نغماتِ رضا کورس
ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن

فیضان آن لائن اکیڈمی گرلز کی جھلکیاں

نغماتِ رضا کورس

(اس سلسلے میں ہر ماہ اس شعبے سے متعلق مفید معلومات بیان کی جاتی ہیں۔)

اللہ پاک نے اس دنیائے فانی میں اپنی مخلوق کی راہ نمائی کے لیے انبیائے کرام  علیہم السّلام   کو مبعوث فرمایا اور ہر ایک کو جداگانہ کمالات سے نوازا،مگر حضور نبیِ کریم  صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کو حسن و جمال،جاہ و جلال، علم وحکمت اور جود و نوال کی وہ جامع دولت عطا فرمائی جو تمام کمالات کا مجموعہ ہے۔اسی لیے حضور کی مدح وثنا نہ صرف عبادت ہے بلکہ ایمان کی حلاوت اور محبتِ رسول کا مظہر بھی ہے،جسے ہر دور کے عاشقانِ رسول نے اپنے اپنے انداز میں بیان کیا۔

منظوم صورت میں حضور کی مدح سرائی کرنے والوں میں حضرت حسان بن ثابت،حضرت عبداللہ بن رواحہ،حضرت کعب بن زہیر، امام بوصیری،مولانا جامی،جلال الدین رومی،شیخ سعدی،امیر خسرو اور دیگر اکابرین کے نام نمایاں ہیں۔اسی مبارک سلسلے کی ایک درخشاں کڑی اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان  رحمۃُ اللہ علیہ ہیں،جنہیں علم و فقہ میں امامت کے ساتھ ساتھ نعت گوئی میں بھی ایک بے مثال مقام حاصل ہے۔

اعلیٰ حضرت کا کلام محض شاعری نہیں بلکہ سوزِ عشق،علمی گہرائی،  فصاحت وبلاغت اور عقیدت کا حسین امتزاج ہے۔آپ باقاعدہ تکلف اور غور وفکر سے اشعار نہیں کہتے تھے بلکہ جب عشقِ رسول کے جذبات موجزن ہوتے اور مدینۂ منورہ کی یاد دل کو بے قرار کرتی تو یہ جذبات خود بخود نعتیہ اشعار کی صورت میں ڈھل جاتے۔یہی وجہ ہے کہ آپ کے کلام میں تاثیر،سلاست اور روحانیت بدرجۂ اتم پائی جاتی ہے۔

حدائقِ بخشش آپ کی اسی نعتیہ شاعری کا شاہکار مجموعہ ہے، جس میں ایسے لازوال کلام شامل ہیں جو ایک صدی گزرنے کے باوجود آج بھی زبانِ زدِ عام ہیں،جیسے:

*مصطفےٰ جانِ رحمت پہ لاکھوں سلام

*سب سے اولیٰ و اعلیٰ ہمارا نبی

*چمک تجھ سے پاتے ہیں سب پانے والے۔

یہ کلام نہ صرف ادبی حسن رکھتے ہیں بلکہ دلوں میں عشقِ رسول کو تازہ اور مضبوط کرتے ہیں۔

اس کورس میں اعلیٰ حضرت کے منتخب نعتیہ کلام کو نہایت مربوط انداز میں،مشکل الفاظ کی وضاحت اور تشریح کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے،تاکہ شرکائے کورس نہ صرف اشعار کے ظاہری معانی کو سمجھ سکیں بلکہ ان کے پسِ پردہ موجود عشق،معرفت اور فکری گہرائی کو بھی محسوس کریں۔یوں یہ کورس علم و ادب کے ساتھ ساتھ روحانی تربیت کا بھی ایک مؤثر ذریعہ بنتا ہے،جو دل میں محبتِ رسول کو بڑھانے اور ذوقِ نعت کو نکھارنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

کورس کے مشمولات

اس کورس  کے تحت  ٹوٹل 22 کلام شامل ہیں۔

کورس کرنے کے بعد آپ کس قابل ہو جائیں گی؟

اس کورس کے ذریعے عشقِ رسول میں اضافہ ہوگا اور سیرتِ رسول کے وہ حسین پہلو سمجھ میں آئیں گے جنہیں اعلیٰ حضرت نے نہایت خوبصورتی سے اشعار کی صورت میں بیان فرمایا ہے۔

کورس کی اہلیت

یہ کورس ہر وہ اسلامی بہن کر سکتی ہے جس کی عمر کم از کم 12 سال ہو اور اردو زبان لکھنا پڑھنا جانتی ہو۔اس کے علاوہ کسی خاص تعلیمی قابلیت کی شرط نہیں۔

ایڈمیشن کے لئے رابطہ نمبر:

03139292992 03142036541



Share