ترجمۃ القرآن کورس
ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن


ترجمۃ القرآن کورس

(اس سلسلے میں ہر ماہ اس شعبے سے متعلق مفید معلومات بیان کی جاتی ہیں۔)

قرآنِ کریم محض تلاوت کے لئے نازل نہیں ہوا بلکہ اسے سمجھنے،اس پر غور کرنے اور اس کے مطابق زندگی گزارنے کے لئے نازل کیا گیا ہے۔اللہ پاک نے قرآن کو ہدایت،نور اور راہ نمائی بنا کر اتارا تاکہ انسان اپنے عقائد،عبادات،معاملات اور اخلاقیات کو درست کر سکے۔اگر قرآن کو سمجھے بغیر پڑھا جائے تو ہدایت کا وہ پہلو پوری طرح واضح نہیں ہو پاتا جو اللہ پاک نے اس میں رکھا ہے۔اسی لئے ترجمۂ قرآن کی تعلیم نہایت ضروری ہے،کیونکہ ترجمہ سمجھنے سے انسان براہِ راست قرآن کے پیغام سے جڑ جاتا ہے۔

کورس کا تعارف اور مقصد

ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ اپنے رب کو پہچانے،اس کی صفات کو جانے اور اس کے احکام سے واقف ہو۔اللہ پاک کے کلام کو درست تناظر میں سمجھنا ہی دینی تعلیمات کی اصل بنیاد ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہے کہ جب مسلمان قرآن کو سمجھ کر پڑھنے والا بنے۔عوام الناس کی اسی بنیادی ضرورت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے شیخ الحدیث قبلہ مفتی محمد قاسم عطاری دامت  برکاتہم العالیہ    نے یہ عظیم علمی خدمت انجام دی اور عوام کے لئے نہایت آسان،سلیس اور عام فہم ترجمۂ قرآن کنز العرفان عطا فرمایا۔یہ ترجمہ،ترجمۂ کنز الایمان کے تحت تحریر کیا گیا  اور عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق ہے،جس سے قرآن فہمی عام لوگوں کے لئے بھی آسان ہو گئی۔

کورس کی تفصیل مع مشمولات

اس ترجمۂ قرآن کورس میں قرآنِ کریم کے مکمل 30 پارے مع ترجمہ پڑھائے جاتے ہیں،تاکہ شرکا پورے قرآن کے پیغام سے واقف ہو سکیں اور کسی ایک حصے تک محدود نہ رہیں۔

اس کورس میں درج ذیل موضوعات کو مختصر،جامع اور اجمالی انداز میں شامل کیا جاتا ہے:

1۔تیس پاروں کا لفظی اور با محاورہ ترجمہ

2۔آیاتِ قرآنیہ کے مضامین

3۔مشکل الفاظ کی مختصر وضاحت

4۔ہر سورت کا مختصر تعارف

5۔ترجمہ سمجھنے میں معاون عربی زبان کے بنیادی قواعد و ضوابط

کورس مکمل کرنے کے بعد حاصل ہونے والے فوائد

اس کورس کو مکمل کرنے کے بعد شرکا قرآنِ کریم کے ترجمے کو بہتر انداز میں سمجھنے کے قابل ہو جاتی ہیں۔قرآن کی تعلیمات زندگی کے ہر شعبے میں راہ نمائی فراہم کرتی ہیں۔جب انسان ترجمۂ قرآن سمجھ لیتا ہے تو وہ اپنی عملی زندگی کو قرآن کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کرتا ہے،جس سے اس کے عقائد مضبوط، عبادات درست اور اخلاق سنور جاتے ہیں۔

کورس کی اہلیت

یہ کورس ہر اس مسلمان کے لئے ہے جو قرآن کو سمجھنا چاہتا  ہو۔کورس کرنے کے لئے کم از کم عمر بارہ سال مقرر ہے۔اس کے علاوہ کسی خاص تعلیمی قابلیت کی شرط نہیں، البتہ!قرآن سیکھنے کا شوق اور سنجیدگی ضروری ہے۔

ایڈمیشن کے لئے رابطہ نمبر:03139292992



Share