سلسلہ: عبادات
موضوع: محرم الحرام کی عبادات
*محترمہ ام غزالی عطاریہ مدنیہ
حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہُ عنہ نے ارشاد فرمایا:یہ دن تمہاری زندگی کے صفحات ہیں،انہیں اچھے اعمال سے زینت بخشو۔([1])
یاد رکھئے!اللہ پاک نے دنوں اور مہینوں کی جو تقسیم فرمائی وہ بے مقصد نہیں ، الحمد للہ ہم مسلمان ہیں،ہمیں چاہئے کہ ہر لمحے،ہر گھڑی، بلکہ زندگی کی ہر سانس میں اپنے رب کا شکر ادا کریں،اس کی عبادت و اطاعت کریں تاکہ اس کا قرب پا کر اپنی فانی زندگی کو دوام بخش سکیں۔نیز زندگی بھر نیکیوں کی طرف مائل رہیں، بالخصوص فضیلت والے مہینوں،دنوں اور لمحات میں معمول سے بڑھ کر عملِ خیر کے لیے کوشش کریں کہ اللہ پاک کے آخری نبی صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم كا فرمان ہے: زندگی بھر خیر کی تلاش جاری رکھو اور اللہ پاک کی رحمت کے خوشبو دار جھونکوں کی جستجو کرتے رہو، بے شک اللہ پاک اپنی رحمت کے خوشبودار جھونکے اپنے بندوں میں سے جسے چاہتا ہے پہنچاتا ہے۔ ([2])
اللہ پاک نے 12 مہینے بنائے جن میں پہلا مہینا محرم الحرام ہے، یہ ماہ بہت عظمت و برکت والا ہے اور اس کے احترام کی وجہ سے اسے محرم کا نام دیا گیا ہے۔جبکہ محرم کو شَہْرُ اللہ([3]) اور شَہْرُ اللہِ الْاَصَمْ(اللہ پاک کا بہرا مہینا)([4]) بھی کہتے ہیں۔
اس ماہِ مبارک کی چند عبادات ملاحظہ فرمائیے:
ماہِ محرم کا چاند دیکھ کر پڑھنے کی دعا:
حضور عام طور پر جب بھی چاند دیکھتے تو یہ دعا پڑھتے:اَللّٰهُمَّ اَهْلِلْهُ عَلَيْنَا بِالْيُمْنِ وَ الْاِيمَانِ وَ السَّلَامَةِ وَ الْاِسْلَامِ رَبِّي وَ رَبُّكَ اللَّه۔([5])جبکہ ماہِ محرم کا چاند دیکھ کر کچھ دیگر دعائیں وغیرہ بھی منقول ہیں، مثلاً 4 مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھ کر اپنے اوپر دم کرنا بہت افضل ہے۔(٭)
اسی طرح جو محرم کی پہلی تاریخ کو یہ دعا پڑھے تو شیطان لعین سے محفوط رہے گا اور سارا سال دو فرشتے اس کی حفاظت پر معمور ہوں گے:اَللّٰہُمَّ اَنْتَ الْاَبَدِیُّ الْقَدِیْمُ وَ ہٰذِہٖ سَنَۃٌ جَدِیْدَۃٌ اَسْئَلُکَ فِیْہَا الْعِصْمَۃَ مِنَ الشَّیْطٰنِ وَ اَوْلِیَائِہٖ وَ الْعَوْنَ عَلٰی ہٰذِہِ النَّفْسِ الْاَمَّارَۃِ بِالسُّو ْءِ وَ الْاِشْتِغَالَ بِمَا یُقَرِّبُنِی اِلَیْکَ یَا کَرِیْمُ۔ ([6])
اسی طرح یہ دعا بھی پڑھی جا سکتی ہے:مَرْحَبًا بِالسَّنَۃِ الْجَدِیْدِ وَ الشَّھْرِ الْجَدِیْدِ وَ الْیَوْمِ الْجَدِیْدِ وَ السَّاعَۃِ الْجَدِیْدِ مَرْحَبًا بِالْکَاتِبَیْنِ الشَّاھِدَیْنِ اَکْتَبَا فِی صَحِیْفَتِی بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَحْدَہ لَا شَرِیْکَ لَہ وَ اَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہ وَرَسُوْلُہ وَاَنَّ الْجَنَّۃَ حَقٌّ وَ النَّارَ حَقٌّ وَ اَنَّ السَّاعَۃَ اٰتِیَۃٌ لَّارَیْبَ فِیْھَا وَ اَنَّ اللہَ یَبْعَثُ مَنْ فِیْ القُبُوْر۔([7])
محرم الحرام کی پہلی رات نمازِ عشا کے بعد کے نوافل
(1)8 رکعت نماز 4 سلام سے پڑھئے اور ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص 10،10 مرتبہ پڑھئے تو اس نماز کی برکت سے روزِ حشر اللہ پاک یہ نماز پڑھنے والوں اور اس کے گھر والوں کی بخشش فرمائے گا۔(٭)
(2)6 رکعت تین سلام سے پڑھئے،ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص 7،7 بار پڑھئے،اللہ پاک کی طرف سے یہ نماز پڑھنے والوں کو بے شمار نمازوں کا ثواب ملے گا۔(٭)
(3) 4 رکعت نماز دو سلام سے پڑھئے اور سورۂ فاتحہ کے بعد ہر رکعت میں سورۂ اخلاص 11 ،11 بار پڑھئے اور بعدِ سلام یہ دعا پڑھئے:سُبُّوْحٌ قُدُّوْسٌ رَّبُّنَا وَ رَبُّ الْمَلٰئِکَۃِ وَ الرُّوْحْ۔یہ نماز پڑھنے سے بے شمار عبادات کا ثواب عطا کیا جائے گا۔(٭)
(4) 6 رکعت نماز 3 سلام سے پڑھئے،ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد آیۃ الکرسی 1،1 بار اور سورۂ اخلاص 15،15 بار پڑھئے،یہ نماز پڑھنے والوں کو اللہ پاک 1000 نمازوں کا ثواب عطا فرمائے گا۔(٭)
محرم الحرام کے وظائف
پہلی محرم الحرام حضرت عمر فاروقِ اعظم رضی اللہُ عنہ کی شہادت کا دن ہے،لہٰذا اس دن آپ کے ایصالِ ثواب کا اہتمام کیجئے۔نیز امیرِ اہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ کے رسالےکراماتِ فاروقِ اعظم کا مطالعہ کیجئے تاکہ آپ کی سیرت کی خوشبو دل و دماغ کو معطر کرسکے۔
پہلی محرم الحرام
کو بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ 130 بار لکھ کر یا (لکھوا کر)جو کوئی اپنے پاس رکھے(یا پلاسٹک کوٹنگ کروا کر کپڑے، ریگزین یا چمڑے میں سلوا کر پہن لے،دھات کی ڈبیہ میں کسی قسم کا تعویذ نہ پہنے)ان شاء اللہ عمر بھر اس کو یا اس کے گھر میں کسی کو برائی نہ پہنچے۔([8]) حضرت شاہ کلیمُ اللہ شاہ جہاں آبادی رحمۃ اللہِ علیہ فرماتے ہیں:جو کوئی 12 مرتبہ یہ دعا سُبْحٰنَ اللّٰہِ مِلْءَ الْمِیْزَانِ وَ مُنْتَھَی الْعِلْمِ وَ مَبْلَغَ الرِّضا وَ زِنَۃَ الْعَرْشِ لَا مَلْجَأَ وَ لَا مَنْجَا مِنَ اللّٰہِ اِلَّا اِلَیْہِ،سُبْحٰنَ اللّٰہِ عَدَدَ الشَّفْعِ وَ الْوَتْرِ وَ عَدَدَ کَلِمَاتِ اللّٰہِ التَّآمَّاتِ کُلِّہَا اَسْاَلُہُ السَّلَامَۃَ بِرَحْمَتِہٖ وَ لَا حَوْلَ وَ لَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیْمِ وَ ہُوَ حَسْبِیْ وَ نِعْمَ الْوَکِیْلُ نِعْمَ الْمَوْلٰی وَ نِعْمَ النَّصِیرُ وَ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی خَیْرِ خَلْقِہٖ مُحَمَّدٍ وَّ اٰلِہٖ وَ اَصْحَابِہٖ اَجْمَعِیْن پڑھ کر پانی پر دم کرکے پی لے تمام تکلیفوں اور آفتوں سے اللہ پاک کی حفاظت میں رہے۔ ([9])
محرم کی پہلی رات سے عاشورہ تک روزانہ بعد نمازِ عشا:
100 مرتبہ کلمۂ توحید(چوتھا کلمہ)پڑھنا بخششِ گناہ کے لئے بہت افضل ہے۔(٭) اور ایک قول کے مطابق اول آخر درود پاک 100 مرتبہ یہ دعا پڑھنی افضل ہے:بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ اَللّٰھُمَّ لَا مَانِعَ لِمَا اَعْطَیْتَ وَ لَا مُعْطِیَ لِمَا مَنَعْتَ وَلَا رَدًا لِمَا قَضَیْتَ وَ لَا یَنْفَعُ ذُو الْجَدِّ مِنْکَ الْجَدُّ۔(٭)
یومِ عاشورہ کسی بھی وقت با وضو ہو کر:
جو کوئی یہ وظیفہ پڑھے اللہ پاک اس کے تمام(چھوٹے)گناہ بخش دے گا:لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ الْعَلِیُّ الْعَظِیْمُ،لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ الْحَکِیْمُ الْکَرِیْمُ سُبْحٰنَ اللہِ رَبِّ السَّمٰوٰتِ السَّبْعِ وَ رَبِّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ ۔(٭)اور ایک قول کے مطابق 70 مرتبہ حَسْبِیَ اللہُ وَ نِعْمَ الْوَکِیْلُ پڑھنا؛مغفرتِ گناہ کے لئے بہت افضل ہے۔(٭)حضرت علی رضی اللہُ عنہ کے فرمان کے مطابق جو عاشورہ کے دن 1000 مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھے تو اللہ پاک اس کی طرف نظر فرمائے گا اور جس کی طرف نظر فرمائے گا اسے کبھی عذاب نہیں دے گا۔ ([10])
محرم الحرام کے نوافل
پہلے دن کے نوافل:
پہلی محرم کے دن سورج نکلنے کے(20 منٹ ) بعد 2 رکعت نماز نفل پڑھئے،پھر بعدِ سلام 7 مرتبہ کلمہ طیبہ اور ہاتھ اٹھا کر 3 بار یہ دعا پڑھئے:اَللّٰھُمَّ اَنْتَ اللہُ الْاَ بَدُ الْقَدِیْمُ وَ ھٰذِہٖ سَنَۃٌ جَدِیْدَۃٌ اَسْئَلُکَ فِیْھَا الْعِصْمَۃَ مِنَ الشَّیْطَانِ وَ الْعَوْنَ عَلَی النَّفْسِ الْاَمَّارَۃِ بِالسُّوْ ءِ وَ اَسْئَلُکَ الْاِشْتِغَالَ بِمَایُقَرِّبُنِی اِلَیْکَ یَا کَرِیْمُ یَاذَاالْجَلَالِ وَالْاِکْرَامِ۔یہ عمل کرنے والی پر اللہ پاک ایک فرشتہ مقرر فرمادے گا جو نیک کام کرنے میں اس کی مدد کرے گا اور شیطان پورے سال کے لئے اس سے نا اُمید ہو جائے گا۔ ([11])
محرم الحرام کے روزے
ماہِ رمضان کے بعد سب سے افضل اللہ پاک کے مہینے محرم کے روزے ہیں۔ ([12]) بلکہ محرم میں ایک دن کا روزہ ایک ماہ کے روزوں کے برابر ہے۔([13]) حضور نبی کریم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے عاشورہ کے دن خود بھی روزہ رکھا اور اس کے رکھنے کا حکم بھی ارشاد فرمایا۔ ([14]) البتہ! جو عاشورہ کے دن روزہ رکھنا چاہے تو اسے چاہیے کہ وہ 9 اور 11 محرم کا بھی روزہ رکھے جیسا کہ ایک روایت میں ہے:عاشورہ کے دن کا روزہ رکھو اور اس میں یہودیوں کی مخالفت کرو،اس سے پہلے یا بعد میں بھی ایک دن کا روزہ رکھو۔ ([15]) یاد رکھئے!ایک روایت کے مطابق عاشورہ کا روزہ ایک سال پہلے کے گناہ مٹا دیتا ہے۔ ([16])
یومِ عاشورہ کے چند اعمال
حضرت علامہ ابنِ جوزی رحمۃ اللہِ علیہ فرماتے ہیں:10 محرم بہت عظمت والا دن ہے۔لہٰذا مناسب ہے کہ جس قدر ممکن ہو اچھے کام کئے جائیں۔ ([17]) جو یومِ عاشورہ اِثْمِد سرمہ آنکھوں میں لگائے تو اس کی آنکھیں کبھی بھی نہ دکھیں گی۔ ([18])
ایک روایت کے مطابق جو دسویں محرم کو اپنے بال بچوں کے خرچ میں کشادگی کرے تو اللہ پاک سارا سال اسے کشادگی دے گا۔ حضرت سفیان ثوری رحمۃ اللہِ علیہ فرماتے ہیں: ہم نے اس حدیث کا تجربہ کیا تو ایسا ہی پایا۔ ([19]) حکیمُ الاُمّت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہِ علیہ فرماتے ہیں:بال بچوں کے لئے 10 محرم کو اچھے اچھے کھانے پکائے تو ان شاء اللہ سال بھر تک برکت رہے گی۔بہتر یہ ہے کہ کھچڑا پکا کر حضرت شہیدِ کربلا امام حسین رضی اللہُ عنہ کی فاتحہ کریں بہت آزمایا ہوا ہے۔ اس تاریخ کو غسل کرے تو تمام سال ان شاء اللہ بیماریوں سے امن رہے گا کیونکہ اس دن آبِ زم زم پانیوں میں پہنچتا ہے۔([20]) اسی حدیث کے تحت ایک اور مقام پر فرماتے ہیں:مسلمان عاشورہ کے دن کھچڑا پکاتے ہیں،اس کا ماخذ(اصل)یہ حدیث ہے کیونکہ کھچڑے میں ہر کھانا ہوتا ہے،گندم،گوشت اور دالیں چاول وغیرہ تو ان شاء اﷲ کھچڑا پکانے والے کے گھر ان تمام کھانوں میں برکت ہوگی۔حضرت سفیان رحمۃ اللہِ علیہ کے قول کی وضاحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں:یہ حدیث ہمارے اور ہمارے ساتھیوں کے تجربہ میں آئی ہے واقعی اس عمل سے برکت ہوتی ہے۔لہٰذا یہ حدیث قوی ہے۔خیال رہے کہ تجربہ سے بھی حدیث کو تقویت پہنچتی ہے اس لیے محدثین حدیث کی توثیق کے لیے کبھی اپنے تجربہ کا ذکر کر دیتے ہیں ،یہاں بھی ایسا ہی ہے۔ ([21])
عاشورہ کی رات کے نوافل
(ذیل میں بیان کردہ نوافل دو دو کر کے پڑھئے)
٭4 نفلوں کی ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد آیۃ الکرسی 1 بار اور سورۂ اخلاص3،3 بار پڑھئے۔پھر نماز کے بعد 100 مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھئے، اس کی برکت سے گناہوں سے پاکی اور جنت میں بے انتہا نعمتیں ملیں گی۔ ([22])
٭4 نوافل کی ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد آیۃ الکرسی 3،3 بار اور سورۂ اخلاص 10،10 بار پڑھئے،پھر بعدِ سلام سورۂ اخلاص 100 مرتبہ پڑھ کر گناہوں سے توبہ اور اللہ پاک سے بخشش طلب کیجئے تو اللہ پاک اپنی رحمت سے تمام(صغیرہ)گناہ معاف فرمادے گا۔(٭)
٭4 نوافل کی ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد آیۃ الکرسی اور سورۂ اخلاص 3،3 بار مرتبہ پڑھئے۔بعدِ سلام سورۂ اخلاص 100 بار پڑھئے ان شاء اللہ جنت میں ہر قسم کی نعمت عطا ہو گی۔(٭)
٭4 نوافل کی ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص 5،5 مرتبہ پڑھنا گناہوں کی بخشش کے لئے افضل ہے اور اللہ پاک تمام (صغیرہ )گناہ بھی معاف فرما دے گا۔(٭)
٭8 نوافل کی ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص 25،25 مرتبہ پڑھئے،پھر بعدِ سلام 70 مرتبہ درودِ پاک اور 70 مرتبہ استغفار پڑھ کر دعائے مغفرت کیجئے تو اللہ پاک قبر کو روشن کر کے عذابِ قبر سے محفوظ رکھے گا اور بروزِ قیامت بخش دے گا۔(٭)
٭100 نوافل کی ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص 3،3 بار پڑھئے اور سلام کے بعد 70 مرتبہ تیسرا کلمہ پڑھ کر اپنے گناہوں سے توبہ کیجئے تو اللہ پاک اپنی رحمت سے گناہ معاف فرما کر بخشش فرمائے گا اگرچہ گناہ ریت کے ذروں کے برابر ہوں۔(٭)
عاشورہ کے دن کے نوافل
اشراق کے وقت 2 نفل پڑھ کر سلام کے بعد ایک مرتبہ یہ دعا پڑھئے:بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ یَا اَوَّلَ الْاَوَّلِیْنَ یَا اٰخِرَ الْاٰخِرِیْنَ لَا اِلٰہَ اِلَّا اَنْتَ خَلَقْتَ مَا خَلَقْتَ فِی مِثْلِ ھٰذَا الْیَوْمِ وَ تَخْلُقُ اٰخَرَ مَا تَخْلُقُ فِی مِثْلِ ھٰذَا الْیَوْمِ اَعْطِنِی فِیْہِ خَیْرًا مَّا اَوْلَیْتَ فِیْہِ اَنْبِیَاءَکَ وَاَصْفِیَاءَکَ مِنْ ثَوَابِ الْبَلَایَا وَاَسْھِمْ بِیْ مِثْلَ مَا اَعْطَیْتَ فِیْہِ مِنَ الْکَرَامَۃِ بِحَقِّ مُحَمَّدٍ عَلَیْہِ السَّلَامُ بارگاہِ الٰہی سے بے شمار عبادت کا ثواب عطا ہوگا۔(٭)
نمازِ ظہر سے پہلے غسل کر کے 4 رکعت نماز ایک سلام سے پڑھئے،پہلی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ بَیِّنَہ اور سورۂ کافرون 1،1 بار،دوسری رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ بَیِّنَہ دو بار اور سورۂ اخلاص ایک بار،تیسری رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ بَیِّنَہ تین بار اور سورۂ فلق ایک بار، چوتھی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ بَیِّنَہ چار بار اورسورۂ ناس ایک بار پڑھئے۔پھر سلام پھیر کر نماز سے باہر آ جائیے۔ اب تین مرتبہ درودِ پاک،تین مرتبہ استغفار،ایک مرتبہ سورۂ فاتحہ اورتین مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھ کر سجدے میں سر رکھ کر تیسرا کلمہ تین بار پڑھئے،اس کے بعد جو دعا مانگی جائے گی ان شاء اللہ قبول ہوگی۔(٭)
(نوٹ: اس مضمون کی تیاری میں مکتبۃ المدینہ کی کتاب اسلامی مہینوں کے فضائل و مسائل سے کافی مدد لی گئی ہے، لہٰذا جس عبارت کے آخر میں (٭) لکھا ہے، وہ عبارت اس کتاب کے صفحات 11 تا 29 سے لی گئی ہے)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* شعبہ ذمہ دار ماہنامہ خواتین
خوشخبری
ان شاء اللہ جلد آ رہا ہے ماہنامہ خواتین کا خصوصی شمارہ بنام
سیرت نمبر
یہ سیرت نمبر خواتین کے لیے نبی اکرم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کی حیاتِ طیبہ سے چُنے گئے ایسے حسین مدنی پھولوں کا گلدستہ ہے، جن کی مہک سے اُن کی زندگیاں گل و گلزار ہو جائیں گی۔گھریلو زندگی ہو یا معاشرتی کردار،سیرتِ طیبہ ہر شعبے میں آپ کی معاونت کرے گی۔ اپنی بچیوں،بہنوں اور ماؤں کو سیرتِ طیبہ سے روشناس کروائیے کہ خواتین کے تمام مسائل اور سوالات کا حل سیرتِ طیبہ میں موجود ہے۔یہ سیرت نمبر آپ کو سیرت کے عملی پہلوؤں سے آگاہ کرے گا۔ اپنی ذات اور گھرانے میں سیرتِ طیبہ کی خوشبو پھیلائیے۔یہ سیرت نمبر آپ کو سیرت کے انمول سبق سکھائے گا۔سیرتِ طیبہ کی روشنی میں اپنی شخصیت کو نکھارئیے۔یہ سیرت نمبر آپ کو ایک باوقار اور پُرعزم خاتون بنائے گا۔
سیرت نمبر کے چند عناوین کے نام:
· حضور بحیثیتِ محسنِ نسواں
· حضور نے خواتین کو کن کاموں سے اور کیوں روکا؟
· خواتین کے سوالات اور حضور کے جوابات
· عورت کی مستحکم معاشی حیثیت تعلیماتِ رسول کی روشنی میں
[1] انمول ہیرے،ص16
[2] شعب الایمان،2/42،حدیث:1121
[3] مسلم،ص456،حدیث:2755
[4] لطائف المعارف،ص35
[5] ترمذی،5/281، حدیث:3462
[6] فضائل الایام و الشہور، ص266
[7] لطائف اشرفی،2/226
[8] فیضان سنت، 1/136
[9]مرقع کلیمی،ص188،187
[10]حاشیہ النور فی فضائل الایام و الشہور،ص124
[11]جواہر خمسہ،ص18
[12]مسلم،ص456،حدیث:2755
[13]معجم صغیر،2/71
[14]بخاری،1/656،حدیث:2004
[15]مسند امام احمد،4 /52، حدیث: 2154
[16]مسلم،ص454،حدیث:2746
[17]التبصرۃ لابن جوزی،2/8
[18]شعب الایمان،3/367،حدیث:3797
[19]مشکاۃ المصابیح،1/365،حدیث:1926
[20] اسلامی زندگی،ص131
[21]مراٰۃ المناجیح،3 / 115
[22]جنتی زیور، ص157ملخصاً
Comments