درسِ نظامی (عالمہ) کورس کا تعارف
(اس سلسلے میں ہر ماہ اس شعبے سے متعلق مفید معلومات بیان کی جاتی ہیں۔)
علمِ دین کا حصول بے شک بہت بڑی سعادت اور افضل عبادت ہے ، کیونکہ ایک روایت کے مطابق: جو علم کی تلاش میں کسی راستے پر چلتاہے، اللہ پاک اس کے لئے جنت کا راستہ آسان فرما دیتا ہے اور بے شک فرشتے اس کے عمل سے خوش ہو کر اس کے لئے اپنے پر بچھا دیتے ہیں اور زمین وآسمان میں رہنے والے یہاں تک کہ پانی میں مچھلیاں اس کے لئے استغفار کرتی ہیں۔ ([1])
عالمہ کورس کی اہمیت بہت زیادہ ہے، خاص طور پر ان کے لیے جو دین کی گہری سمجھ، تبلیغ، تدریس میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
درسِ نظامی کورس ایک روایتی اسلامی تعلیمی نظام ہے ۔ اس کی اہمیت کئی پہلوؤں سے ہے،جن میں دینی،علمی،فکری اور معاشرتی پہلو شامل ہیں۔
درسِ نظامی وہ مبارک نصاب ہے جو صرف تعلیم نہیں بلکہ دین کی اصل روح اور اس کی عملی تطبیق سکھاتا ہے۔اس کے ذریعے طالبِ علم عربی گرامر، یعنی نحو و صرف اور ادب کے وہ اصول سیکھتا ہے جن کی بدولت قرآن و حدیث کو اصل زبان میں سمجھنا ممکن ہوتا ہے۔اس نصاب میں شامل مضامین مثلاً: منطق اور اصولِ فقہ ذہن کو منظم،دلیل کو مضبوط اور فکر کو استدلالی بناتے ہیں۔ساتھ ہی اس میں اخلاقیات، تزکیۂ نفس اور روحانیت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے، جو شخصیت کو نکھار کر اسے تقویٰ،صبر،اخلاص اور حسنِ اخلاق سے آراستہ کرتے ہیں۔بلا شبہ درسِ نظامی صرف ایک مضمون نہیں بلکہ کئی علوم کا حسین مجموعہ ہے۔یہ وہ علم ہے جو صرف کتابوں تک محدود نہیں رہتا بلکہ انسان کے کردار، گفتار اور عمل میں جھلکتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ درسِ نظامی کرنے والیاں نہ صرف دین کی محافظ بنتی ہیں بلکہ اسلام کی دعوت کو سمجھ،حکمت اور اخلاص کے ساتھ عام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔یہ نصاب یہ بھی سکھاتا ہے کہ علم کا اصل مقصد صرف جاننا نہیں بلکہ اسے عمل اور خدمت کے ذریعے ظاہر کرنا ہے۔
الحمدُ للہ!فیضان آن لائن اکیڈمی گرلز کنز المدارس بورڈ سے الحاق شدہ ہے،لہٰذا درس نظامی کرنے والی طالبات کنز المدارس بورڈ کے تحت امتحانات دیتے ہوئے MA Islamiyah کی ڈگری بھی حاصل کرسکتی ہیں۔
درسِ نظامی کورس مکمل کرنے کے بعد فارغ التحصیل طالبات دینِ اسلام کی ترویج و اشاعت میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل ہو جاتی ہیں۔ یہ کورس انہیں اس لائق بناتا ہے کہ وہ علمِ دین کو عام کرنے والی معلمات، مربیات اور داعیات بن سکیں،نیز آنے والی نسلوں تک قرآن و سنت کا نور منتقل کرنے کا ذریعہ بنیں۔
یہ کورس ہر اُس اسلامی بہن کے لیے موزوں ہے جو دین سیکھنے کا جذبہ اور طلبِ علم کا شوق رکھتی ہو۔
اہلیت کی بنیادی شرائط:*کم از کم مڈل پاس ہو۔*اسلامی تعلیم سے دلچسپی رکھتی ہو۔*پڑھنے اور سمجھنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔*اخلاق و آداب کی پاسداری کا جذبہ ہو۔*دین کو سیکھ کر عمل اور دعوت کا عزم رکھتی ہو۔
ایڈمیشن کے لئے رابطہ نمبر: 03139292992
[1] ابن ماجہ ، 1/ 146، حدیث: 223
Comments