طریقت کورس
ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن

موضوع:طریقت کورس

(ماہنامہ خواتین میں یہ ایک نیا سلسلہ شروع ہو رہا ہے، جس میں ہر ماہ اس شعبے سے متعلق مفید معلومات بیان کی جائیں گی۔)

دین کے راستے پر چلنا،نفس کا تزکیہ اور اپنی  اصلاح  کی کوشش کرنا ہر مسلمان کے لئے ضروری  ہے اور اس کے لئے لازم ہے  کہ سنت و شریعت کی پیروی کرنے والے کسی پیر سے بیعت  کی جائے تاکہ اس کے ذریعے سیدھے راستے پر راہ نمائی حاصل کرتے ہوئے اپنی  اصلاح  کی کوشش کی جا سکے۔پیر اسے بنایا جائے جو سنی اور درست عقیدے والا  ہو اور ایسے پیر کی پہچان، طریقت کے معاملات اور مریدی کےآداب جاننے  کے لئے یہ کورس نہایت مفید ہے۔

طریقت کے علم کا حصول ایک مسلمان کی روحانی زندگی میں نہایت اہم مقام رکھتا ہے۔ یہ علم انسان کو صرف عبادات کی ظاہری صورت نہیں بلکہ ان کی روح، مقصد اور گہرائی سے بھی روشناس کراتا ہے۔اس کورس کے ذریعے کئی فوائد حاصل ہوتے ہیں،مثلاً:

نفس کی اصلاح:

طریقت کا علم انسان کو نفس کی اصلاح، روحانی ترقی اور اللہ پاک کے قرب کا راستہ دکھاتا ہے۔یہ علم انسان کو اپنے نفس کی پہچان اور اس کی تربیت سکھاتا ہے۔نیز یہ علم انسان کو غرور،حسد،کینہ، اور دیگر روحانی بیماریوں سے بچنے کا طریقہ بتاتا ہے۔

قربِ الٰہی کا ذریعہ:

طریقت انسان کو اللہ پاک کی رضا اور قرب حاصل کرنے کے راستے دکھاتا ہے، نیز ذکر، مراقبہ  اور مجاہدہ جیسے اعمال کے ذریعے دل کو اللہ پاک کی طرف مائل کرنے کے طریقے بتاتا ہے۔

باطنی علم کی روشنی:

طریقت ظاہری علم کے ساتھ باطنی علم کو بھی اہمیت دیتا ہے،جو انسان کو حقیقت کی گہرائی تک پہنچاتا ہے۔یہ علم دل کی صفائی، نیت کی درستی اور روحانی بصیرت پیدا کرتا ہے۔

مرشد کی راہ نمائی:

طریقت میں مرشد کامل کی صحبت اور راہ نمائی بہت اہم ہوتی ہے، جو مرید کو صحیح راستے پر لے جاتی، گمراہی سے بچاتی اور روحانی ترقی میں مدد دیتی ہے۔

عبادات میں خشوع و خضوع:

طریقت انسان کو عبادات میں گہرائی اور روحانیت عطا کرتی ہے،جس سے نماز، روزہ اور دیگر عبادات میں حقیقی لطف آتا ہے۔

  • پیر پر اعتراض کرنا کیسا؟
  • نیک بندوں کی برکتیں
  • مرشد کے حقوق
  • مرید کو کیسا ہونا چاہیے؟
  • جامع شرائط پیر
  • بد مذہب کو استاد بنانا  
  • مرشدِ کامل کے آداب
  • سالک و مجذوب کے احکام

· نظر بندی کے واقعات    

کورس کرنے کے بعد آپ کس قابل ہو جائیں گی؟

اس کورس کو مکمل کرنے کے بعد جامع شرائط پیر کی پہچان حاصل ہونے کے ساتھ نیکیوں اور طریقت کے مزید مراحل طے کرنے کا جذبہ پیدا ہوگا۔

یہ چونکہ اردو زبان میں ہوتا ہے،لہٰذا یہ کورس کرنے کے لئے اردو زبان آنا اور کم از کم عمر 15 سال کا ہو نا انتہائی ضروری ہے۔


Share