Our new website is now live Visit us at https://alqurankarim.net/

Home Al-Quran Surah Al Qamar Ayat 7 Translation Tafseer

رکوعاتہا 3
سورۃ ﳺ
اٰیاتہا 55

Tarteeb e Nuzool:(37) Tarteeb e Tilawat:(54) Mushtamil e Para:(27) Total Aayaat:(55)
Total Ruku:(3) Total Words:(382) Total Letters:(1460)
6-8

فَتَوَلَّ عَنْهُمْۘ- یَوْمَ یَدْعُ الدَّاعِ اِلٰى شَیْءٍ نُّكُرٍ(6)خُشَّعًا اَبْصَارُهُمْ یَخْرُجُوْنَ مِنَ الْاَجْدَاثِ كَاَنَّهُمْ جَرَادٌ مُّنْتَشِرٌ(7)مُّهْطِعِیْنَ اِلَى الدَّاعِؕ- یَقُوْلُ الْكٰفِرُوْنَ هٰذَا یَوْمٌ عَسِرٌ(8)
ترجمہ: کنزالایمان
تو تم اُن سے منہ پھیرلو جس دن بلانے والا ایک سخت بے پہچانی بات کی طرف بلائے گا نیچی آنکھیں کئے ہوئے قبروں سے نکلیں گے گویا وہ ٹیڑی(ٹڈی) ہیں پھیلی ہوئی بلانے والے کی طرف لپکتے ہوئے کافر کہیں گے یہ دن سخت ہے


تفسیر: ‎صراط الجنان

{فَتَوَلَّ عَنْهُمْ: تو تم ان سے منہ پھیرلو۔}یعنی اے حبیب! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ،ان کفار کی سرکشی کا نتیجہ یہ ہے کہ آپ ان سے منہ پھیر لیں  کیونکہ وہ نصیحت کرنے اور ڈر سنانے سے عبرت حاصل کرنے والے نہیں  ۔ایک قول یہ ہے کہ یہ آیت جہاد والی آیت سے منسوخ ہو چکی ہے اور ایک قول یہ ہے کہ یہ آیت منسوخ نہیں  کیونکہ ا س کا معنی یہ ہے کہ اے حبیب ! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ،آپ ان کفار سے منہ پھیر لیں  اور ان سے کلام کرنے کی بجائے ان کے ساتھ جہاد فرمائیں ۔( مدارک، القمر، تحت الآیۃ: ۶، ص۱۱۸۵،جلالین مع صاوی، ا لقمر، تحت الآیۃ: ۶، ۶ / ۲۰۶۱، ملتقطاً)

{ یَوْمَ یَدْعُ الدَّاعِ اِلٰى شَیْءٍ نُّكُرٍ: جس دن پکارنے والا ایک سخت انجان بات کی طرف بلائے گا۔}  آیت کے اس حصے اور ا س کے بعد والی دو آیات کا خلاصہ یہ ہے کہ اے حبیب ! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ، آپ وہ دن یاد کریں  جب حضرت اسرافیل  عَلَیْہِ السَّلَام   بیتُ الْمَقْدِس کی چٹان پر کھڑے ہو کرایک ایسی سخت انجان بات کی طرف بلائیں  گے کہ اس جیسی سختی کبھی لوگوں  نے نہ دیکھی ہوگی اور وہ بات قیامت اور حساب کی ہَولناکی ہے۔اس وقت لوگوں  کا حال یہ ہو گا کہ ان کی نگاہیں  جھکی ہوئی ہوں  گی اور وہ اپنی قبروں  سے اس حال میں  نکلیں  گے کہ کثرت کی وجہ سے گویا وہ ہر طرف پھیلی ہوئی ٹڈیاں  ہیں  اوروہ خوف اور حیرت کی وجہ سے یہ نہیں  جانتے ہوں  گے کہ کہاں  جائیں  ،حضرت اسرافیل  عَلَیْہِ السَّلَام کی آواز کی طرف دوڑتے ہوئے ان میں  سے کافر کہیں  گے: یہ کافروں  پر بڑاسخت دن ہے۔( خازن ، القمر ، تحت الآیۃ : ۶-۸ ، ۴ / ۲۰۲-۲۰۳، مدارک، القمر، تحت الآیۃ: ۶-۸، ص۱۱۸۵-۱۱۸۶،جلالین مع صاوی، القمر، تحت الآیۃ: ۶-۸، ۶ / ۲۰۶۱-۲۰۶۲، ملتقطاً)

            ان آیات میں  قیامت قائم ہوتے وقت کی جو حالت بیان کی گئی اس کا ذکر کرتے ہوئے ایک اور مقام پر اللہتعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:

’’ وَ نُفِخَ فِی الصُّوْرِ فَاِذَا هُمْ مِّنَ الْاَجْدَاثِ اِلٰى رَبِّهِمْ یَنْسِلُوْنَ(۵۱)قَالُوْا یٰوَیْلَنَا مَنْۢ بَعَثَنَا مِنْ مَّرْقَدِنَاﱃ هٰذَا مَا وَعَدَ الرَّحْمٰنُ وَ صَدَقَ الْمُرْسَلُوْنَ‘‘(یس:۵۱،۵۲)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور صورمیں  پھونک ماری جائے گی تو اسی وقت وہ قبروں  سے اپنے رب کی طرف دوڑتے چلے جائیں گے ۔کہیں  گے: ہائے ہماری خرابی! کس نے ہمیں  ہماری نیند سے جگادیا؟ یہ وہ ہے جس کا رحمٰن نے وعدہ کیا تھا اور رسولوں  نے سچ فرمایاتھا۔

            ایک اور مقام پر ارشاد فرماتا ہے:

’’ یَوْمَ یَخْرُجُوْنَ مِنَ الْاَجْدَاثِ سِرَاعًا كَاَنَّهُمْ اِلٰى نُصُبٍ یُّوْفِضُوْنَۙ(۴۳) خَاشِعَةً اَبْصَارُهُمْ تَرْهَقُهُمْ ذِلَّةٌؕ-ذٰلِكَ الْیَوْمُ الَّذِیْ كَانُوْا یُوْعَدُوْنَ‘‘(معارج:۴۳،۴۴)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: جس دن قبروں  سے جلدی کرتے ہوئے نکلیں  گے گویا وہ نشانوں  کی طرف لپک رہے ہیں ۔ان کی آنکھیں  جھکی ہوئی ہوں  گی، ان پر ذلت چڑھ رہی ہوگی، یہ ان کا وہ دن ہے جس کا ان سے وعدہ کیا جاتا تھا۔

             اللہ تعالیٰ ہمیں  قیامت کی سختیوں  اور ہَولناکیوں  سے امن نصیب فرمائے،اٰمین۔

قیامت کا دن کافروں  پر سخت ہوگا جبکہ کامل ایمان والوں  پر سخت نہیں  ہو گا:

             آیت نمبر8 سے معلوم ہوا کہ قیامت کا دن کافروں  پر سخت ہو گا اور کامل ایمان والوں  پر سخت نہیں  ہو گا۔ایک اور مقام پر  اللہ تعالیٰ نے کفار کے بارے میں  ارشاد فرمایا:

’’ اَلْمُلْكُ یَوْمَىٕذِ ﹰالْحَقُّ لِلرَّحْمٰنِؕ-وَ كَانَ یَوْمًا عَلَى الْكٰفِرِیْنَ عَسِیْرًا‘‘(فرقان:۲۶)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: اس دن سچی بادشاہی رحمٰن کی ہوگی اور کافروں  پر وہ بڑا سخت دن ہوگا۔

            اور ارشاد فرمایا:

’’ فَاِذَا نُقِرَ فِی النَّاقُوْرِۙ(۸) فَذٰلِكَ یَوْمَىٕذٍ یَّوْمٌ عَسِیْرٌۙ(۹) عَلَى الْكٰفِرِیْنَ غَیْرُ یَسِیْرٍ‘‘(مدثر:۸-۱۰)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: پھر جب صور میں  پھونکا جائے گا۔تو وہ دن سخت دن ہوگا ۔کافروں  پر آسان نہیں  ہوگا۔

            اور نیک اعمال کرنے والے مومنین کے بارے میں  ارشاد فرمایا:

’’ مَنْ جَآءَ بِالْحَسَنَةِ فَلَهٗ خَیْرٌ مِّنْهَاۚ-وَ هُمْ مِّنْ فَزَعٍ یَّوْمَىٕذٍ اٰمِنُوْنَ‘‘(نمل:۸۹)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: جو نیکی لائے اس کے لیے اس سے بہتر صلہ ہے اور وہ اس دن کی گھبراہٹ سے امن و چین میں  ہوں  گے۔

            اور ارشاد فرمایا:

’’ اَصْحٰبُ الْجَنَّةِ یَوْمَىٕذٍ خَیْرٌ مُّسْتَقَرًّا وَّ اَحْسَنُ مَقِیْلًا‘‘(فرقان:۲۴)

ترجمہٗ کنزُالعِرفان: جنت والے اس دن ٹھکانے کے اعتبار سے بہتر اور آرام کے اعتبار سے سب سے اچھے ہوں  گے۔

             اللہ تعالیٰ ہمیں   بھی ان خوش نصیب حضرات کے گروہ میں  شامل فرمائے جنہیں  قیامت کے دن امن اور چین نصیب ہو گا،اٰمین۔

Reading Option

Ayat

Translation

Tafseer

Fonts Setting

Download Surah

Related Links