اللہ کا پیغام کورس
(اس سلسلے میں ہر ماہ اس شعبے سے متعلق مفید معلومات بیان کی جاتی ہیں۔)
قرآنِ کریم اہلِ ایمان کے لیے ہدایت واصلاح کا بنیادی ذریعہ اور دستورِ حیات ہے۔اس کی آیات سے حقیقی فائدہ اٹھانے کے لیے ایمان بنیادی شرط ہے۔اسی لیے اللہ پاک نے قرآنِ کریم میں اہلِ ایمان کو یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا کے حسین اور ایمان افروز انداز میں مخاطب فرما کر کئی خصوصی احکام عطا فرمائے ہیں۔ قرآنِ پاک میں اس خطاب کے ساتھ89 آیات موجود ہیں،جبکہ دیگر الفاظ اور طریقوں کے ذریعے بھی اہلِ ایمان کو بہت سے احکام عطا فرمائے گئے ہیں۔
دائرۂ اسلام میں داخل ہونے کے لیے اللہ پاک کی وحدانیت، آخری نبی حضرت محمد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی نبوت اور قرآنِ کریم کے اللہ پاک کی آخری کتاب ہونے پر ایمان لانا ضروری ہے۔اسی طرح زندگی کے تمام معاملات میں اللہ پاک اور اس کے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے عطا فرمائے ہوئے احکام پر عمل کرنا اور ممنوعات سے بچنا بھی ضروری ہے۔اور چونکہ علم کے بغیر درست عمل ممکن نہیں،اس لیے احکام و ممنوعات کا علم حاصل کرنا بھی ضروری ہے۔علمِ دین کے حصول کا بنیادی ذریعہ قرآن وحدیث اور ان سے متعلقہ علوم ہیں۔ علمائے شریعت اور صوفیائے طریقت نے ہمیشہ علمِ دین کی تعلیم کے لیے مختلف مؤثر طریقے اختیار فرمائے،جن میں قرآنِ کریم کی آیات،احکام اور تعلیمات سے آشنائی بھی ایک اہم ذریعہ ہے۔
اس کورس میں بالخصوص ان تمام آیات کو جمع کیا گیا ہے جن میں اللہ پاک نے یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا کہہ کر اہلِ ایمان کو مخاطب فرمایا،اور ان آیات کی تفسیر وتشریح کے ساتھ ان سے متعلقہ دیگر اہم موضوعات کو آسان اور عام فہم انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
کورس کے مشمولات:
*نبیِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی بارگاہ میں حاضر ہونے کے آداب۔*صبر اور نماز کی تلقین۔*راہِ خدا میں مال خرچ کر کے آخرت کی تیاری کا حکم۔*سود کھانے کی ممانعت۔* باطل طریقے سے ایک دوسرے کا مال کھانے کی ممانعت۔* عدل و انصاف کے تقاضے پورے کرنے کا حکم۔
کورس کرنے کے بعد آپ کس قابل ہو جائیں گی؟
اس کورس کے ذریعے طالبات کے اندر قرآنِ پاک سے محبت،اس کی تعلیمات کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کا جذبہ مزید پروان چڑھے گا،نیز ان کے دینی شعور میں اضافہ ہو گا۔ ان شاء اللہ!اس کی برکت سے وہ قرآنِ پاک میں بیان کردہ اہلِ ایمان کے خصوصی احکامات کو سمجھنے،اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں ان پر عمل کرنے اور قرآنی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا جذبہ حاصل کریں گی،جو دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ بنے گا۔
کورس کی اہلیت:
یہ کورس ہر وہ اسلامی بہن کر سکتی ہے جس کی عمر کم از کم 13 سال ہو۔اردو زبان لکھنا پڑھنا جانتی ہو۔
ایڈمیشن کے لئے رابطہ نمبر:
03139292992 03142036541
Comments