عقیدۂ ختمِ نبوت کورس
(اس سلسلے میں ہر ماہ اس شعبے سے متعلق مفید معلومات بیان کی جاتی ہیں۔)
عقیدۂ ختمِ نبوت اسلام کے بنیادی اور قطعی عقائد میں سے ہے،جس کا مفہوم یہ ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم اللہ پاک کے آخری نبی ہیں اور آپ کے بعد قیامت تک کوئی نبی نہیں آئے گا۔ہر مسلمان کی دینی ذمہ داری ہے کہ وہ اس عقیدے کو صحیح طور پر سمجھے،اس کی حفاظت کرے اور کسی بھی فکری یا اعتقادی گمراہی سے دور رہے۔
عقیدۂ ختمِ نبوت اسلام کے اجماعی عقائد میں شامل ہے اور ضروریاتِ دین میں شمار کیا گیا ہے۔آغازِ نبوت سے لے کر آج تک ہر مسلمان بلا کسی تاویل یا تخصیص کے اس بات پر ایمان رکھتا آیا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم خاتم النبیین ہیں۔امامِ اہلِ سنت مولانا شاہ امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہ علیہ نے بھی اس عقیدے کی قطعی حیثیت واضح کرتے ہوئے فرمایا کہ حضور پُرنور،خاتم النبیین،سید المرسلین صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم علیہ وعلیہم اجمعین کا خاتم یعنی بعثت میں آخرِ جمیع انبیاء و مرسلین بلا تاویل و بلا تخصیص ہونا ضروریاتِ دین سے ہے جو اس کا منکر ہو یا اس میں ادنیٰ شک و شبہ کو بھی راہ دے کافر مرتد ملعون ہے۔([1])
اس عقیدے کی اہمیت کا اندازہ قرآنِ مجید کی سو سے زائد آیات اور حضور کی دو سو سے زائد احادیث سے لگایا جا سکتا ہے۔حضور کی ظاہری حیات کے زمانے میں اسلام کے تحفظ کے لیے جتنی بھی جنگیں لڑی گئیں،ان میں شہادت پانے والے صحابہ کرام کی کل تعداد 259 تھی اور عقیدۂ ختمِ نبوت کے دفاع میں سب سے پہلا عظیم فتوحات و شہادت کا واقعہ جنگِ یمامہ ہے،جہاں 1200 صحابہ و تابعین شہید ہوئے،جن میں سے 700 قرآن کے حافظ و قاری تھے ۔ یہ سب اس عقیدے کی عظمت اور اس کے دفاع کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔بعد کے زمانے میں مرزا قادیانی اور دیگر افراد نے ختمِ نبوت کے انکار اور نبوت کے دعوے کے فتنہ کو کھڑا کیا،جبکہ اعلیٰ حضرت نے اس کے خلاف مؤثر علمی دلائل پیش کیے اور مخصوص کتابوں کے ذریعے اس فتنے کا مدلل رد کیا۔یوں عقیدۂ ختمِ نبوت ہر دور میں مسلمانوں کی دینی اور فکری حفاظت کا ستون ثابت ہوا ہے۔
کورس کے مشمولات:
*عقیدۂ ختمِ نبوت اور اس کا حکم*عقیدۂ ختمِ نبوت قرآن کی روشنی میں*خاتم النبیین و مفسرین ِکرام*عقیدۂ ختمِ نبوت احادیث کی روشنی میں*عقیدۂ ختمِ نبوت اور صحابہ کرام کے اقوال * اکابرینِ اُمّت و ختمِ نبوت
کورس کرنے کے بعد آپ کس قابل ہو جائیں گی؟
اس کورس کے ذریعے اپنے عقیدۂ ختمِ نبوت کو نہ صرف صحیح اور واضح طور پر سمجھیں گی بلکہ اس پر پختہ یقین کے ساتھ مضبوطی سے قائم بھی رہیں گی۔نیز علمی دلائل اور پرامن اندازِ فکر کے ذریعے اس عقیدے کی حفاظت اور دفاع کے قابل بن جائیں گی، تاکہ فکری واعتقادی فتنوں کے مقابلے میں اپنے ایمان کو ثابت قدم رکھ سکیں۔
کورس کی اہلیت
یہ کورس ہر وہ اسلامی بہن کر سکتی ہے جس کی عمر کم از کم 13 سال ہو۔اردو زبان لکھنا پڑھنا جانتی ہو۔اس کے علاوہ کسی خاص تعلیمی قابلیت کی شرط نہیں۔
ایڈمیشن کے لئے رابطہ نمبر:
03139292992 03142036541

Comments