اسلامی بہنوں کی مدنی خبریں
ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن

اسلامی بہنوں  کی  مدنی خبریں

اسلام آباد کے جامعۃ المدینہ، G-7 میں اہم تربیتی سیشن

صاحبزادیِ عطار  کی خصوصی شرکت و بیان

10 جولائی 2025 کو اسلام آباد کے جامعۃ المدینہ، G-7 میں اسلامی بہنوں کے لئے ایک اہم تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ دوپہر 4 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہنے والے اس پروگرام میں صاحبزادیِ عطار سلمہا الغفار  نے خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر نگرانِ اسلام آباد سٹی و مشاورت،زون نگران یوسی و سیکٹر نگران اسلامی بہنیں بھی موجود تھیں۔صاحبزادیِ عطار سلمہا الغفار  نے بیان کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ذمہ دار اسلامی بہن میں نرمی،اخلاص اور نیکی کی دعوت دینے کا حوصلہ ہونا چاہئے۔اس کے علاوہ انہوں نے بے پردگی اور بے حیائی سے بچاؤ،نیک اعمال اپنانے اور اپنے لئے بہتر نعم البدل تیار کرنے پر زور دیا۔اس دوران نگرانِ پاکستان مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے سلائیڈز کے ذریعے دینی کاموں کی کارکردگی پر رہنمائی کی اور آئندہ کے اہداف مقرر کئے۔آخر میں تمام شعبہ جات کو دینی کاموں کو بڑھانے کی ترغیب دی گئی جس پر اسلامی بہنوں نے مزید دینی سرگرمیوں  میں حصہ لینے کا بھرپور عزم کیا۔

شعبہ روحانی علاج کے تحت  ٹریننگ سیشن کا انعقاد

رکنِ عالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے تربیتی بیان کیا

4 جولائی 2025 کو دعوتِ اسلامی کے شعبہ روحانی علاج للبنات کے تحت ذمہ داران کی تربیت کے لئے ایک اہم آن لائن نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی اور شہر سطح کی ذمہ دار اسلامی بہنیں شریک ہوئیں۔نشست کا آغاز رکنِ عالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہن کے تربیتی بیان سے ہوا جنہوں نے ذمہ داران کو شعبے کی حالیہ کارکردگی اور مستقبل کے اہداف کے حوالے سے اہم نکات بتائے۔انہوں نے شعبے کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور اسلامی بہنوں کو دینی کاموں میں حصہ لینے کی ترغیب دینے پر زور دیا۔اس موقع پر کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر صوبوں کے لئے فزیکل سیشنز کے اہداف مقرر کئے گئے جبکہ دیگر صوبوں کے لئے آن لائن سیشنز کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

کراچی یونیورسٹی میں شعبہ تعلیم اسلامی بہنوں کے زیرِ اہتمام

نیکی کی دعوت کا سلسلہ

13 جولائی 2025 بروز ہفتہ،کراچی یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کی خواتین اساتذہ اور فیکلٹی ممبران کے درمیان شعبہ تعلیم اسلامی بہنوں کی جانب سے نیکی کی دعوت کا سلسلہ ہوا۔نیکی کی دعوت کے دوران شعبہ تعلیم کی ذمہ دار اسلامی بہنوں نے خواتین اساتذہ اور فیکلٹی ممبران کو شعبے کے تحت ہونے والے دینی کاموں،تعلیمی سرگرمیوں اور آئندہ کے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر شعبہ تعلیم کی کاوشوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے فیکلٹی ممبران نے اس کی اہمیت اور مثبت اثرات کو تسلیم کیا۔انہوں نے شعبے کی دینی سرگرمیوں کو مزید مضبوط بنانے اور اس میں بھرپور تعاون فراہم کرنے کا یقین دلاتے  واضح کیا کہ وہ شعبہ تعلیم کی جانب سے پیش کردہ دینی اور اخلاقی تربیت کے پروگراموں میں فعال کردار ادا کریں گی اور دینی اقدار کو اپنی تدریس اور کردار کا حصہ بنائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے نیکی کی دعوت  کے سلسلے چلتے رہنے چاہئیں کیوں کہ اس کے سبب  تعلیمی اداروں میں مثبت تبدیلی اور اخلاقی اقدار کے فروغ کے لئے ایک مثبت فضا قائم ہو گی۔   

لاہور سٹی میں شعبہ اصلاحِ اعمال کا ٹریننگ سیشن

دینی کاموں کے فروغ پر زور

11 اور 12 جولائی 2025 کو لاہور سٹی میں شعبہ اصلاحِ اعمال کے زیرِ اہتمام اسلامی بہنوں کا ایک ٹریننگ سیشن ہوا۔ سیشن میں لاہور سٹی،صوبہ پنجاب،سٹی،ڈویژن،ڈسٹرکٹ، تحصیل اور ٹاؤن سطح کی اسلامی بہنوں نے شرکت کی۔اس موقع پر شعبہ اصلاحِ اعمال کی عالمی سطح  کی ذمہ دار اسلامی بہن نے بذریعہ آن لائن شعبے کے حوالے سے تربیت فراہم کی اور اسلامی بہنوں کے سوالات کے جوابات دیئے۔پاکستان نگران اسلامی بہن نے فضول گوئی کے موضوع پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ  محشر کے دن ہم اپنا نامہ اعمال کس طرح پڑھ کر سنائیں گی، اگر فضول گفتگو سے بھرپور ہوگا!اس موقع پر شعبہ اصلاحِ اعمال پاکستان سطح ذمہ دار نے شعبے کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور دینی کاموں کو بڑھانے کے لئے تربیت فراہم کی۔ اس موقع پر سیشن میں شریک اسلامی بہنوں نے شعبے کے دینی کاموں کو مزید بڑھانے کی اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔

گلگت بلتستان کے شہر جٹیال میں

 ذمہ داران کے لئے ٹریننگ سیشن کا انعقاد

22 جون 2025 کو دوپہر  3:00 سے  5:00 بجے تک صوبہ گلگت بلتستان کے شہر جٹیال میں ایک ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔سیشن میں ذیلی حلقہ جات جٹیال،سلطان آباد،رحمان آباد اور سکور سے تقریباً  35 ذمہ دار اسلامی بہنوں نے شرکت کی۔   پاکستان مجلسِ مشاورت کی نگران اسلامی بہن نے”علمِ دین کے فضائل“کے موضوع پر خصوصی بیان کیا جس میں اسلامی بہنوں کی مختلف امور پر ذہن سازی کی گئی۔ اس میں شامل اہم نکات میں منسلک،معلمات اور مبلغات کی فہرست تیار کرنا، ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں شرکت،اجتماعات کو مضبوط بنانا،مدرسۃ المدینہ بالغات میں پڑھنا یا پڑھانا  اور نئی جگہوں پر دینی کام شروع کرنا شامل ہیں۔ تربیتی سیشن کے آخر میں نگران اور ذمہ دار اسلامی بہنوں نے پاکستان مجلسِ مشاورت کی نگران سے ملاقات کی۔ذمہ داران کی نمایاں کارکردگی پر حوصلہ افزائی کے لئے رسائل اور تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔ 

گوریکوٹ گلگت میں جامعۃ المدینہ گرلز کے تحت ردا پوشی اجتماع

مدنیہ اسلامی بہنوں کی ردا پوشی اور اسناد کی تقسیم کا سلسلہ ہوا

18 جون 2025 کو بدھ کے روز صوبہ گلگت کے شہر گوریکوٹ میں قائم جامعۃ المدینہ گرلز کے تحت ایک ردا پوشی اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں جامعۃ المدینہ کی طالبات، ان کے گھر کی اسلامی بہنوں اور ذمہ داران اسلامی بہنوں نے شرکت کی۔اس اجتماع میں پاکستان مجلسِ مشاورت کی نگران اسلامی بہن نے بذریعہ آڈیو لنک”علمِ دین کے فضائل“کے موضوع پر بیان کیا۔اس موقع پر جامعۃ المدینہ گرلز سے فارغ التحصیل 11 اسلامی بہنوں کی ردا پوشی ہوئی اور انہیں اسناد دیں گئیں۔  پاکستان مجلسِ مشاورت کی نگران اسلامی بہن نے بیان کرتے ہوئے طالبات کو آٹھ دینی کاموں میں عملی شرکت کی ترغیب دی  جس پر اجتماع میں موجود اسلامی بہنوں نے دینی کاموں میں مزید حصہ لینے،ہر بدھ کو ہونے والے سنتوں بھرے اجتماعات میں پابندی سے شرکت کرنے،مدرسۃ المدینہ بالغات میں پڑھنے پڑھانے اور نیکی کی دعوت دینے کا عزم ظاہر کیا۔

اسلامی بہنوں کی مزید مدنی خبریں جاننے کے لئے

اس ویب سائٹ کا وزٹ کیجئے

news.dawateislami.net


Share