مطالعہ کرنے کا درست طریقہ

نئے لکھاری

مطالعہ کرنے کا درست طریقہ

بنتِ شمشاد حسین مدنیہ(جامعۃ المدینہ قطب مدینہ ، کراچی)

ماہنامہ اپریل 2021

مطالعہ کرتے وقت اگر ان امور کا خیال رکھا جائے تو جس چیز کا مطالعہ کیا جارہا ہے وہ زیادہ اچھے سے ذہن نشین رہے  گی اور اس کی برکتیں بھی حاصل ہوں گی۔

مطالعہ کرنے کے مدنی پھول :

(1)اللہ پاک کی رضا اور حصولِ ثواب کی نیت سے مطالعہ کیجئے ۔

(2)مطالعہ شروع کرنے سے قبل حمد و صلوٰۃ پڑھنے کی عادت بنائیے۔ فرمانِ مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم : جس نیک کام سے قبل اللہ تعالیٰ کی حمد اور مجھ پر دُرود نہ پڑھا جائے اس میں برکت نہیں ہوتی۔

(کنز العمال ، 1 / 279 ، حدیث : 2507)

(3)مطالعہ کرتے وقت کعبۃُ اللہ شریف کی سمت منہ رکھئے ، کیونکہ بیٹھتے وقت کعبۃُ اللہ شریف کی سمت منہ رکھنا سنّت ہے۔ (احیاء العلوم ، 2 / 449)

(4)صبح کے وقت مطالعہ کرنا بہت مفید ہے کیونکہ عموماً اس وقت نیند کا غلبہ نہیں ہوتا اور ذہن زیادہ کام کرتا ہے۔

(5)شور و غل سے دور پُرسکون جگہ پر بیٹھ کر مطالعہ کیجئے۔

 (6)اگر جلد بازی یا ٹینشن (یعنی پریشانی) کی حالت میں پڑھیں گے تو اگرچہ اس وقت آپ مسلسل مطالعہ کئے جارہے ہیں ، ایسے وقت میں آپ کا ذہن کام نہیں کرے گا اور غلط فہمی کا امکان بڑھ جائےگا۔

 (7) کسی بھی ایسے انداز پر جس سے آنکھوں پر زور پڑے ، مثلاً ہلکی روشنی ، زیادہ تیز روشنی ، چلتے چلتے یا گاڑی چلتی ہو اس میں یا لیٹے لیٹے یا کتاب کی طرف جھک کر مطالعہ کرنا یا لکھنا آنکھوں کے ساتھ کمر اور پھیپڑے کی بیماریوں کا سبب ہوتا ہے۔

(8)روشنی اوپر کی جانب سے آرہی ہو ، پچھلی طرف سے آنے میں بھی حرج نہیں ، جبکہ تحریر پر سایہ نہ پڑتاہو ، مگر سامنے سے آنا آنکھوں کےلئے نقصاندہ ہے۔

(9)مطالعہ کرتے وقت ذہن حاضر اور طبیعت تر و تازہ ہونی چاہئے۔

(10)مطالعہ کے وقت ضرورتاً قلم ہاتھ میں رکھنا چاہئے کہ جہاں آپ کو کوئی بات کوئی جملہ یا مسئلہ جس کی آپ کو ضرورت پڑسکتی ہو ، ذاتی کتاب ہونے کی صورت میں اسے انڈر لائن کرسکیں۔

(11)مشکل الفاظ پر بھی نشانات لگا لیجئے اور کسی جاننے والے سے دریافت کرلیجئے۔

 (12)صرف آنکھوں سے نہیں زبان سے بھی پڑھئے کہ اس طرح یاد رکھنا زیادہ آسان ہے۔

 (13)وقفے وقفے سے آنکھوں اور گردن کی ورزش کرلیجئے ، کیونکہ کافی دیر تک مسلسل ایک ہی جگہ دیکھتے رہنے سے آنکھیں تھک جاتی ہیں اور بعض اوقات گردن بھی دُکھ جاتی ہے۔ آنکھوں کو دائیں بائیں گھمائیے اور گردن کو بھی آہستہ آہستہ حرکت دیجئے۔

(14) ایک بار کے مطالعہ سے سارا مضمون یاد رہ جانا بہت دشوار ہے کہ فی زمانہ ہاضمے بھی کمزور اور حافظے بھی کمزور لہٰذا بار بار مطالعہ کیجئے۔

 (15)مقولہ ہے : اَلسَّبَقُ حَرْفٌ وَالتَّکْرَارُ اَلْفٌ یعنی سبق ایک حرف اور تکرار ( یعنی دُہرائی) ایک ہزار بار ہونی چاہئے۔  (ماخوذ از علم و حکمت کے 125 مدنی پھول)

اگر ان ہدایات و اُصول پر عمل پیرا ہوکر مطالعہ کیا جائے تو پڑھی ہوئی چیز یاد رکھنا اور اس سے نفع اٹھانا آسان ہوجائے گا ، ربّ تعالیٰ ہمیں اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین


Share