رجب شریف کی عبادات
ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن


موضوع: رجب شریف کی عبادات

رجب شریف اسلامی سال کا ساتواں مہینا ہے۔حضور نبی کریم  صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے ایک فرمان کے مطابق یہ اللہ پاک کامہینا ہے۔([1]) کیونکہ ایک قول کے مطابق رجب کے تین حروف (ر۔ج۔ب) ہیں۔رسے رحمتِ الٰہی،جسے بندے کے جرم اور اس کی غلطیاں جبکہ بسے مراد اللہ پاک کی مہربانیاں ہیں۔گویا اللہ پاک فرماتا ہے:میں اپنے بندے کے گناہوں کو اپنی رحمت اور مہربانیوں میں سمو لیتا ہوں۔([2])

حضرت انس بن مالک  رضی اللہ عنہ  فرماتے ہیں:رجب شریف کا مہینا آتا تو حضور یہ دعا کرتے تھے:اَللّٰہُمَّ بَارِکْ لَنَا فِیْ رَجَبٍ وَّ شَعْبَانَ  وَ بَلِّغْنَا رَمَضانَ([3]) حکیمُ الاُمَّت حضرت مفتی احمد یار خان نعیمی  رحمۃ اللہ علیہ  اس کی شرح میں فرماتے ہیں: صوفیائے کرام فرماتے(ہیں):رجب تُخم(یعنی بیج)بونے کا مہینا ہے، شعبان پانی دینے اور رمضان کاٹنے کا کہ رجب میں نوافل میں خوب کوشش کرو،شعبان میں اپنے گناہوں پر روؤ اور رمضان میں رب کو راضی کر کے اس کھیت کو خیریت سے کاٹو،ان کے اس قول کا ماخذ(اصل)یہ(بیان کردہ)حدیث ہے یعنی رجب میں ہماری عبادتوں میں برکت دے،شعبان میں خشوع وخضوع دے  اور رمضان کا پانا اس میں روزے اور قیام نصیب کر۔ ([4])

رجب  شریف کے نوافل

(1)ماہِ رجب کی پہلی رات نمازِ عشا سے پہلے 20 رکعات نماز 10سلام سے پڑھے،ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ کافرون اور سورۂ اخلاص 3،3 بار پڑھے تو اس نماز کے پڑھنے والے کو اللہ پاک قیامت کے دن شہیدوں میں شامل کرے گا  اور اس کے ہزار درجے بلند فرمائے گا۔([5])

(2)ماہِ رجب کی پہلی رات نمازِ عشا کے بعد  4 رکعات نماز دو سلام سے پڑھے،ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اَلَمْ نَشْرَحْ،سورۂ اخلاص،سورۂ فلق اور سورۂ ناس ایک ایک بار پڑھے،جب دو رکعت کا سلام پھیر دے تو کلمۂ توحید اور درود شریف 33،33 بار پڑھ کر جو حاجت ہو اللہ پاک سے طلب کرے ان شاء اللہ ہر حاجت پوری ہو گی۔([6])

(3)ماہِ رجب کی پہلی رات بعد نمازِ عشا 2 رکعت نماز اس طرح پڑھے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص 5،5 بار اور سلام کے بعد  100 بار پڑھے اللہ پاک اس نماز کی برکت سے اسے صحت عطا فرمائے گا۔بیمار کی صحت کے لئے یہ نماز بہت افضل ہے۔([7])

(4)ماہِ رجب کی پہلی رات نمازِ تہجد کے وقت دس رکعت نماز 5 سلام سے اس طرح پڑھے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ کافرون اور سورۂ اخلاص 3،3 بار پڑھے،سلام کے بعد  ہاتھ اٹھا کر ایک مرتبہ کلمۂ توحید پڑھے،پھر یہ دعا ایک مرتبہ پڑھے:اَللّٰهُمَّ لَا مَانِعَ لِمَا اَعْطَيْتَ وَ لَا مُعْطِيَ لِمَا مَنَعْتَ وَ لَا يَنْفَعُ ذَا  الْجَدِّ مِنْكَ الْجَدُّ یہ دعا پڑھ کر اللہ پاک سے جو بھی حاجت ہو طلب کرے ان شاء اللہ جو دعا مانگے وہ قبول ہو گی۔([8])

(5)ماہِ رجب کی یکم کو بعد نمازِ ظہر دو رکعت نماز پڑھے،ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص5،5بار پڑھے، سلام کے بعد اپنے گناہوں سے توبہ کرے ان شاء اللہ اس نماز کے پڑھنے والے کے تمام گناہ معاف ہو کر مغفرت ہو گی۔([9])

(6)ماہِ رجب کی پہلی شبِ جمعہ بعد نمازِ عشا 2 رکعت نماز پڑھے،پہلی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ بقرہ کا آخری رکوع اٰمَنَ الرَّسُوْلُ سے كٰفِرِیْنَ تک سات مرتبہ پڑھے،پھر دو رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ حشر کی  آخری آیات هُوَ اللّٰهُ  الَّذِیْتا حَكِیْمُ سات مرتبہ پڑھے۔بعدِ سلام بارگاہِ الٰہی میں جو بھی حاجت ہو طلب کرے ان شاء اللہ جو دعا مانگے قبول ہو گی۔ہر مراد کے لئے یہ نماز افضل ہے۔([10])

(7) رجب کے پہلے جمعہ کو ظہر و عصر کے درمیان 4 رکعت ایک سلام سے  اس طرح  پڑھے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد آیۃ الکرسی 7 بار،سورۂ اخلاص 5 مرتبہ اور سلام کے بعد 25 مرتبہ یہ دعا پڑھے:لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ اِلَّا بِاللَّهِ الْكَبِيرِ الْمُتَعَالِ،پھر 100 مرتبہ یہ استغفار پڑھے:اَسْتَغْفِرُ اللَّهَ الَّذِي لَآ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ الْحَيُّ الْقَيُّومُ غَفَّارُ الذُّنُوبِ وَ سَتَّارُ الْعُيُوبِ وَ اَتُوبُ إِلَيْهِ۔بعد ازاں  100مرتبہ درود شریف پڑھ کر  جو دعا بھی مانگے خواہ دینی ہو یا دنیاوی بارگاہِ الٰہی میں ضرور مقبول ہو گی۔([11])

(8)ماہِ رجب کی 7 ویں،15ویں یا 21 ویں رات میں بعد نمازِ عشا  20 رکعت نماز  10 سلام سے پڑھے اور ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص ایک ایک بار پڑھے تو اللہ پاک اس نماز کے پڑھنے والے کو دنیاوی اور دینی تمام آفتوں سے محفوظ رکھے گا اور پل صراط کا راستہ اس پر آسان ہو گا۔([12])

(9)15ویں رات کو بعد نمازِ عشا   20 رکعت نماز  10 سلام سے پڑھے،ہر رکعت میں سورۂ  فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص ایک ایک بار پڑھے،اللہ پاک اس نماز پڑھنے کا بے حد ثواب عطا فرمائے گا اور پڑھنے والی/والے  کے گناہ ایسے جھڑیں گے جیسے درخت کے سوکھے پتے جھڑ جاتے ہیں۔([13])

(10)ماہِ رجب کے کسی جمعہ  کو نماز ِعشا کے بعد  2  رکعت نماز اس طرح پڑھے کہ سورۂ فاتحہ کے بعد آیۃ الکرسی 11 بار، سورۂ زلزال   اور سورۂ تکاثر  11- 11 بار پڑھے۔سلام کے بعد اپنے گناہوں کی مغفرت طلب کرے تو اللہ پاک اس کے سارے گناہ معاف فرما کر اس کی بخشش فرمائے گا۔([14])

27ویں رجب کی عبادات:نوافل

رجب کی 27 ویں رات میں نیک عمل کرنے والے کو  100 برس کی نیکیوں   کا ثواب ملتا ہے۔جو اس میں   12 رکعت اس طرح پڑھے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ اور قرآن کی کوئی ایک سورت پڑھے،ہر دو رکعت پر اَلتَّحِیّاتُ پڑھے اور 12 پوری ہونے پر سلام پھیرے،اس کے بعد 100 بار یہ پڑھے: سُبْحٰنَ اللہ وَ الْحَمْدُ لِلّٰہِ وَ لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہ وَ اللہ اَکْبَر،100بار استغفار اور 100 بار درود شریف پڑھے،اپنی دنیا و آخرت میں سے جس چیز کی چاہے دعا مانگے اور صبح کو روزہ رکھے تو اللہ پاک اس کی سب دعائیں   قبو ل فرمائے سوائے اس دعا کے جو گناہ کے لئے ہو۔([15])

ماہِ رجب کے نفلی روزے

رجب کے پہلے دن کا روزہ تین سال کا،دوسرے دن کا روزہ دو سال کا اور تیسرے دن کا ایک سال کا کفارہ ہے،پھر ہر دن کا روزہ ایک ماہ کا کفارہ ہے۔([16]) یہاں گناہ کا کفارہ سے مراد یہ ہے کہ یہ روزے،گناہِ صغیرہ کی معافی کا ذریعہ بن جاتے ہیں  ۔([17])

رجب کے کونڈے

ماہِ رجب میں بعض جگہ امام جعفر صادق  رحمۃ اللہ علیہ  کو ایصالِ ثواب کے لئے پوریوں کے کونڈے بھرے جاتے ہیں یہ بھی جائز مگر اس میں بھی اسی جگہ کھانے کی بعضوں نے پابندی کر رکھی ہے یہ بے جا پابندی ہے۔اس کونڈے کے متعلق ایک کتاب بھی ہے جس کا نام داستانِ عجیب ہے،اس موقع پر بعض لوگ اس کو پڑھواتے ہیں اس میں جو کچھ لکھا ہے اس کا کوئی ثبوت نہیں وہ نہ پڑھی جائے فاتحہ دلا کر ایصالِ ثواب کریں۔([18])اسی طرح دس بیبیوں کی کہانی،لکڑ ہارے کی کہانی اور جنابِ سیِّدہ کی کہانی سب من گھڑت قصے ہیں، ان کے بجائے ایک بار سورۂ یٰسٓ پڑھ لیا کریں   کہ دس قرآنِ کریم ختم کرنے کا ثواب ملے گا۔یہ بھی یاد رہے کہ کونڈے ہی میں کھیر کھانا،کھلانا ضروری نہیں،دوسرے برتن میں   بھی کھا اور کھلا سکتے ہیں۔ایصالِ ثواب(ثواب پہنچانا)قرآنِ کریم و احادیثِ مبارَکہ سے ثابت ہے،ایصالِ ثواب دعا کے ذریعے بھی کیا جا سکتا ہے اور کھانا وغیرہ پکا کر اس پر فاتحہ دلا کر بھی۔کونڈوں   کی نیاز بھی ایصالِ ثواب ہی کی ایک صورت ہے اس کو نا جائز کہنا شریعت پر اِفترا(تہمت باندھنا)ہے۔

رجب کے کونڈے کس تاریخ کو کریں؟

پورے ماہِ رجب میں   بلکہ سارے سال میں جب چاہیں ایصالِ ثواب کے لئے کونڈوں   کی نیاز کر سکتی ہیں،البتہ!مناسب یہ ہے کہ 15 رجب شریف کو رجب کے کونڈے کئے جائیں   کیوں   کہ یہ حضرت امام جعفر صادق  رحمۃ اللہ علیہ  کا یومِ عُرس ہے۔([19])

خواجہ صاحب کی چھٹی:

رجب شریف کی 6 تاریخ کو برِّ صغیر کی عظیم روحانی شخصیت سلطانُ الہند،حضرت خواجہ غریب نواز معینُ الدین سید حسن سنجری  رحمۃ اللہ علیہ  کے ایصالِ ثواب کے لئے  پاک و ہند کے مسلمان خصوصی اہتمام کرتے ہیں اور ان کی نیاز دلاتے ہیں۔اس دن کو خواجہ صاحب کی چھٹی کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔اس کی اصل بھی وہی ایصالِ ثواب ہے جو ہمیشہ سے مسلمانوں کا معمول ہے۔

تبارک کی روٹی:

رجب میں ایصالِ ثواب کے لئے  عام طور پر میٹھی روٹی پر فاتحہ دلائی جاتی ہے جسے تبارک کی روٹی کہتے ہیں، اس کے لئے مخصوص تعداد میں سورۂ ملک کی تلاوت بھی کی جاتی ہے۔اس میں شرعاً کوئی پابندی نہیں کہ روٹیوں کی اتنی تعداد ہو یا روٹیوں ہی پر فاتحہ دلوائی  جائے اور نہ ہی سورۂ ملک  کی شرعاً کوئی تعداد مقرر ہے بلکہ بآسانی جس قدر ممکن ہو تلاوت کر لی جائے۔ مفتی محمد امجد علی اعظمی  رحمۃ اللہ علیہ  فرماتے ہیں:ماہِ رجب میں بعض جگہ سورۂ ملک چالیس مرتبہ پڑھ کر روٹیوں یا چھوہاروں پر دم کرتے ہیں اور ان کو تقسیم کرتے ہیں اور ثواب مُردوں کو پہنچاتے ہیں یہ بھی جائز ہے۔([20])

وظائف

رجب کی پہلی تاریخ سے ہر نماز کے بعد  3  مرتبہ اس دعا کو پڑھنے کی بہت فضیلت ہے:اَسْتَغْفِرُ اللّٰهَ الْعَظِیْمَ الَّذِیْ لَااِلٰهَ اِلَّا هُوَ الْحَيُّ الْقَيُّوْمُ،اِلَيْهِ تَوْبَةَ عَبْدٍ ظَالِمٍ لَا يَمْلِكُ نَفْسَهُ ضَرًّا وَّ لَا نَفْعًا وَ لَا مَوْتًا وَ لَا حَيٰوةً وَ لَا نُشُوْرًا۔([21])جبکہ 15 تاریخ کو کسی بھی نماز کے بعد  100 مرتبہ یہ استغفار پڑھنا افضل ہے۔ اللہ پاک اس دعا کے پڑھنے والے کی تمام برائیاں مٹا کر نیکیوں میں بدل دیتا ہے،وہ استغفار یہ ہے:اَسْتَغْفِرُ اللّٰهَ الَّذِيْ لَآ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ الْحَيُّ الْقَيُّومُ،غَفَّارُ الذُّنُوبِ وَ سَتَّارُ الْعُيُوبِ،وَ اَتُوبُ إِلَيْهِ۔([22])

ماہِ رجب کی کسی تاریخ کو نمازِ ظہر یا مغرب  یا عشا کے بعد سورۂ کہف ایک بار،سورۂ یٰسٓ ایک بار،سورۂ حمٓ سجدہ ایک بار اور سورۂ دخان ایک بار،سورۂ معارج ایک بار،پھر سورۂ اخلاص  1000 بار پڑھے تو اللہ پاک ان سورتوں کے پڑھنے والے پر خاص رحمت و برکت عطا فرمائے گا۔([23])

اللہ پاک اس ماہِ مبارک کی ہمیں بھی برکتیں نصیب فرمائے۔ اس ماہِ مبارک میں ایصالِ ثواب اور عمرہ کرنے کی بہت فضیلت ہے؛حضرت عمر فاروقِ اعظم  رضی اللہ عنہ  اور دیگر اصحابِ رسول رجب شریف میں عمرہ کرنا پسند فرماتے تھے۔ اللہ پاک ہمیں بھی اس ماہِ مبارک میں عمرہ کرنے کی سعادت عطا فرمائے۔

اٰمین بِجاہِ النّبیِّ الْاَمین  صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* شعبہ ذمہ دار ماہنامہ خواتین




[1] کنز العمال،6/139،جزء:12،حدیث:35159

[2] مکاشفۃ القلوب،ص 301

[3] معجم اوسط،3/85،حدیث:3939

[4] مراۃ المناجیح،2/330

[5]  اسلامی مہینوں کے فضائل و مسائل،ص88

[6]  اسلامی مہینوں کے فضائل و مسائل،ص  88

[7]  اسلامی مہینوں کے فضائل و مسائل،ص 88

[8]  اسلامی  مہینوں کے فضائل و مسائل،ص 88

[9] اسلامی  مہینوں کے فضائل و مسائل،ص 89

[10] اسلامی  مہینوں کے فضائل و مسائل،ص 89

[11] اسلامی  مہینوں کے فضائل و مسائل،ص 89

[12] اسلامی  مہینوں کے فضائل و مسائل،ص 90

[13] اسلامی  مہینوں کے فضائل و مسائل،ص 90

[14] اسلامی  مہینوں کے فضائل و مسائل،ص 90

[15] شعب الایمان،3/374،حدیث:3812

[16] جامع صغیر،ص311،حدیث:5051

[17] فیضان رمضان،ص342

[18] بہارِ شریعت،3/643،حصہ:16

[19] فتاویٰ فقیہ ملت،2/265

[20]  بہار شریعت،3/643،حصہ:16

[21] اسلامی  مہینوں کے فضائل و مسائل،ص 91

[22] اسلامی  مہینوں کے فضائل و مسائل،ص 91

[23] اسلامی  مہینوں کے فضائل و مسائل،ص 92


Share