رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے کس کس جانور کا گوشت تناول فرمایا

نئے لکھاری

رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے کس کس جانور کا گوشت تناول فرمایا

* طلحٰہ خان عطّاری

 ماہنامہ جولائی 2021ء

حضور نبیِّ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے اپنی حیاتِ مبارکہ میں کئی اقسام کے گوشت تناول فرمائے جن میں خشکی و تری کے جانوروں اور پرندوں کا گوشت شامل ہے ، آپ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  سے اونٹ ، بکری ، دنبہ ، مرغ ، خرگوش ، اور مچھلی کا گوشت تناول فرمانا ثابت ہے لیکن ان میں سب سے زیادہ بکری کی دَستی کا گوشت پسند تھا۔ (شمائلِ محمدیہ للترمذی ، ص 102 تا 112ماخوذاً)

(1) اُونٹ :

حجۃُ الوداع میں نبیِّ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  اور مولیٰ علی شیرِ خدا  رضی اللہ عنہ  نے 100 اونٹ ذبح کئے پھر آپ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے حکم دیا کہ ہر اونٹ سے ایک ٹکڑا لیا جائے اور ان کو ہانڈی میں پکایا جائے ، پھر دونوں نے ان کا گوشت کھایا اور ان کا شوربا پیا۔ (مسند احمد ، 1 / 560 ، حدیث : 2359 ملخصاً)

(2)بکری :

عبدُ اللہ بن عباس   رضی اللہ عنہما  بیان کرتے ہیں کہ رسولُ اللہ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے بکری کے دست کا گوشت کھایا ، پھر نماز پڑھی اور وضو نہ کیا۔ (ابوداؤد ، 1 / 69 ، حدیث : 187 )

(3) نیل گائے :

ابو قتادہ  رضی اللہ عنہ  بیان کرتے ہیں کہ انہوں نے حمارِ وحشی کو دیکھا اس کا شکار کیا حضورِ اقدس  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : کیا تمہارے پاس اس کے گوشت میں سے کچھ ہے؟ عرض کی اس کی ران ہے ، اس کو حضور  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے قبول فرمایا اور کھایا۔ (مسلم ، 472 ، 473 ، حدیث : 2851 ، 2858 )

(4) خرگوش :

حضرت انس  رضی اللہ عنہ  کہتے ہیں : میں خرگوش پکڑ کر ابو طلحٰہ  رضی اللہ عنہ  کے پاس لایا ، انہوں نے ذبح کیا اور اس کا گوشت حضور  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی خدمت میں بھیجا حضور  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے قبول فرمایا۔

 (بخاری ، 3 / 554 ، حدیث : 5489 ، ملخصاً )

(5) مرغی :

حضرت ابو موسٰی اشعری  رضی اللہ عنہ  کہتے ہیں : میں نے رسول اللہ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کو مرغی کھاتے دیکھا ہے۔  ( بخاری ، 3 / 563 ، حدیث : 5517 )

(6) مچھلی :

حضرت جابر  رضی اللہ عنہ  بیان کرتے ہیں کہ میں نے  ایک  غزوہ میں شرکت کی ، ہم سخت بھوکے تھے تو دریا نے ایک مچھلی پھینکی اس جیسی پہلے ہم نے نہ دیکھی تھی اس کو عنبر کہا جاتا تھا ، ہم نے اس میں سے کھایا اور جب ہم حضور  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے پاس آئے تو ہم نے ذکر کیا۔ حضور نے اس مچھلی میں سے کچھ کھانے کے لئے طلب کیا تو ہم نے حضور  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی خدمت میں بھیجا تو آپ نے اسے تناول فرمایا۔

(مشکوٰۃ المصابیح ، 2 / 81 ، حدیث : 4114 ملتقطاً)

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* ثانیہ ، جامعۃ المدینہ فیضان خلفائے راشدین ، راولپنڈی


Share