اتوار اور شبِ اتوار کی عبادات
ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن


موضوع:اتوار اور شبِ اتوار کی عبادات

اتوار دنیا کے دنوں میں سب سے پہلا([1])اور عظمت و برکت والا دن ہے۔اتوار کو کئی تاریخی  نسبتیں اور خصوصیات حاصل ہیں،مثلاً:اللہ پاک نے اتوار کے روز تین قسم کے تارے بنائے۔([2])

یہ سات سمندر بھی اِسی دن  بنائے:(1)طبرستان(2)بحرِ کرمان(3)بحرِ قلزم(4)بحرِ ہند(5)بحرِ عمان(6)بحرِ روم (7) بحرِ مغرب۔([3])

اسی دن اللہ پاک نے آگ،سات زمینیں،انسان کے ساتھ اس کے اعضائے سجود یعنی دونوں ہاتھ پاؤں،گھٹنے،چہرہ اور ساتوں دن پیدا کئے۔([4])

اتوار کے دن کھیت بونا،درخت لگانا اور مکان کی تعمیر کرنا باعثِ برکت ہے۔([5])حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:حضور پاک صلی اللہ علیہ و اٰلہٖ و سلم سے اتوار کے دن کے متعلق پوچھا گیا تو آپ نے فرمایا:یہ درخت لگانے اور تعمیر کا دن ہے۔صحابہ کرام نے عرض کی:یا رسول اللہ!وہ کس طرح؟ آپ نے فرمایا:اس لئے کہ یہ دنیا کی ابتدا اور تعمیر کا دن ہے۔ ([6]) ایک قول کے مطابق اتوار کا دن حضرت عیسی علیہ السلام اور دیگر  20 انبیا علیہم السلام کو عطا فرمایا گیا۔([7])

اتوار کے اعمال

اتوار کا روزہ:

ممکن ہو تو اس دن  کا روزہ رکھیے کہ ہمارے پیارے آقا صلی اللہ علیہ و اٰلہٖ و سلم ہفتہ اور اتوار کا روزہ اکثر رکھا کرتے اور فرماتے:یہ دونوں(ہفتہ اور اتوار)مشرکین کی عید کے دن ہیں اور میں چاہتا ہوں کہ ان کی مخالفت کروں۔([8])حکیم الاُمَّت حضرت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ اس حدیثِ پاک کے تحت فرماتے  ہیں:ہفتہ کا دن  یہود کی عید ہے اور اتوار کا دن عیسائیوں کی عید،ان میں وہ خوب کھاتے پیتے ہیں اور عیش کرتے ہیں ،ہم نے ان کی مخالفت میں روزہ رکھا۔([9])

اتوار کے دن کے نوافل

امیرالمومنین حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نے ارشاد فرمایا:اتوار کے دن کثرتِ نماز سے اللہ پاک کی وحدانیت بیان کرو۔بے شک اللہ پاک یکتا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں۔جس نے اتوار کے دن نمازِ ظہر کے فرض و سنتوں کے بعد چار رکعت نماز پڑھی،پہلی رکعت میں سورۂ فاتحہ اور سورۂ سجدہ پڑھی اور دوسری میں سورۂ فاتحہ اور سورۂ ملک پڑھی،پھر تشہد پڑھ کر سلام پھیرا،پھر آخری دو رکعتیں پڑھنے کے لئے کھڑا ہو گیا اور ان میں سورۂ فاتحہ اور سورۂ جمعہ کی تلاوت کی اور اللہ پاک سے اپنی حاجت طلب کی تو اللہ پاک کے ذمۂ کرم پر ہے کہ اس کی حاجت پوری فرما دے۔([10])

شبِ اتوار کے نوافل

بیس رکعت پڑھے،ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ  اخلاص پچاس بار اور معوذتین ایک بار اور سلام کے بعد درود شریف سو بار اور استغفار سو بار اور لا حول شریف سو بار اور اَللّٰهُمَّ اغْفِرْ لِي وَلِوَالِدَیَّ وَ لِمَنْ تَوَالَدَ وَ لِجَمِيْعِ الْمُؤْمِنِيْنَ وَ الْمُؤْمِنَاتِ وَ الْمُسْلِمِيْنَ وَ الْمُسْلِمَاتِ الْأَحْيَاءِ مِنْهُمْ وَ الْأَمْوَاتِ سو بار پڑھے۔([11])

حضرت انس بن مالک  سے مروی ہے:جو شبِ اتوار بیس رکعت نماز پڑھے،ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد پچاس بار سورۂ اخلاص اور ایک ایک بار سورۂ فلق و ناس پڑھے،پھر سو بار استغفار کرے،پھر اپنے لئے اور والدین کے لئے سو بار مغفرت کی دعا مانگے،سو بار درودِ پاک پڑھے،اپنی طاقت و قوت سے براء ت کا اظہار کرے اور اللہ پاک کی پناہ طلب کرے،پھر یہ کلمات کہے:

اَشْهَدُ اَنْ لَّا اِلٰهَ اِلَّا اللهُ وَحْدَہ لَا شَرِیْکَ لَہ وَ اَشْهَدُ أَنَّ آدَمَ صَفْوَةُ اللهِ وَ فِطْرَتُه وَ اِبْرَاهِيْمَ خَلِيْلُ اللهِ وَ مُوْسٰى كَلِيْمُ اللهِ وَ عِيْسٰى رُوْحُ اللهِ وَ مُحَمَّداً حَبِيْبُ اللهِ،صَلَوَاتُ اللہ وَ سَلَامُہُ عَلَیْہِمْ اَجْمَعِیْنْ یعنی میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ پاک کے سوا کوئی معبود نہیں۔وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں۔میں گواہی دیتا ہوں کہ حضرت آدم علیہ السلام صفیُ اللہ ہیں اور اللہ پاک نے انہیں اپنے دست ِ قدرت سے بنایا ہے۔حضرت ابراہیم خلیلُ اللہ،حضرت موسیٰ کلیمُ اللہ،حضرت عیسیٰ روحُ اللہ اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ و اٰلہٖ و سلم حبیب اللہ ہیں۔تو اس کے لئے اللہ پاک سے اولاد کی دعا مانگنے والوں کی تعداد کے برابر ثواب ہے۔بروزِ قیامت اللہ پاک اسے امن والوں کے ساتھ اٹھائے گا اور اللہ پاک کے ذِمَّۂ کرم پر ہے کہ اسے انبیائے کرام کے ساتھ جنت میں داخل فرمائے۔([12])

وظائف

کام بنانے والا وظیفہ

جو ضرورت مند اتوار کے دن طلوعِ آفتاب کے وقت دس بار سورۂ  کافرون پڑھے اس کا   کام بن جائے گا۔([13])

اتوار کے دن کا غوثیہ وظیفہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ هُوَ اللّٰهُ الَّذِي لَا إِلٰهَ إِلَّا هُوَ،الْجَمِيلُ الرَّحْمٰنُ الرَّحِيْمُ،اللَّطِيفُ الْحَلِيمُ الرَّؤُوْفُ الْعَفُوُّ، الْمُؤْمِنُ النَّصِيرُ الْمُجِيْبُ الْمُغِيْثُ الْقَرِيبُ السَّرِيعُ الْمُجِيبُ، ذُو الْجَلَالِ وَ الْإِكْرَامِ ذُو الطَّولِ،رَبِّ اكْسُنِي مِنْ جَمَالِ بَدِیْعِ الْأَنْوَارِ الْجَمَالِيَّةِ مَا يُدْهِشُ ألْبَابَ الذَّوَاتِ الْكَوْنِيَّةِ، فَتَتَوَجَّهُ إِلٰی حَقَائِقِ الْمُكَوَّنَاتِ تَوَجُّهَ الْمَحَبَّةِ الذَّاتِيَّةِ الْجَاذِبَةِ إِلٰی شُهُودِ مُطْلَقِ الْجَمَالِ الَّذِي لَا يُضَامُ قُطْبٌ وَ لَا يَقْطَعُ عَنْهُ إِظْلَامٌ وَ اجْعَلْنِي مَرْحُومًا مِنْ كُلِّ رَاحِمٍ بِحُكْمِ الْعَطْفِ الْحَيِّ الَّذِي لَا يَشُوبُهُ انْتِقَامٌ،وَ لَا يَنْقُضُهُ غَضَبٌ،وَ لَا يَقْطَعُ مَدَدَهُ سَبَبٌ،وَ تَوَلَّ ذٰلِكَ بِحُكْمِ أَبَدِيَّةِ وَارِثِيَّتِكَ إِلٰی غَيْرِ نِهَايَةٍ لَا تَقْطَعُهَا غَايَةٌ يَا مَنْ حُكْمُهُ هُوَ الرَّحِيْمُ،يَا رَبَّاهُ غَوْثَاهُ غَوْثَاهُ،يَا خَفِيًّا لَا يَظْهَرُ وَ يَا ظَاهِرًا لَا يَخْفٰی،لَطُفَتْ أَسْرَارُ وُجُودِكَ الْأَعْلٰی فَتُرٰی فِي كُلِّ مَوْجُودٍ،وَ عَلَتْ أَنْوَارُ ظُهُوْرِكَ الْأَقْدَسِ فَبَدَتْ فِي كُلِّ مَشْهُودٍ وَ أَنْتَ الْحَلِيمُ الْمَنَّانُ بِالرَّأْفَةِ وَ الْعَفْوِ،السَّرِيعُ بِالْمَغْفِرَةِ، مُؤْمِنُ الْخَائِفِينَ، نَصِيرُ الْمُسْتَغِيثِينَ،الْقَرِيبُ مِنْ جَمِيعِ جِهَاتِ الْقُرْبِ وَ الْبُعْدِ عَنْ عُيُونِ الْعَارِفِينَ  يَا كَرِيمُ يَا كَرِيمُ يَا ذَا الطَّوْلِ وَ الْإِكْرَامِ،سَلَامٌ قَوْلًا مِّن رَّبٍّ رَّحِيمٍ وَ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ ۔ ([14])

یاد رکھیے!ہماری زندگی کا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ ہمارا ہر لمحہ،ہر قدم بلکہ ہر سانس اللہ پاک کی عبادت و ریاضت میں گزرے،دن ہو یا رات یا ہفتے کا کوئی بھی دن ہو ہمارا مقصدِ زندگی رضائے الٰہی کا حصول ہونا چاہیے کہ یہی کامیابی کا اصل راستہ ہے۔اللہ پاک ہمیں ہر لمحے،ہر منٹ بلکہ ہر سانس میں اپنی رضا والے کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمین بِجاہِ النّبیِّ الْاَمین صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* شعبہ ذمہ دار  ماہنامہ خواتین



[1] عجائب المخلوقات،ص65

[2] فضائل الایام و الشہور،ص30

[3] فضائل الایام و الشہور،ص33

[4] اسلامی مہینوں کے فضائل،ص305

[5] فضائل  الایام و الشہور،ص 25

[6] غنیۃ الطالبین،2/123

[7] غنیۃ الطالبین،2/124

[8] ابنِ خزیمہ،3/318،حدیث:2167

[9] مراٰۃ المناجیح،3/194

[10] قوت القلوب،1/52،53

[11] جواہر خمسہ مترجم،ص58

[12] مفتاح السعادۃ،3/57

[13] جنتی زیور،ص604

[14] مرقع کلیمی،ص38تا40


Share