فرشتے دعائے مغفرت کرتے ہیں(قسط:03)

کچھ نیکیاں کمالے

فرشتے دعائے مغفرت کرتے ہیں(قسط : 03)

* مولانا محمد افضل عطاری مدنی

ماہنامہ جولائی 2021ء

نماز اللہ کریم کی جانب سے اپنے بندوں کے لئے بہت ہی عظیم تحفہ ہے ، قراٰن و حدیث میں اس کا بار بار حکم آیا اور طرح طرح سے اس کی فضیلت و اہمیت بیان ہوئی ، ان سب کے ساتھ ساتھ اللہ کی مزید رحمت یہ کہ نمازیوں کے بعض اعمال پر اللہ کے معصوم فرشتے ان کے لئے دعائے مغفرت بھی کرتے ہیں چنانچہ

70ہزار فرشتے دعائے مغفرت کرتے ہیں : حضور نبیِّ رحمت  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : ’’جب کوئی شخص اپنے گھر سے نماز کے لئے نکلے اور یہ کلمات پڑھے : “ اَللّٰہُمَّ اِنِّی اَسْاَلُکَ بِحَقِّ السَّائِلِیْنَ  عَلَیْکَ وَبِحَقِّ مَمْشَایَ فَاِنِّیْ لَمْ اَخْرُجْ اَشَرًا وَلَا بَطَرًا وَلَا رِیَائًا وَلَا سُمْعَۃً خَرَجْتُ اِتِّقَائَ سَخَطِکَ وَابْتِغَائَ مَرْضَاتِکَ اَسْأَلُکَ اَنْ تُنْقِذَنِیْ مِنَ النَّارِ وَاَنْ تَغْفِرَ لِیْ ذُنُوبِیْ اِنَّہُ لَا یَغْفِرُ الذُّنُوبَ إِلَّا أَنْتَ

ترجمہ : اے اللہ! میں تجھ سے اس حق کے وسیلے سے دعا کرتا ہوں جو سائلوں کا تجھ پر ہے اور اس حق کے طفیل جو میرے اس چلنے کا ہے کیونکہ میں فخر اور غرور اور لوگوں کو دکھانے اور سنانے کے لئے نہیں چلا بلکہ میں تو تیری ناراضی سے بچنے اور تیری خوشنودی حاصل کرنے نکلا ہوں ، میں تیری بارگاہ میں عرض کرتا ہوں کہ مجھے جہنّم کی آگ سے بچا اور میرے گناہ معاف فرما کیونکہ تو ہی گناہوں کو بخشنے والاہے۔

تو اللہ کریم 70 ہزار فرشتے مقر رفرماتا ہے جو اس کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہیں اور اللہ کریم اپنے وَجْہِ کریم کے ساتھ اس کی طرف متوجہ ہوتاہے یہاں تک کہ وہ شخص اپنی نماز پوری کر لے۔ [1]

زمین و آسمان کا ہر فرشتہ دعائے مغفرت کرےگا : اللہ  پاک نے حضرت موسیٰ علیہ السّلام کی طرف وحی فرمائی :  اے موسٰی! محمد مصطفٰے  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  اور ان کی اُمَّت شام کے وقت چار رکعت (یعنی نمازِ عصر)ادا کرے گی تو زمین وآسمان کاہر مقرب فرشتہ اُس اُمّت کے لئے استغفار کرے گا اورجس کے لئے میرے فرشتے استغفارکریں گے میں اسےعذاب نہیں دوں گا۔ [2]

70فرشتے دعائے مغفرت کے لئے مقرر : سرکارِ مدینہ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کا فرمان ہے : جس نے نمازِ فجر جماعت سے پڑھی پھراسی جگہ بیٹھا رہا اور سورہ انعام کی پہلی تین آیات تلاوت کیں تواللہ پاک اس کے ساتھ ستَّر فرشتے مقرر فرمادے گاجو قیامت تک اللہ ربُّ العزّت کی تسبیح بیان کریں گے اور اس شخص کے لئے مغفرت کی دعاکرتے رہیں گے۔ [3]

نمازی کے لئے فرشتوں کی تین دعائیں : حضورِ اکرم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : “ جو بندہ نماز پڑھ کر اس جگہ جب تک بیٹھا رہتا ہے ، فرشتے اس کے لئے استغفار کرتے رہتے ہیں ، اس وقت تک کہ بے وضو ہوجائے يا اٹھ کھڑا ہو۔ ملائکہ کا استغفار اس کے لئے یہ ہے : اَللّٰھُمَّ اغْفِرْلَہٗ یعنی اے اللہ تو اس کو بخش دے ، اَللّٰھُمَّ ارْحَمْہُ یعنی اے اﷲ تو اس پر رحم کر ، اَللّٰھُمَّ تُبْ عَلَیْہِ یعنی اے اﷲ اس کی توبہ قبول کر۔ [4]

فرشتوں سے دعائے مغفرت کروانے والے کلمات : حضرت عبدُاللہ بن مسعود  رضی اللہُ عنہ  نے فرمایا : جو شخص یوں کہے : سُبْحٰنَ اللہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَاللّٰہُ اَكْبَرُ وَتَبَارَكَ اللّٰہُ تو ایک فرشتہ ان کلمات کو اپنے پروں کے نیچے رکھ لیتاہے اور انہیں لے کر آسمان کی طرف چڑھ جاتاہے ، وہ فرشتوں کے جس گروہ کے پاس سے بھی گزرتا ہے تو وہ فرشتے ان کلمات کے کہنے والے کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہیں حتّٰی کہ فرشتہ ان کلمات کو اللہ کے حضور پیش کر دیتا ہے۔ [5]

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ،  مجلس رابطہ بالعلماء والمشائخ ، پاکستان



[1] مسند احمد ، 17 / 247 ، حدیث : 11156

[2] حلیۃ الاولیاء ، 6 / 34

[3] رو ح المعانی ، 7 / 98

[4] مسند ابی داؤد طیالسی ، ص317 ، حدیث : 2415

[5] مستدرک للحاکم ، 3 / 204 ، حدیث : 3642


Share

Articles

Comments


Security Code