تاثرات و سفارشات
*محترمہ ام غزالی عطاریہ مدنیہ
ماہنامہ خواتین(ویب ایڈیشن) کے متعلق موصول تاثرات و تجاویز میں سے چند تاثرات و تجاویز ضروری ترمیم و اضافے کے بعد پیشِ خدمت ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بنتِ اکرم(حیدر آباد)
تاثرات:
ماہنامہ خواتین بہت دلچسپ ہے اور بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔خصوصاً سلسلہ پیغام بنتِ عطار،اسلام اور عورت، شرعی رہنمائی اور اخلاقیات۔
معلمہ جامعۃ المدینہ گرلز فیضِ مدینہ نارتھ کراچی
تاثرات:
دعوتِ اسلامی کے تحت شعبہ ماہنامہ خواتین کی جانب سے جاری کردہ ماہنامہ خواتین(ویب ایڈیشن) خواتین میں نیکی کی دعوت عام کرنے کے لئے بہترین اقدام ہے۔ جہاں اس کے سلسلے گناہوں،معاشرتی برائیوں اور قابلِ اصلاح معاملات میں دلیل کے ساتھ رہنمائی کرتے ہیں وہیں یہ سلسلے نیکیاں کمانے اور گناہوں سے بچنے کی ترغیب بھی دیتے ہیں۔ ویسے تو ماہنامہ خواتین کے تمام ہی سلسلے بہترین ہوتے ہیں لیکن اُمِّ میلاد باجی کا مضمون اس ماہنامے کی رونق ہے۔نیز سلسلہ حصولِ علمِ دین کی رکاوٹیں بھی بہت بہترین چل رہا ہے۔ اللہ کریم دعوتِ اسلامی کو مزید ترقیاں عطا فرمائے اور اس کے صدقے ہمیں استقامت کے ساتھ علمِ دین سیکھتی سکھاتی رہنے اور اس پہ عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
محترمہ بنتِ افضل عطاریہ مدنیہ
(معلمہ جامعۃ المدینہ گرلزیزمان بہاولپور)
تاثرات:
ماہنامہ خواتین(ویب ایڈیشن)کا آغاز کرنا دعوتِ اسلامی کا بہت اعلیٰ اقدام ہے، کیونکہ اس کے ذریعے تحریر و تصنیف کا شوق رکھنے والی خواتین کو اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا موقع مل رہا ہے۔الحمد للہ!ماہنامہ خواتین علمِ دین کی ترویج و اشاعت کے لیے کوشاں ہے اور اس ماہنامے کا ہر سلسلہ ہی لاجواب ہے،چنانچہ قرآنِ کریم کی تفسیر ہو یا احادیثِ مبارکہ کی شرح، فقہی احکام ہوں یا مدنی مذاکرہ، چاہے اشعارِ رضا کی عشق افروز شرح ہو یا معاشرتی و سماجی معاملات کی اصلاح کے لئے کاوشیں،الغرض ہر سلسلہ ہی اپنے اندر علم و حکمت اور دین و دنیا کی بہت سی بھلائیاں سمیٹے ہوئے ہوتا ہے۔ میں اُمِّ میلاد باجی کی تحریر بہت شوق سے پڑھتی ہوں۔کیونکہ ان کی شخصیت کی طرح ان کی تحریر بھی ما شاء اللہ پُرکشش ہوتی ہے۔
مشورہ:
الحمد للہ!ماہنامہ خواتین کی تمام رائٹرز اس منظم نیٹ ورک کے ذریعے بہت محنت سے نیکی کی دعوت کو پھیلانے کی سعادت حاصل کر رہی ہیں۔نیز شعبہ ماہنامہ خواتین کی بہت ساری محنت و مشقت کے بعد ایک رسالہ تیار ہوتا ہے۔لہٰذا مجلس ماہنامہ فیضانِ مدینہ کی خدمت میں عرض ہے کہ ماہنامہ خواتین(ویب ایڈیشن)کو ہارڈ کاپی یعنی کتابی شکل میں پرنٹ کیا جائے تاکہ ہر عام و خاص اس سے فائدہ اٹھا سکے اور اس کے لئے محنت کرنے والوں کی محنت کا بھی کماحقہ صلہ حاصل ہو سکے۔نیز ہم اسے اپنے گھر کی لائبریری کی زینت بھی بنا سکیں اور علم و حکمت کے اس خزانے کو تا دیر سلامت و محفوظ کیا جا سکے۔ہم امید کرتی ہیں کہ ہماری گزارش پہ توجہ دی جائے گی اور ان شاء اللہ جلد ہی ہمیں علمِ دین کے رنگ برنگے پھولوں سے سجا پیارا سا ماہنامہ خواتین کتابی شکل میں بھی عطا ہو گا۔
اس ماہنامے میں آپ کو کیا اچھا لگا! کیا مزید اچھا چاہتی ہیں!اپنے تاثرات(Feedback)، مشورے اور تجاویز اس ای میل ایڈریس mahnamahkhawateen@dawateislami.net پر یا وٹس ایپ نمبر 03486422931 پر تحریراً بھیج دیجئے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* شعبہ ذمہ دار ماہنامہ خواتین
Comments