1500واں جشنِ ولادت استقبال کی تیاریاں
عاشقانِ میلاد نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا جشنِ ولادت یوں تو صدیوں سے عشق و محبت بھرے انداز سے مناتےچلے آرہے ہیں اور اِن شآءَ اللہ الکریم ” جب تک دم میں دم ہے“ یہ سلسلہ قیامت تک جاری و ساری رہے گااور ہم گلی گلی، کوچہ کوچہ محبتِ رسول کی خوشبو بکھیرتے رہیں گے۔مگر اس سال کا جشنِ ولادتِ مصطفےٰ ایک خاص شان، انوکھے وقار اور تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ کیونکہ اس سال نبی ِ مکرم،نورِ مجسم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ولادتِ باسعادت کا 1500واں سال ہے۔ اَلحمدُ لِلّٰہ ! دعوتِ اسلامی عاشقانِ رسول کی دینی تنظیم ہے جو ہر سال ہی بڑے جوش وجذبے کے ساتھ جشنِ ولادتِ مصطفےٰ کی دھومیں مچاتی ہے اورگلی محلوں،سڑکوں دکانوں اور عمارتوں کو سبز سبز پرچموں اور برقی قمقموں کے ساتھ دلہن کی طرح سجاتی ہے، جگہ جگہ اجتماعِ میلاد کا سلسلہ اور جلوسِ میلاد کی رونقیں ہوتی ہیں۔ یہ کوئی معمولی موقع نہیں، بلکہ عاشقانِ رسول کے لیے ایک عظیم الشان موقع ہے کہ وہ اپنے آقا و مولیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے میلاد کی خوشیوں کو ایسی شان، محبت، اخلاص اور اجتماعیت کے ساتھ منائیں جو تاریخ میں ایک روشن باب بن جائے۔
اَلحمدُ لِلّٰہ ! اس عظیم موقع کی مناسبت سے دعوتِ اسلامی نے پورے عالمِ اسلام کو عشقِ رسول کی لَڑ ی میں پرو دینے کے لیے بھرپور تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ہماری نیت صرف یہ نہیں کہ ہم دنیا کو اجتماعِ میلاداورجلوسِ میلاد کے مناظر دکھائیں، یا جھنڈوں، بینرز اورلائٹوں کی سجاوٹ سے متأثر کریں، بلکہ ہماری نیت یہ ہے کہ ہم آقائے کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں اپنے عشق،جذبات اور محبت کا اظہار کریں، رب کریم کی رضا حاصل کریں، اور امت کے ہر فرد کو اس جشنِ ولادت سے جوڑ دیں۔
اس بار مکتبۃ المدینہ سے جاری کردہ جشن ولادت کے بینرز پر ایک خوبصورت اضافہ کرنے کے لیےیہ عبارت لکھی جائے گی ”تمام مسلمانوں کو سب سے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا 1500 واں جشنِ ولادت مبارک“نیز امیرِ اہلِ سنت کے نئے شعر کا بھی بینر بنایا گیا ہے جس میں 1500ویں جشن کا ذکرہے۔
اَلحمدُ لِلّٰہ ! اس حوالے سے دعوتِ اسلامی کے تمام ذمہ داران سے مشورہ ہوا جس میں یہ طے ہوا کہ سب ایک صف میں کھڑے ہوکر یہ نیت کریں کہ اس سال ہر ملک، ہر شہر، ہر محلہ، اور ہر گھر میں”1500 ویں جشنِ ولادت“ کی خوب دھومیں مچانی ہیں، اِن شآءَ اللہ الکریم ۔ نیز ہماری یہ کوشش ہونی چاہیے کہ مختلف اداروں، تنظیموں اور ایسوسی ایشنز، علاقوں کی انجمن اور میلاد کمیٹیوں سے رابطہ کریں، ان سے ملاقاتیں کریں اور اس تاریخی خوشی میں محافلِ میلاد کے انعقاد کی ترغیب دیں۔
اَلحمدُ لِلّٰہ ! اللہ کریم کے فضل سے ہماری جتنی بھی مساجد اور ادارے ہیں، وہاں 1500 واں جشنِ ولادت شرعی تراکیب اور راہنمائی کے تحت منایا جائے تاکہ یہ سلسلہ باقاعدہ جاری رہے۔
اسی مناسبت سے اس سال ”فیضانِ میلاد“کے نام سے 1500 نئی مساجد کے سنگِ بنیاد رکھے جائیں،جگہ جگہ جلوسِ میلاد نکالے جائیں، دفاتر، فیکٹریوں، شورومز، اداروں، گھروں اور اسکولوں میں محافلِ میلاد کا انعقاد کیا جائے۔
اس سال کا جشنِ ولادت اپنی انفرادیت، وسعت اور روحانی اثرات کے لحاظ سے یادگار ہونا چاہیے۔ ہر مسجد چراغاں سے منور ہو، ہر چوراہا درود و سلام کی صداؤں سے گونجے، اور ہر دل سے ولادتِ مصطفٰے کے انوار سے روشن اور جگمگ جگمگ کررہا ہو۔ آپ کے اندر خوشی، مسرت اور جوش و جذبے کی ایک ایسی لہر ہونی چاہیے جو واضح طور پر جھلکتی ہو۔ اگر پچھلے سال آپ کے اندر جذبہ موجود تھا، تو اس سال اُس میں 1500 گنا اضافہ نظر آنا چاہیے۔
یومِ رضا،25 صفر المظفر عاشقانِ رسول کا دن ہے، یومِ رضا کے اجتماعات میں 1500ویں جشنِ ولادت کی ایسی دھوم مچائیں کہ سماں بندھ جائے!اس اجتماع میں باقاعدہ اعلانات کیے جائیں کہ ہمارا جلوسِ میلاد کہاں سے نکلےگا،محفلِ میلاد کہاں منعقد ہو گی اور دیگر تمام پروگرامز کی تفصیلات کیا ہوں گی۔
نعت خواں حضرات بھی محافلِ میلاد میں”1500 ویں جشنِ ولادت“کا ذکر کریں۔
سوشل میڈیا پر بینرز اور پوسٹرز شیئر کیے جائیں اورہر طرف 1500ویں جشنِ ولادت کی دھوم مچ جائے کہ آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا میلاد آیا ہے، اور اس بار وہ میلاد ہے جسے دنیا بھر کے عاشق 1500 ویں جشنِ ولادت کے طور پر منا رہے ہیں۔
ہم نے ہر علاقے، ہر زون، ہر شہر کویہ ذمہ داری دی ہے کہ وہ اپنےتعلیمی ادارے، گلیاں، عمارتیں، مارکیٹس، اسکول، کالجز، یونیورسٹیز سب جھنڈوں اور لائٹوں سے جگمگانی چاہیئں۔
بیرونِ ملک یوکے، امریکہ، افریقہ، انڈونیشیا، ترکی، بنگلہ دیش، یورپ حتیٰ کہ جہاں جہاں مسلمان بستے ہیں وہاں عاشقانِ رسول کے مدارس،جامعات اور اہلِ سنّت کے مراکز، مساجد کے امام، اداروں کے سربراہان، بچوں کے اسکول، خواتین کے اجتماعات، اسپیشل پرسنزہر جگہ اور ہر ہر فرد کو جشنِ ولادت منانے کی ترغیب دلائی جائے تاکہ کوئی طبقہ ان برکتوں سے محروم نہ رہ جائے۔
پیارے اسلامی بھائیو!پوری دنیا میں نبیِ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے 1500ویں جشنِ ولادت کی تیاری کسی ایک فرد کا کام نہیں بلکہ ہم سب نے مل کر اس کی تیاری کرنی ہے۔ آئیے! اس 1500ویں جشنِ میلاد کو ایسی شان سے منائیں کہ دنیا کہے: ”یہ ہیں آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے دیوانے!“
اللہ پاک ہم سب کو اخلاص، استقامت اور محبتِ رسول کے ساتھ اس عظیم مشن کو مکمل کرنے کی سعادت عطا فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران
Comments