اعلیٰ اخلاق کی تکمیل والے نبیﷺ
ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: اِنَّمَا بُعِثْتُ لِاُتَمِّمَ مَكَارِمَ الْاَخْلَاقِ یعنی مجھے عمدہ اخلاق کی تکمیل کے لیے بھیجا گیا ہے۔(سنن كبرىٰ للبیہقی ، 10/323، حدیث: 20782)
یہ حدیث شریف جَوامعُ الْکَلِم احادیث میں سے ایک ہے ، جَوامعُ الْکَلِم وہ احادیث ہیں جن میں الفاظ کم اور مفہوم زیادہ بیان کیا گیا ہو۔
اس حدیثِ پاک میں نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے خود اپنی آمد کا مقصد بیان فرمایا ہے کہ میں لوگوں کو اچھا انسان بنانے کے لیے ، اچھے اخلاق کی تعلیم دینے کے لیے آیا ہوں۔
ہمارے پیارے نبی کی آمد کا مہینا ربیع الاول جاری ہے، اس مبارک مہینے میں نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو خوش کرنے کے لیے آپ بھی ایسے اچھے اخلاق اپنایئے جن کو ہمارے نبی نے اپنایا اور ان کا درس دیا۔یہاں چند اچھے اخلاق ذکر کیے جا رہے ہیں :
(1) والدین اور بڑوں کا ادب و احترام کرنے کا درس حضور علیہ السّلام نے دیا، لہٰذا بچے بڑوں کی عزت کریں، والدین کی بات مانیں اور ان کا دل خوش کر کے ثواب کمائیں۔
(2) ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سچ بولنے والے اور امین (یعنی امانت دار) تھے،غیر مسلم جو ہمارے نبی پر ایمان نہیں لائے وہ بھی اپنی امانتیں آپ کے پاس رکھواتے اور آپ کو ”صادق و امین“ (سچ بولنے والا اور امانتوں کی حفاظت کرنے والا) کہتے تھے ۔ امانت کی مثال یہ ہے کہ کوئی دوست آپ کواپنی کتاب، کھلونا گاڑی وغیرہ دے اور کہے کہ واپس کر دینا تو آپ بغیر توڑ پھوڑ کیے صحیح سلامت واپس کر دیں تو یہ امانت داری ہے ۔
(3) اللہ پاک کے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم وعدے کے پکے تھے، آپ علیہ السّلام نے کبھی وعدہ خلافی نہیں کی، آپ بھی جو وعدہ کریں اسے پورا کریں۔
(4)نبیِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کھانے میں عیب نہیں نکالتے تھے بلکہ کھانا پسند آتا تو کھا لیتے ورنہ ہاتھ روک لیتے، بچوں کو بھی چاہیے کھانے میں عیب نہ نکالیں مثلاً یوں نہ کہیں : کھانا اچھا نہیں ہے ،نمک ، مرچ زیادہ ہے ، وغیرہ وغیرہ ۔
(5) پیارے رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے کسی کا مذاق نہیں اڑایا نہ کسی کو طعنہ دیا نہ کسی کو گالی دی اور نہ ہی کسی کا نام بگاڑا،لہٰذا آپ بھی ان چیزوں سے بچیں اور پیارے نبی کے طریقے کو اپنائیں ۔
اچھے بچو! میلاد کا اصل مقصد یہی ہے کہ ہم اپنے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک زندگی کو پڑھ کر اسی کے مطابق اپنی زندگی گزاریں ، یہی کامیابی ہے ، رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مختصر سیرت پڑھنے کے لیے مکتبۃ المدینہ کی کتاب ”آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی پیاری سیرت“ پڑھیے ۔
اللہ پاک ہمیں اپنے پیارے اور آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرت پڑھ کر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments