مالی معاملات کی بنیادی تعلیم میں کیا شامل ہونا چاہیے؟

ان نکات پر توجّہ دینا ضروری ہے:

* بنیادی مالی اِصطلاحات کی سمجھ، جیسے بجٹ، آمدنی، خرچ، بچت، قرض، منافع، زکوٰۃ، صدقہ وغیرہ۔

* بجٹ بنانا سکھانا، ماہانہ آمدنی اور اخراجات کا حساب رکھنا، ترجیحات طے کرنا اور فضول خرچی سے بچنا۔

* بچت کی عادت ڈالنا، بچپن سے ہی  سیونگ باکس کی اہمیت اُجاگر کرنا۔

* صدقہ و زکوٰۃ کی تربیَت، مالی عبادات کی اہمیت اور ان کے معاشرتی اَثرات سے آگاہی دینا۔

* حلال و حرام کا شعور، اسلامی اُصولوں کے مطابق خرچ اور سرمایہ کاری کی تمیز سکھانا۔

* ڈیجیٹل مالیات کی تربیَت، آن لائن بینکنگ، موبائل والٹس اور مالی ایپس کے محفوظ استِعمال شرعی رہنمائی کے ساتھ۔

مالی شعور اور معاشرتی اثرات

بیٹیوں کو مالی معاملات کی بنیادی تعلیم دینا وقت کی سب سے اَہم ضَرورت ہے۔ جب بیٹیاں مالی طور پر باشعور ہوں گی تو وہ ایک مضبوط، خوشحال اور متوازن معاشرہ تشکیل دے سکیں گی۔ دراصل مالی تعلیم صرف پیسے کی نہیں، بلکہ زندگی سنوارنے کی تعلیم ہے۔

ہم میں سے بہت سی خواتین کو مالیاتی انتظام کرنے کا طریقہ نہیں سکھایا جاتا۔ پھر بھی ہر روز ہم کماتی ہیں، ہم خرچ کرتی ہیں، ہم رقم دیتی ہیں، وصول کرتی ہیں، ہم قرض لیتی ہیں اور قرض دیتی ہیں، مگر یہ اندازہ نہیں ہوتا کہ کتنا، کیسے اور کہاں خرچ کرنا ہے۔ دوسرے لفظوں میں یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ کمانا سب کو آہی جاتا ہے مگر خرچ کرنا کسی کسی کو آتا ہے۔

جسے خرچ کرنا آتا ہے وہ 100 روپے کو بھی بہترین طریقے سے خرچ کر سکتا ہے اور جسے خرچ کرنا نہیں آتا اس کو 1000 بھی کم لگیں گے۔ ریاضی آپ کو سکھائے گی کہ شرح کیا ہے اور ان کا حساب کیسے لگانا ہے لیکن مالیاتی تعلیم آپ کو اس بات پر غور کرنے میں مدد کرے گی کہ 10 فیصد ڈسکاؤنٹ پر اشیاء خریدنا ایک اچھا فیصلہ ہے یا نہیں۔

جن لوگوں کو مالی معاملات کے بارے میں سکھایا جاتا ہے وہ زیادہ فعّال طور پر بچت کر سکتے ہیں، وہ مالی طور پر زیادہ مثبت رویہ رکھتے ہیں اور مالی انتظام میں پُراعتماد ہوتے ہیں۔

اعتدال، تقویٰ اور اسلامی نقطۂ نظر

مالی معاملات کی تربیت اور مال کے لالچ میں فرق بھی رکھیں،  صبر، شکر، درگزر، کفایت شعاری، تقوٰی و پرہیزگاری تربیَت کا لازمی و ضَروری حصّہ ہے۔ ہر بات پیسے پر شروع اور پیسے پر ختم کرنا یہ انتہائی مذموم صفات میں سے ہے۔ یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ بچت کا مطلب کنجوسی نہیں، سخاوت کا مطلب فضول خرچی نہیں۔

اسلام اعتِدال کو پسند کرتا ہے، دنیا میں رہنے کے لیے کچھ نہ کچھ مال ضروری ہے، مگر اس مال کی جگہ دل میں نہیں بنانی، نہ ہی مال کی ہوس میں اپنا آپ بھولنا ہے۔ دیکھیے مال تو حضرتِ عثمان غنی  رضی اللہ عنہ  کے پاس بھی تھا، آپ کے پاس جو مال تھا وہ کبھی آپ کے دل میں جگہ نہ بنا سکا۔ سب اُن کے جیسا مال تو چاہتے ہیں مگر ان کے جیسی سخاوت نہیں چاہتے۔

اپنے دل کو دنیا اور مال کی بےجا محبّت سے بچانے کے لیے ہر ہفتہ کی رات نمازِ عشا کے بعد مدنی مذاکرہ میں حاصل ہونے والی تربیَت سے فائدہ اُٹھائیں۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* نگران عالمی مجلس مشاورت (دعوتِ اسلامی) اسلامی بہن


Share

Articles

Comments


Security Code