ذوالحج کی عبادات
ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن

سلسلہ: عبادات

موضوع: ذو الحج کی عبادات

*محترمہ  ام غزالی  عطاریہ مدنیہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

قمری سال کا بارہواں اور آخری مہینا ذو الحجۃ الحرام ہے، یہ ماہ حُرمَت والے(چار)مہینوں(یعنی ذو القعدہ،ذو الحج،محرم اور رجب)میں شامل اور سب سے افضل ہے، بالخصوص اس ماہ کے پہلے دس دن اور راتوں کے فضائل بہت زیادہ ہیں۔یہاں تک کہ اس ماہ کا چاند دیکھنا واجبِ کفایہ ہے۔(1)

قرآنِ کریم نے بھی اس ماہ  کی پہلی دس راتوں کی قسم ارشاد فرمائی۔جیسا کہ فرمانِ الٰہی:

وَ لَیَالٍ عَشْرٍۙ(۲) (پ 30،الفجر: 2)

ترجمہ:اور دس راتوں کی۔

کی تفسیر میں مروی ہے کہ ان دس راتوں سے مراد ذو الحجہ کی پہلی دس راتیں ہیں کیونکہ یہ زمانہ حج کے اعمال میں مشغول ہونے کا زمانہ ہے۔(2)بعض احادیثِ مبارکہ کے مطابق ذو الحج کا پہلا عشرہ رمضان شریف  کے بعد سب دنوں سے افضل ہے۔(3)ايك اور روایت میں ہے کہ اللہ پاک کے نزدیک ان دس دنوں  کے مقابلے میں کسی دن کا عمل زیادہ محبوب نہیں۔(4)بلکہ ایک روایت کے مطابق ان دس دنوں میں عمل کا ثواب 700 گنا تک بڑھا دیا جاتا ہے۔(5) لہٰذا ہمیں اس عشرے کو غفلت میں نہیں گزارنا چاہئے بلکہ اس عشرے کی جو عبادات بزرگانِ دین سے ثابت ہیں ہمیں بھی ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ان عبادات کو ادا کرنا چاہئے اور ذو الحج کا چاند نظر آنے سے لے کر 10 ذو الحج تک کثرت سے ذکر و اذکار میں مشغول رہنا چاہئے۔ جیسا کہ ایک روایت میں ہے:ان دنوں میں تہلیل(لَآاِلٰہَ اِلَّا اللہ)،تکبیر(اللہُ اَکْبَر) اور تحمید(اَلْحَمْدُلِلّٰہ)کی کثرت کرو۔(6)

اللہ پاک کو اس عشرے سے زیادہ کسی دن میں اپنی عبادت کی جانی پسند نہیں۔حضور اس عشرے کے روزے نہ چھوڑتے۔(7) لہٰذا ہمیں بھی یہ روزے رکھنے چاہئیں۔ نیز اس عشرے کے ہر دن کا روزہ ایک سال کے روزوں اور ہررات کا قیام شبِ قدر میں عبادت کرنے(8)اور ایک روایت کے مطابق ایک سال کی عبادت کے برابر ہے۔(9)

خوف سے نجات:

اس عشرے میں روزانہ با وضو کسی بھی وقت سورۂ فجر کا پڑھنا افضل ہے۔جو کوئی ان دنوں کی حُرمت کو مَدِّنظر رکھ کر سورۂ فجر کا ورد کرے گا تو اللہ پاک اسے قیامت کے دن بخش دے گا اور اس دن اسے کوئی خوف نہ ہو گا۔(10)

عذابِ دوزخ سے نجات:

اس ماہ کے پہلے دس دن کثرت سے سورۃ الضحی پڑھنے والوں کو اللہ پاک دوزخ کی آگ سے نجات عطا فرمائے گا ۔(11)

عشرہ ٔذو الحجۃ الحرام کے نوافل

ماہِ ذو الحجۃ الحرام کی پہلی رات بعد نمازِ عشا چار رکعت نفل دو سلام سے اس طرح پڑھئے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص 25، 25 بار پڑھئے تو اللہ پاک بے شمار نمازوں کا ثواب عطا فرمائے گا۔(12)

اس ماہ کی پہلی سے دسویں رات تک روزانہ بعد نمازِ عشا 2 رکعت اس طرح پڑھئے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ کوثر اور سورۂ اخلاص 3، 3 بار پڑھئے تو اس نماز کی عظمت کے سبب اللہ پاک نامۂ اعمال میں بے شمار نیکیاں عطا فرمائے گا اور بے شمار برائیاں مٹادے گا۔(13) ایک اور روایت کے مطابق جو یہ دو رکعت اس طرح پڑھے کہ پہلی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد آیۃ الکرسی ایک بار اور سورۂ اخلاص 15 بار پڑھے تو اس کے گناہ اگر ریت کے ذروں کے برابر بھی ہوں تب بھی اللہ پاک اپنی قدرتِ کاملہ سے معاف فرما دے گا۔(14)

ذو الحج کی دوسری رات بعد نمازِ عشا   چار رکعت دو سلام سے اس طرح پڑھئے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد آیۃ الکرسی، سورۂ اخلاص،سورۂ فلق اور سورۂ ناس3،3بار پڑھئے، بعدِ سلام 11مرتبہ درودِ پاک پڑھ کر ہاتھ اٹھا کر یہ پڑھئے:

سُبْحَانَ ذِی الْعِزَّۃِ وَالْجَبَرُوْتِ سُبْحَانَ ذِی الْقُدْرَۃِ وَ الْمَلَکُوْتِ سُبْحَانَ الْحَیِّ الَّذِی لَا یَمُوْتُ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ هُو يُحْیِیْ وَ یُمِیْتُ وَ ھُوَ حَيٌّ لَّا یَمُوْتُ سُبْحَانَ اللهِ رَبُّ الْعِبَادِ وَ الْبِلَادِ وَ الْحَمْدُ لِلهِ کثیراً طَيِّبًا مُبَارَکًا عَلٰی کُلٍ حَالٍ اللهُ اَکْبَرُ كَبِیْراً رَبَّنَا وَ جَلَالَهُ وَ قُدْرَتَہُ بِکُلِّ مَکَانٍ۔

پھر 11مرتبہ درود شریف پڑھ کر بارگاہِ الٰہی میں جو بھی دعا مانگی جائے گی ان شاء اللہ قبول ہوگی۔(15)

ذو الحج کے پہلے جمعہ کو بعد نمازِ جمعہ 6 رکعت نماز 3 سلام سے اس طرح پڑھئے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص 15، 15 بار پڑھئے،بعد سلام 10 مرتبہ یہ کلمات پڑھئے: لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ الْمَلِکُ الْحَقُّ الْمُبِیْنْ۔اول و آخر 11 مرتبہ درودِ پاک پڑھ کر نماز کی قبولیت اور بخششِ گناہ کے لئے دعا کیجئے تو اللہ پاک اپنی قدرتِ کاملہ سے گناہ معاف کر کے داخلِ جنت فرمائے گا۔(16)

مختلف دنوں کے وظائف:

بعد نمازِ فجر یا ظہر 100- 100 مرتبہ ذو الحج کی 1اور 6 تاریخ کو یہ کلمات پڑھئے:

لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَحْدَہُ لَا شَرِیْکَ لَہُ لَہُ الْمُلْکُ وَ لَہُ الْحَمْدُ یُحْیِ وَ یُمِیْتُ وَ ھُوَ حَیَّ لَا  یَمُوْتُ بِیَدِہِ الْخَیْرْ وَ ھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ۔(17)

جبکہ2 اور7تاریخ کو یہ کلمات پڑھیں:

اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّااللہُ وَحْدَہُ لَا شَرِیْکَ لَہُ اِلٰہً وَاحِدًا اَحَدًا صَمَدًا فَرْدًا وِتْرًا وَلَمْ یَتَّخِذْ صَاحِبًا وَلَا وَلَدًا۔

3اور8تاریخ کو یہ کلمات پڑھئے:

اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَحْدَہٗ لَاشَرِیْکَ لَہٗ اَحَدًا صَمَدًا لَمْ یَلِدْ وَ لَمْ یُوۡلَدْ وَ لَمْ یَکُنۡ لَّہٗ کُفُوًا اَحَدٌ۔

4اور9تاریخ کو یہ کلمات پڑھئے:

اَشْھَدُ اَنْ  لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَحْدَہُ لَا شَرِ یْکَ لَہٗ لَہُ الْمَلْکُ وَ لَہُ الْحَمْدُ یُحْیِیْ وَ یُمِیْتُ وَ ھُوَ حَیٌّ لَّا یَمُوْتُ بِیَدِہِ الْخَیْرِ وَ ھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِ یرٌ۔

5اور0تاریخ کو یہ کلمات

حَسْبِیَ اللہُ وَ کَفٰی سَمِعَ اللہُ لِمَنْ دَعَا لَیْسَ وَرَاءَ لِلّٰہِ الْمُنْتَہیٰ سُبْحَانَ لَمْ یَزَلْ کَرِیْمًا وَلَا یَزَالُ رَحِیْمًا

پڑھنا نہایت ہی مؤثر ہے، ان کلمات کو پڑھنے سے بے شمار عبادتِ الٰہی کا ثواب عطا ہوگا، 10 ہزار نیکیاں نامہ اعمال میں لکھی جائیں گی، 10 ہزار برائیاں مٹا دی جائیں گی، بے شمار فرشتے دعائے رحمت کریں گے اور عمل نیک ہوں گے۔(18)

ایک روایت کے مطابق جو ذو الحجۃ الحرام کی آٹھویں، نویں اور دسویں رات میں شب بیداری کرے تو اس کے لئے جنت واجب ہو جاتی ہے۔(19)جس نے یومِ تَرْوِیَہ(یعنی 8 ذو الحج)کا روزہ رکھا اللہ پاک اسے حضرت ایوب علیہ السلام کے مصائب پر صبر کرنے کے برابر ثواب عطا فرمائے گا اور جس نے یومِ عرفہ (یعنی 9ذو الحج)کا روزہ رکھا اللہ پاک اسے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے برابر ثواب عطا فرمائے گا۔(20)

شبِ ترویہ کے نوافل:

ذو الحج کی آٹھویں رات بعد نمازِ عشا  16 رکعت نماز 8 سلام سے پڑھئے، ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد آیۃ الکرسی ایک ایک بار اور سورۂ ا خلاص 15، 15 بار پڑھئے، اس نماز کا بے انتہا ثواب ہے اور یہ نماز بہت افضل ہے۔(21)

یومِ ترویہ کے نفل:

ذو الحج کی 8تاریخ بعد نمازِ ظہر  6رکعت نماز 3 سلام سے پڑھئے،پہلی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ عصر ،دوسری میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ قریش، تیسری میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ کافرون، چوتھی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ نصر ایک ایک بار، جبکہ پانچویں اور چھٹی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص تین تین بار پڑھئے ان شاء اللہ بے شمار عبادت کا ثواب ملے گا۔(22)

شبِ عرفہ کے نوافل:

ذو الحج کی نویں رات کو بعد نمازِ عشا 100 رکعت نماز  50 سلام سے پڑھئے، ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص ایک ایک بار پڑھئے تو اللہ پاک پچھلے تمام گناہ معاف فرما کر مغفرت فرمائے گا۔(23)

یومِ عرفہ کا روزہ:

عرفہ  کے دن کا روزہ رکھنے کی برکت سے دو سال کے گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔(24) اُمُّ المومنین سیدہ عائشہ رضی اللہُ عنہا سے مروی روایت کے مطابق عرفہ کا روزہ ایک ہزار دن کے روزوں کی طرح ہے۔(25)

یومِ عرفہ کے نوافل:

ذو الحج کی  9 تاریخ  کو نمازِ ظہر اور عصر کے درمیان 4 رکعت نماز ایک سلام سے پڑھئے،ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص 50، 50 بار اور سلام کے بعد 1000 بار پڑھئے تو اللہ پاک اس نماز کا ثواب اس قدر عطا فرمائے گا کہ کوئی اندازہ نہیں لگا سکتا۔(26)

عرفہ کے دن کی دعائیں اور وظائف:

*حضور عرفہ کے دن کثرت سے یہ دعا پڑھتے تھے:

لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَحْدَہُ لَا شَرِیْکَ لَہُ لَہُ الْمُلْکُ وَ لَہُ الْحَمْدُ بِیَدِہِ الْخَیْرُ وَ ھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ۔ (27)

*حضرت علی رضی اللہُ عنہ سے مروی ہے کہ زمین میں کوئی ایسا دن نہیں گزرتا کہ جس میں اللہ پاک اپنے بندوں کو جہنم سے آزاد نہ فرماتا ہو اور سب سے زیادہ عرفہ کے دن لوگوں کو جہنم سے آزاد کیا جاتا ہے۔لہٰذا تم اس میں کثرت سے یہ دعا کیا کرو:

اَللّٰھُمَّ اَعْتِقْ رَقَبَتِی مِنَ النَّارِ وَ اَوْسِعْ لِیْ مِنَ الرِّزْقِ الْحَلَالِ وَ اصْرِفْ عَنِّی فَسَقَۃَ الْجِنِّ وَ الْاِنْسِ۔(28)

*بعد نمازِ فجر یہ دعا چند مرتبہ پڑھئے:

یَا ذَخِیْرِی یَا ذَخِیْرَتِی یَا مُمِدَّنِی عِنْدَ شِدَّتِی یَا رِجَآئِی عِنْدَ مُصِیْبَتِی یَا غِیَاثِی عِنْدَ نَاقَتِی یا اُنْسِی فِی وَحْدَتِی یَا رَحْمَتِی فِی وَقَّتِی یَا دَلِیْلِی فِی حَیْرَتِی بِکَ التَّوْفِیْقُ۔

اللہ پاک اس دعا کے پڑھنے والے کو ہزار نیکیاں عطا فرماتا ہے، اس کے ہزار درجے جنت میں بلند کرتا ہے اور اس کی ہر حاجت پوری فرماتا ہے۔(29)

حج:

 ہر سال ذو الحج کی 8 سے 12 تاریخ کو مکہ مکرمہ میں حج ہوتا ہے۔ جس کے متعلق مروی ہے کہ حج گناہوں کو اس طرح دھو دیتا ہے جیسے پانی میل کو دھو دیتا ہے۔(30)

10ذو الحج:

 جو کوئی  10ذو الحج کی رات 12رکعت اس طرح پڑھے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد آیۃ الکرسی ایک بار اور سورۂ اخلاص  5 بار پڑھے تو اللہ پاک اس کے تمام(صغیرہ) گناہ معاف فرما دے گا۔(31)جبکہ اس مہینے کی 10سے 12 تاریخ تک مسلمان قربانی کرتے ہیں۔کیونکہ ایک روایت میں ہے: انسان بقر عید کے دن کوئی ایسی نیکی نہیں کرتا جو اللہ پاک کو(جانور کا)خون بہانے سے زیادہ پیاری ہو۔(32)

ماہِ ذو الحج کی ہر رات پڑھی جانے والی نماز:

جو کوئی ذو الحجۃ الحرام کی ہر رات وتر کے بعد دو رکعت نماز اس طرح پڑھے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ کوثر اور سورۂ اخلاص ایک ایک بار پڑھے تو اللہ پاک اس کے بدن کے ہر بال کے بدلے دس نیکیاں عطا فرمائے گا، ایک لاکھ دینار صدقہ کرنے اور 7 غلام آزاد کرنے کا ثواب عطا فرمائے گا۔(33)

الغرض یہ پورا مہینا رحمتوں اور برکتوں سے بھرپور ہے۔ لہٰذا ہمیں اس مہینے کے ہر لمحے کی قدر کرنی چاہیے۔ اللہ پاک ہمیں اس مقدس مہینے کی قدر نصیب فرمائے۔

آمین  بجاہِ النبی الامین صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* شعبہ ذمہ دار ماہنامہ خواتین



1 بہار شریعت،2/974،حصہ:5

2 تفسیر خازن، 4/374

3 مدنی پنج سورہ، ص350

4 ترمذی، 2/191، حدیث:757

5 شعب الایمان، 3/356، حدیث:3758

6 مسند امام احمد، 9/324، حدیث:5446

7 نسائی، ص 395، حدیث:2413  ملتقطاً

8 ترمذی، 2/192، حدیث:758

9 غنیۃ الطالبین، 2/40

10 اسلامی مہینوں کے فضائل و مسائل، ص 188

11 اسلامی مہینوں کے فضائل و مسائل، ص188

12 اسلامی مہینوں کے فضائل و مسائل، ص185

13 اسلامی مہینوں کے فضائل و مسائل، ص185

14 اسلامی مہینوں کے فضائل و مسائل، ص185

15 اسلامی مہینوں کے فضائل و مسائل، ص186

16 اسلامی مہینوں کے فضائل و مسائل، ص186

17 اسلامی مہینوں کے فضائل و مسائل، ص187

18 اسلامی مہینوں کے فضائل و مسائل، ص187

19 ترغیب و ترہیب، 2/ 98، حدیث:2

20 اسلامی مہینوں کے فضائل و مسائل، ص197

21 اسلامی مہینوں کے فضائل و مسائل، ص188

22 اسلامی مہینوں کے فضائل و مسائل، ص188

23  اسلامی مہینوں کے فضائل و مسائل، ص 189

24 ترغیب و ترہیب، 2/68، حدیث:4

25 شعب الایمان، 3/357، حدیث:3764

26 اسلامی مہینوں کے فضائل و مسائل، ص 189

27 مسند امام احمد، 4/492، حدیث:3235

28 لطائف المعارف، ص325

29 اسلامی مہینوں کے فضائل و مسائل، ص 189

30 معجم اوسط، 3/417، حدیث:4997

31 جواہر خمسہ، ص29

32 ترمذی، 3/162، حدیث:1498

33 جواہر خمسہ، ص28


Share